کھیرا عام سبزی ہے اور یوں تو یہ گرمیوں کی سبزی خیال کی جاتی ہے لیکن اب سارا سال دستیاب ہوتی ہے۔ طبی اعتبار سے یہ صفرا اور خون کے جوش، معدے اور آنتوں میں جلن اور سوزش دور کرتا ہے۔ گرمیوں میں پیاس کی شدت دور کرنے کے علاوہ اس سے گرمی کے بخار اور دماغ کی گرمی سے بھی افاقہ ہوتا ہے۔ اسے سبزی کی طرح پکایا بھی جاتا ہے اور کچا بھی کھایا جاتا ہے۔ پیاس سے راحت: موسم گرما میں حدت کے باعث بار بار پیاس لگتی ہے۔ کھیرے کی قاشیں کرکے نمک لگاکر کھانے سے اس پیاس کی تسکین ہوجاتی ہے۔ اس کی قاشوں کے استعمال سے دل و دماغ کو فرحت ہوتی ہے اور جسم میں تازگی کا احساس ہوتا ہے۔ پیشاب کی جلن: کھیرے میں پانی کافی زیادہ مقدار میں ہوتا ہے اس کے کھانے سے جسم میں تراوت کا احساس ہوتا ہے، پیشاب کی جلن اور رکاوٹ کی شکایت میں خاص طور پر مفید ہے۔ اگر پیشاب رک رک کر آتا ہوتو اس کے بیجوں کو پانی میں چند گھنٹے بھگو کر پانی میں ہی پیس کر پینے سے یہ شکایت دور ہوجاتی ہے۔ گرمی کا علاج: بعض لوگوں کو ہاتھوں اور پیروں سے گرمی نکلنے کا احساس ہوتا ہے۔ یہ شکایت بعض اوقات خون کی گرمی سے پیدا ہوتی ہے اور بعض اوقات جگر کی خرابی بھی اس شکایت کا باعث ہوتی ہے، بہرحال کھانے کے درمیان بطور سلاد کھیرا استعمال کرنے سے ہاتھ پیروں کی گرمی نکلنے کا احساس کم ہوجاتا ہے۔ دماغی امراض: کھیرا دماغی امراض کے علاج میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ کھیرے کے رس کو روغن زیتون کے ساتھ جوش دے کر تیل تیار کیا جاتا ہے جو دماغی امراض کا مجرب علاج ہے۔ یہ تیل دماغ کو تسکین دیتا ہے اور دماغی بیماریوں کو ختم کرتا ہے۔کھیرے سے وزن میں کمی:موٹاپے کا شکار افراد اپنا وزن اور موٹاپا کم کرنے کے لئے مختلف دوائوں کی تلاش میں رہتے ہیں، لیکن درحقیقت سبزیاں موٹاپے اور زائد وزن کا قدرت علاج ہیں۔ ان سبزیوں میں کھیرا بھی شامل ہے جو بڑی تیزی سے موٹاپے کو ختم کرتا ہے۔ موٹاپے میں مبتلا افراد کو صبح کھیرے کی قاشیں ٹماٹر یا اسی طرح کی کسی اور سبزی کے ساتھ کھانا چاہئے۔ اسی طرح دوپہر میں بھی کھیرے کی قاشوں پر نمک چھڑک کر ٹماٹریا اگر مولی اور گاجر دستیاب ہوں تو اس کے ساتھ خوب پیٹ بھر کر کھالینی چاہئیں۔ یہی طریقہ رات کے وقت بھی استعمال کریں۔ شروع میں چند دن کچھ دقت ہوگی، لیکن انہی چند دنوں میں یہ ہلکی پھلکی غذا آپ کا موٹاپا اور وزن کم کردے گی۔ یہ طریقہ کئی بار آزمایا ہوا ہے۔ کدو دانوں کا علاج: کھیرے کے بیج کدو دانوں کا بھی علاج ہیں۔ 25 سے 50 گرام بیجوں کو پانی میں پیس کر چینی ملاکر صبح نہار منہ پئیں۔ 2سے 3 گھنٹوں بعد جلاب دینے سے کدو دانے خارج ہوجاتے ہیں۔ بند ناک: گرمیوں میں نزلہ رک جانے کی وجہ سے پیشانی، ابرو، سر میں درد کے لئے بھی کھیرے کے بیج مفید ہوتے ہیں۔ تازہ پانی میں انہیں پیس کر چینی ملاکر پینے سے دو چار روز میں جما ہوا نزلہ بہہ کر آرام آجاتا ہے۔ یہی شربت آنتوں کی سوزش اور پیشاب کی جلن کے لئے بھی مفید ہوتا ہے۔ پتھری سے حفاظت: کھیرا چونکہ پیشاب آور ہے اس لئے اس کے متواتر استعمال سے گردوں میں پتھری سے حفاظت ممکن ہے گردوں اور مثانوں کی پتھری کیلئے اسے زیادہ مقدار میں استعمال کیا جاتا ہے۔ تازہ کھیرے کی قاشیں کاٹ کر تھوڑا سا نمک، کالی مرچ اور سفید زیرے کا سفوف چھڑک کر کھائیں اور دن میں جب بھی بھوک اور پیاس لگے صرف کھیرا ہی استعمال کرتے رہیں۔ اکثر صورتوں میں اس تدبیر سے چھوٹی پتھریاں پیشاب کے ساتھ خارج ہوجاتی ہیں۔ کھیرا کھانے کے بعد کم از کم ایک گھنٹے تک پانی نہیں پینا چاہئے۔ کھیرے کو کچل کر اس کے پانی میں مصری یا شکر ملاکر برف ڈال کر پینے سے بھی پیشاب کھل کر آتا ہے اور جسم سے زہریلے مادے خارج ہوجاتے ہیں۔ خواتین کا میک اَپ باکس: تازہ کھیرے کے قتلے جلد پر ملنے سے جلد نرم ہوکر نکھر جاتی ہے۔ گرمیوں میں دھوپ کی شدت سے جلتی اور چٹختی کھال پر کھیرا ملنے سے بڑی تسکین ہوتی ہے اور جلد دھوپ کی مضرتوں سے محفوظ رہتی ہے۔ خون کے جوش سے جلد پر نکلنے والی پھنسیوں وغیرہ کو بھی اس سے آرام پہنچتا ہے۔ حسن افزا لوشن: دو تین تازہ کھیرے چھیل کر ان کا پانی نکال لیں اور صاف کپڑے میں چھان کر اس میں گلیسرین اور عرق گلاب برابر مقدار میں شامل کرکے شیشی میں حفاظت سے رکھیں۔ رات سوتے وقت اور صبح منہ دھوکر اس لوشن کی ہلکی مالش کریں اور ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں۔ یہ لوشن جلد کو نکھارتا اور جھریاں دور کرتا ہے۔
سردیوں کے موسم کیلئے لوشن: یہ لوشن جاڑوں میں جلد کی حفاظت کیلئے زیادہ موزوں ہوتا ہے۔ کھیرے کے ایک پیالی رس میں چھیلے ہوئے بادام 25 گرام خوب اچھی طرح پیس کر چھان لیں اور اس میں 2 ٹی اسپون عرق گلاب شامل کرکے بوتل میں ڈال کر اسے خوب اچھی طرح ہلائیں یہاں تک کہ سب چیزیں یک جان ہوجائیں۔ اب اس لوشن کی چہرے، گردن اور ہاتھوں پر مالش کریں، اس طرح جلد کی خشکی دور ہوگی اور رنگ بھی نکھر آئے گا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں