کیرا کا مسئلہ: عرض یہ ہے کہ ایک طویل عرصہ سے میرے حلق میں ’’کیرا‘‘ گرتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ناک کا ایک نتھنا بھی خراب ہوجاتا ہے اور ابھی کچھ مہینہ پہلے میرے تمام دانت بھی ہلنے لگے ہیں اور صبح اٹھنے کے بعد تو نہایت کھوکھلے اور ہلتے ہلتے محسوس ہوتے ہیں دیسی و انگریزی منجن اور پیسٹ بھی بیرونی طور پر بہت استعمال کیے ہیں اور ٹوتھ برش کے بجائے میں مسواک استعمال کرتا ہوں لیکن میرے خیال میں یہ کوئی اندرونی وجہ ہے جس کیلئے براہ مہربانی مجھے کوئی اچھا سا نسخہ اور ساتھ ہی دانت ہلنے کی وجہ بھی بتادیں۔ کیرا کا ساتھ میرا مسئلہ یہ بھی ہے کہ مجھے شدید ڈسٹ الرجی ہے۔ ان سب کا علاج بتائیے۔ شکریہ! (عبداللہ‘ بھکر)
مشورہ: دراصل آپ کے مر ض کی اصل وجہ دماغی کمزوری اور ٹینشن کی زیا دتی ہے ۔ اس کی وجہ سے دماغ کمز ور ہو گیا ہے اور کمزور دما غ کی وجہ سے یہ تمام مسئلہ ہے ۔ لہٰذا آپ خمیرہ ابریشم حکیم ار شد والا لیں اور ایک چمچ چائے والا دن میں تین بار استعمال کریں ۔ یاد رہے خمیرہ کسی اچھے دیانتدا ر طبیب کا بنا ہوا ہو اور اسکے ساتھ ساتھ اطریفل اسطحوخودوس ایک چمچ چائے والا اور کلونجی پائوڈر ایک چوتھا ئی چمچ استعمال کریں ۔ غذا میں کھٹی چیزیں، اچار وغیرہ سے پرہیز کریں ۔ ایک حیرت انگیز ٹوٹکہ جو بظا ہر آپ کیلئے عام سا ہو گا لیکن الرجی کے مریضو ں کے لیے یہ ایک خدا ئی عطیہ ہے ۔ سرسو ں کا تیل روزانہ صبح اور شام چند قطرے ناف ، نا ک کے نتھنو ں میں اور مقعد کے اندر اور با ہر لگائیں ۔
موٹاپا اور ٹانسلز: میری عمر27 سال ہے اور مجھے موٹاپے کا اور ٹانسلز کا مسئلہ بہت پرانا ہے‘ تقریباً بچپن سے ہی ٹانسلز ہیں اس کیلئے کئی ہومیو پیتھک علاج کیے مگر جب تک دوائی استعمال کرتے رہو تو ٹھیک پھر مسئلہ شروع ہوجاتا ہے اور جب سے بالغ ہوئی ہوں ماہواری کی بے قاعدگی کا مسئلہ ہے۔ ایک تو دیر سے ہوتی ہے کہ ہر ماہ چار سے پانچ دن آگے ہوجاتے ہیں اور رک رک کر ہوتی ہے پہلے دو دن بہت درد ہوتاہے۔ اس کے علاوہ میرے چہرے پر بال اور سیاہ تل اور دانے بہت زیادہ ہوگئے ہیں اور موٹاپا دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔ (س۔ش)
مشورہ: ریوند عصارہ‘ مصبر‘ منقیٰ‘ سقمونیا نمبر1۔ چاروں کو کوٹ پیس کر چنے کے برابر گولیاں بنائیں۔ ایک گولی صبح و شام نیم گرم دودھ کے ہمراہ۔اگر پاخانے پتلے ہوں تو گھبرائیں نہیں۔ جس نے بھی مستقل دو ماہ استعمال کیاہے‘ انشاء اللہ فائد ہ ہوا ہے۔ٹانسلز کیلئے تخم سرس 100گرام پیس کر 50گرام شہد ملا کر آدھا چمچ صبح و شام استعمال کریں۔بڑی عمر کے حضرات ایک چمچہ صبح و شام استعمال کریں۔
میرے تین مسائل:1۔ میرا وزن بڑھ گیا ہے جبکہ میری عمر صرف 18 سال ہے‘ براہ مہربانی کوئی ایسا ٹوٹکہ بتائیں جس کی وجہ سے میرا موٹاپا کم ہوجائے۔2۔ میرے چچا کی چار سال سے بائیں ٹانگ میں درد ہے۔ براہ مہربانی کوئی نسخہ بتائیں کہ درد کم ہوجائے۔ 3۔ میری بہن کے بال گررہے ہیں اور سفید ہورہے ہیں۔ کوئی ایسا نسخہ بتائیں کہ اس کا یہ مسئلہ حل ہوجائے۔ (احمد نواز‘حضرو)
مشورہ:1۔روزانہ کم از کم دو گھنٹے کوئی بھاگ دوڑ والی گیم شروع کریں۔ غذا کے بعد جوارش کمونی ایک چائے کی چمچ کھائیں، انشاء اللہ فائدہ ہو گا۔2۔غذا کے بعدایک چمچ خالص شہدکھائیں ۔ شہدکا موم ایک چنے کے برابر گولی بنا کر غذا سے گھنٹہ بھر پہلے کھالیں ۔ انشاء اللہ فائدہ ہو گا۔ 3۔اسطخدوس چھ گرام صبح اور سوتے وقت ایک کپ پانی میں جوش دے کر چھان کر میٹھا کرکے پئیں۔تین ہفتے کے بعد دوبارہ حال لکھیں۔
پٹھے کمزور: مجھے تھائیرائیڈ کا مسئلہ ہے اور خون کی کمی ہے۔ اس کے علاوہ جسم میں پٹھے بہت کمزور ہیں جس سے جسم میں درد رہتا ہے‘ پاؤں کی ایڑھیوں میں درد رہتا ہے‘ اس کیلئے کوئی نسخہ بتائیے۔ (ر۔ سیالکوٹ)
مشورہ: جوارش شاہی، خمیرہ گائو زبان سادہ، شربت عناب، مفرح شیخ الرئیس، کسی اچھے دواخانہ سے لے کر لکھی ہوئی ترکیب کے مطابق استعمال کریں۔ مصالحہ دار، تلی ہوئی چیزوں سے مکمل پرہیز کریں۔
سر میں خشکی: میری عمر 15 سال ہے اور میرے سر میں عرصہ دو سال سے خشکی و سکری ہے۔ سر میں آٹے کی طرح چھوٹے چھوٹے ذرات ہیں جب بھی کنگھی کرتا ہوں تو ان کو نیچے گرتا دیکھ کر پریشان ہوجاتا ہوں۔ براہ مہربانی کوئی ٹوٹکہ بتائیں زندگی بھر ممنون رہوں گا۔ (عاقب الرحمٰن‘ ٹانک)
مشورہ:آپ کے سر میں بفا ہے یعنی خشکی ( ڈینڈرف ) آگئی ہے۔ اس کے لیے پہلی بات تو یہ ہے کہ اچھے صابن سے سر کو روزانہ صاف کرنا چاہیے چند دن‘ رات کے وقت صافی پی لینی چاہیے ۔ سر میں لگا نے کے لیے عبقری دواخانہ کا طب نبویؐ ہیئر آئل استعمال کریں ۔اس سے ہفتے میں خشکی دور ہو جا تی ہے اور بال گرنے بند ہو جاتے ہیں ۔
شوگر کا علاج: محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! آپ کے رسالہ عبقری کا ہر ماہ شدت سےا نتظاررہتا ہے جب تک رسالہ مل نہ جائے پورا نہ پڑھ لوں‘ چین نہیں آتا۔ ہزاروں نہیں بلکہ دکھی لاکھوں افراد رسالہ میں دئیے گئے نسخہ جات‘ ٹوٹکوں اور وظائف سے مستفید ہورہے ہیں‘ خداتعالیٰ آپ کو اس صدقہ جاریہ کا بہت بہت زیادہ اجر دے۔ میں ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہوں‘ شوگر کے مرض میں مبتلا ہوں‘ میری رہنمائی فرمائیں۔ کوئی اچھا سا نسخہ عطا کریں۔ شکریہ۔ (محمداکبر رانا‘ اوکاڑہ)۔ii۔ شوگر کی وجہ سے کمزوری: میرے ابو جان ورکشاپ پر جاتے ہیں جہاں موٹروں کے دھوئیں کی وجہ سے طبیعت بہت خراب رہتی ہے شوگر کی وجہ سے کمزوری بہت بڑھ گئی ہے‘ آنکھوں سے بہت پانی آتا ہے۔ براہ مہربانی! شوگر کے مریضوں کی جسمانی طاقت کیلئے کوئی ٹوٹکہ بتائیں۔ شکریہ! (ایک بیٹی)
مشورہ:شوگر کے مریض مستقل مزاجی سے یہ نسخہ استعمال کریں۔ ھوالشافی : تخم سرس، ریٹھا، کلونجی، ہموزن کوٹ پیس کر کیپسول میں بھر لیں ایک کیپسول صبح دوپہر شام 3 ماہ مستقل کریں۔شوگر کی وجہ سے ہونے والی کمزوری دورکرنے کیلئے درج نسخہ استعمال کریں۔ھوالشافی: حرمل‘ خراطین مصفی خشک ہموزن کوٹ چھان کر کھرل میں ڈال کر ذرا سا پانی شامل کرکے کھرل کریں جب گولی بنانے کے قابل ہوجائے تو چنے کے دانے کے برابر گولیاں بنالیں اور خشک ہونے پر غذا کے بعد ایک ایک گولی دوپہر رات کو پانی سے کھائیں۔ ہائی بلڈپریشر‘ گردوں کی خرابی‘ پیٹ کی خرابی میں یہ ادویات استعمال نہیں کرنی چاہئیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں