کہتے ہیں کہ جب نمرود نے حضرت ابراہیم علیہ السّلام کو زندہ جلانے کے لیے ایک نہایت ہیبت ناک آگ کا الاﺅ روشن کیا تو چشم فلک نے دیکھا کہ ایک ننھا سا ابابیل اپنی چونچ میں دو تین قطرے پانی کے لئے بڑے اضطراب کے عالم میں اس ہیبت نا ک آگ کی طرف اڑا جارہا ہے ۔ کسی نے پو چھا میاں اتنی بیتابی کے ساتھ کہاں کا ارادہ ہے؟
بولا : ” نمرود کی آگ بجھا نے جا رہا ہوں “۔ کہا : اے نا سمجھ پرندے کیا پانی کے یہ چند قطرے جو تمہاری چونچ میں ہیں، نمرود کی آگ سرد کر دیں گے؟
ننھا ابابیل بولا : مجھے معلوم ہے کہ میری یہ کمزور سَعی اس سلسلے میں کچھ بھی کام نہ دے گی لیکن میں اتنا ضرور جانتا ہوں کہ جب نمرود کی آگ بجھانے والو ں کی فہر ست بنائی جائے گی تو اِس میں میرا نام بھی ضرور شامِل کیا جائے گا ۔
عبقری نے انسانی نفرتو ں کے باطل الاﺅ کو بجھانے اور محبتوں کے جہانِ نَو تعمیر کرنے کا عزم کیا ہے ۔ یہ حقیر سعی رَوایتی ننھے ابابیل کی سعی سے کچھ بھی زیادہ نہیں۔لیکن جذبہ وہی ہے جو ننھے ابابیل کے دل بیتاب میں تھا۔ یعنی اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر اپنی توفیق کے مطابق مشکلات کے الاﺅ کو سرد کرنے کا جذبہ ۔
(بندہ:حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی دامت برکاتہم)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں