محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں عرصہ سات سال عبقری رسالہ پڑھ رہا ہوں۔ اس میں مجھے جو سب سے زیادہ پسند ہےوہ ’’مراقبہ‘‘ ہے۔ میں پچھلے پندرہ سال سے مسلسل مراقبہ کررہا ہوں‘ جب سے عبقری میں سے دیکھ کر مراقبہ کرنا شروع کیا تو انوکھی انوکھی دنیا کی سیر کی‘ بڑے بڑےبزرگوں کی زیارتیں کیں۔ جو دل میں چاہت ہو اللہ وہ مراقبہ میں دکھا دیتا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے میں نے اللہ سے دعا کی کہ یااللہ! مجھے جنت کے مناظر دوران مراقبہ دکھا‘ چند دن مراقبہ کے بعد میں ایک دن مراقبہ کرنےبیٹھا تو مجھے محسوس ہوا کہ جیسے کچھ لوگ آئے ہیں اور مجھے اٹھا کر آسمان کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔ چند لمحات کے بعد میں ایک نہایت خوبصورت وادی میں ہوں‘ جہاں طرح طرح کے میوے لگے ہوئے ہیں‘ وہاں کے لوگ بہت ہی زیادہ خوبصورت ہیں‘ انتہائی خوبصورت اور شفاف ندیاں ہیں‘ نامعلوم مجھے کتنی دیر وہ لوگ اس خوبصورت وادی جسے میں جنت کا نام دوں تو بے جا نہ ہوگا میں لے کر گھومتے رہے اور میں خوب محظوظ ہوتا رہا۔ چند دنوں کے بعد میں ایک کتاب میں دوزخ کے بارے میں پڑھ رہا تھا میں نے اللہ سے دعا کی کہ یااللہ مجھے دوزخ کے مناظر دکھا۔ اسی رات عشاء کی نماز کے بعد میں مراقبہ میں بیٹھا تو چند لمحوں کے بعد میں نے محسوس کیا کہ مجھے چند لوگ ایک طرف لے کر جارہے ہیں‘ وہاں دور سےدھواں اٹھتا نظر آرہا ہے میرے نہ چاہنے کے باوجود مجھے اس طرف لےجایا جارہا ہے اور دور سے دھواں اٹھتا نظرآرہاہے‘ میں سمجھ جاتا ہوں کہ وہی دوزخ ہے۔ مجھے دوزخ کے باہر سے ہی ایک بڑے سکرین کے ذریعے سے اندر کے مناظر دکھائے جاتے ہیں۔ کہیں کوئی آگ کے اندر ہے‘ کہیں کسی کو خون اور پیپ کا پانی پلایا جارہا ہے‘ غرض مختلف مناظر سکرین پر بدل رہے ہیں اور میں دل ہی دل میں پناہ مانگ رہا ہے‘ اللہ سے استغفار کررہا ہوں‘کچھ دیر بعد یہ حالات بدل جاتے ہیں۔ یہ مناظر دیکھ کر دل میں یہی خیال آیا کہ اللہ ایمان اور کلمہ کی موت عطا فرمائے اور موت کی کیفیات آسان کردے۔ اس کے بعد مجھے زمین کا وہ حصہ دکھایا گیا جہاں جنات کا زیادہ بسیرا ہے ان میں پہاڑ زیادہ ہیں۔ پاکستان کےشمالی علاقہ جات کے پہاڑ دکھائے گئے جہاں جنات بہت زیادہ ہیں۔ (پ۔ چ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں