(یہ صفحہ خواتین کے روزہ مرہ خاندانی اور ذاتی مسائل کے لیے وقف ہے۔ خواتین اپنے روز مرہ کے مشاہدات اور تجربات ضرور تحریر کریں۔ نیز صاف صاف اور صفحے کے ایک طرف مکمل لکھیں چاہے بے ربط ہی کیوں نہ لکھیں۔ ام اوراق)
چہرے کے دانے ‘ سیاہی مائل گردن
٭ میرے چہرے پر بہت دانے نکلتے ہیں جو ختم ہونے کے بعد داغ چھوڑ جاتے ہیں‘ میری جلد چکنی ہے‘ دوسری بات یہ کہ میری گردن سیاہی مائل ہے۔ ایک دن نہ صاف کروں تو برا حال ہوتا ہے۔ مجھے بتائیے میں کیا کروں۔ (ن ق ۔ رحیم یارخان)
جواب: اس دفعہ تین چار خط سیاہی مائل گردن کے بارے میں آئے ہیں۔چہرے پر دانے اس عمر میں نکل آتے ہیں۔ آپ گرمی کے موسم میں دودھ ‘ چھاچھ‘ دہی اور سبزیاں استعمال کیجئے۔ گوشت سے پرہیز کیجئے۔ حکیم کی دکان سے ایک پاﺅ گل منڈی لیجئے اور اس کے سولہ دانے آدھے گلاس پانی میں بھگو دیجئے۔ چھلنی میں پانی چھان کر ایک چمچ شہد ملا کر پی جائیے۔ شہد نہ ملے تو آپ عناب کا شربت ملا سکتی ہیں ورنہ منڈی کے ساتھ عناب کے سات دانے رات کو بھگو دیجئے اور تھوڑی سی چینی ملا کر صبح نہار منہ پیجئے۔ تین چار ہفتے پی کر دیکھئے آپ کا یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ سیاہی مائل گردن کےلئے آپ بازار سے کوئی کلیرنگ لوشن لے کر استعمال کر سکتی ہیں۔ دوچمچ دودھ لے کر اس میں ایک لیموں نچوڑئیے ‘ روئی پر یہ دودھ لگا کر اچھی طرح گردن صاف کیجئے۔ گردن کا میل آہستہ آہستہ اتر جائے گا۔ پھر آپ سادہ بیسن سے گردن صاف کر کے صابن سے دھو لیجئے۔ ایک ہفتہ میں فرق پڑ جائے گا۔ اپنی غذا سے تلی ہوئی چیزیں‘ پراٹھے‘ سموسے اور بازار کے برگر ‘ چپس وغیرہ نکال دیجئے۔ کھیرے‘ ٹماٹر اور پیاز کی سلاد روز کھائیے۔ دن میں ایک بار پانی میں لیموں ملا کر پیجئے۔ پانی آٹھ سے دس گلاس روزانہ پینے سے قبض نہیں ہوتی۔ چہرے کے دانوں کو چھیڑنا نہیں چاہیے۔ نیم ‘ ڈیٹول یا کیوٹی کیورا(Cutiecura) صابن دانوں کےلئے مفید ہوتے ہیں‘ ان سے منہ دھویا کیجئے۔
زچگی کے بعد کی تکالیف
جواب: سیدو شریف سے ج ط کا خط ہے۔ انہوں نے اپنی بیگم کےلئے مشورہ مانگا ہے۔ ج ط صاحب اپنی بیگم کو قرآن پاک پڑھا رہے ہیں‘ بہت اچھی بات ہے۔ آپ نے لکھا ہے عام تعلیم کا وقت گزر گیا ہے۔ ایسی کوئی بات نہیں۔ آپ کی بیگم پچیس سال کی ہیں۔ آپ انہیں گھر خود پڑھا سکتے ہیں۔ ابتدائی کتابیں پڑھ کر وہ خود لکھنا پڑھنا سیکھ جائیں گی۔ علم کےلئے عمر کی قید نہیں۔ آپ نے جو دو اہم مسئلے لکھے ہیں‘ اس سلسلہ میں پہلے کسی لیڈی ڈاکٹر یا طبیبہ سے معائنہ کرائیے۔ داغوں کےلئے آپ تیل کی مالش روزانہ کیجئے۔ ابھی تو گرمی کا موسم ہے ‘ آپ معمولی سا کسٹرآئل داغوں پر ملوائیے۔ یہ بہت موثر ہے۔ گرمی ختم ہو تو مچھلی کا تیل روزانہ ملنے سے داغ خاصے کم ہو جائیں گے۔ حسن و جمال کورس ماہنامہ عبقری کے دفتر سے منگوا کر کم از کم ایک کورس استعمال کریں۔ان کی غذا کا خاص خیال رکھئے۔ دودھ‘ گھی‘ مکھن غذا میں شامل کیجئے۔ غذا کی کمی سے کمزوری ہو جاتی ہے۔ دود ھ میں شہد ڈال کر پینے سے توانائی آتی ہے۔ موسمی پھلوں سے صحت پر خوشگوار اثر پڑتا ہے۔ آپ کی شیر خوار بچی ہے۔ ماں کی صحت اچھی ہو گی تو بچہ بھی تندرست رہے گا۔ دوا کی بجائے غذا پر توجہ فرمائیے۔
صحت کی بربادی کا علاج
٭ اٹھارہ سال کی عمر ہے‘ میرے دوست اچھے نہیں۔ ان کی وجہ سے میری صحت برباد ہوتی جا رہی ہے۔ میرا جسم موٹا ہونے کی بجائے سوکھتا جا رہا ہے۔ میں اپنی حرکتوں پر نادم ہو کر آپ کو خط لکھ رہا ہوں۔ آپ جواب ضرور دیجئے ۔ الٹے سیدھے خیالات نے مجھے بری طرح متاثر کیا ہے۔ ایک نافرمان بیٹا سمجھ کر ہی مجھے مشورہ دیجئے۔ میں کیا کروں۔ (خرم علی۔ ایبٹ آباد)
جواب: آپ کی یہ بات اچھی لگی کہ آپ کو جلد احساس ہو گیا کہ آپ کے دوست اچھے نہیں۔ انسان اپنے دوستوں سے پہچانا جاتا ہے۔ آپ ان دوستوںسے ملنا جلنا چھوڑ دیجئے۔ صبح سویرے اٹھ کر سیر کیجئے۔ تھوڑی سی ورزش کیجئے۔ صبح کی نماز پڑھنے سے تمام دن اچھا گزرتا ہے۔ شروع شروع میں آپ کو تھوڑی سی مشکل پیش آئے گی‘ مگر پھر آپ محسوس کریں گے کہ نماز کے بغیر آپ کو دن گزارنا مشکل ہوتا ہے۔ پانچوں وقت کی نماز پڑھنے سے آپ کے الٹے سیدھے خیالات بھی دور ہو جائیں گے۔ عشاءکی نماز پڑھ کر جلدی سونے کی کوشش کیجئے تاکہ صبح چار بجے آنکھ کھل جائے ‘ نماز پڑھ کر آپ کم از کم دس منٹ ورزش کیجئے۔ پھر سیر کےلئے جائیے۔ رات کو گیارہ بادام اور ایک چمچ کشمش پانی میں بھگو دیجئے۔ صبح پانی پھینک کر بادام اور کشمش کھا کر ایک گلاس دودھ پیجئے۔ اس مزیدار ناشتے سے آپ کا جسم موٹا ہونے لگے گا۔
سلاد اور سبزیاں خوب کھائیے۔ اب آلو بخارے اور خوبانی کاموسم ہے۔ پھل کھانے سے صحت اچھی رہتی ہے۔ گوشت زیادہ کھانے سے نقصان ہوتا ہے۔ روزانہ مرغن غذا کھانے سے پیٹ کا نظام بگڑ جاتا ہے۔ بیٹے ! بات یہ ہے کہ مذہب سے دوری ہمیں گمراہ کرتی ہے۔ آپ نماز شروع کریں تو چند ہفتوں میں ہی اپ کو اپنی صحت میں فرق محسوس ہوگا۔ پہلے گھر میں مشترکہ خاندانی نظام ہوتا تھا۔ بچے کو شروع سے دادا ‘ دادی اور گھر کے دوسرے بزرگ نمازکی تلقین کرتے تھے۔ اچھی باتوں کی تعلیم دی جاتی تھی۔ ٹیلی ویژن نہیں تھا۔ رات کو سوتے وقت اخلاقی اور مذہبی کہانیوں سے بچوں کے ذہن پر صحت مند اثرات مرتب ہوتے تھے۔ آپ کے گھر میں ضرور مذہبی کتابیں‘ تفسیر وغیرہ ہوں گی۔ وقت نکال کر آپ پڑھنا شروع کیجئے۔ اپنے اسلاف کے بارے میں پڑھ کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ خالی ذہن شیطان کی آماجگاہ ہوتا ہے۔ آپ اوٹ پٹانگ باتوں کی بجائے مطالعے پر زور دیجئے۔ دل لگا کر علم حاصل کیجئے‘ انشاءاللہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 970
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں