اگر دو شخص یا دو بھائی یا بہن بھائی آپس میں ناراض ہوں اور بات چیت نہ کرتے ہوں تو ایک انار لے کر دانے نکال کر ایک برتن میں رکھ لیں اور باوضو سورہ ٔطارق(پ۳۰) پوری سورۃ چھبیس مرتبہ پڑھ کر ان دانوں پر دم کرکے دونوں طرف کے آدمیوں کو کھلادیں۔
ہرقسم کی حاجت پورا ہونے کا عمل
اگر کوئی شخص کسی مقصد میں کامیابی چاہتا ہے یا اس کی کوئی ضرورت ہے جو پوری نہیں ہوتی اس کیلئے عشاء کی نماز کے بعد باوضو سات مرتبہ سورہ یٰسین شریف(پ۲۲) پڑھیں۔ ایک مرتبہ سورۃ پوری پڑھنے کے بعد اپنے مقصد میں کامیابی یا ضرورت کے پورا ہونے کی دعا مانگیں۔ پھر دوسری مرتبہ سورۃ پڑھ کر دعا مانگیں اس طرح سات مرتبہ سورہ یٰسین پڑھ کر سات ہی مرتبہ دعا مانگیں یعنی ہر مرتبہ پڑھ کر ہر مرتبہ دعا مانگیں۔ چند دن عمل کرنے کی برکت سے انشاء اللہ تعالیٰ مقصد میں کامیابی حاصل ہوگی۔
ہر قسم کے امتحان میں کامیابی کیلئے
اگر کوئی سکول، کالج یایونیورسٹی کا طالب علم ہو وہ امتحان میں کامیابی کیلئے ہرنماز کے بعد باوضو 16 مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھے اور پھر اللہ تعالیٰ سے اپنی کامیابی کی دعا مانگے۔ انشاء اللہ تعالیٰ امتحان میں ضرور کامیابی ہوگی۔ یہ عمل کسی نوکری یا باہر کے ملک جانے کیلئے انٹرویو کیلئے بھی کارآمد ہے۔
رشتوں کی بندش کھولنا
اگررشتوں کی بندش لگادی گئی ہو اور لڑکا لڑکی بوڑھے ہورہے ہوں جہاں بات لگتی ہے انکار ہوجاتا ہے۔ اول تو رشتے آتے نہیں اگر آتے ہیں تو واپسی جواب نہیں ملتا۔ ایسی صورت میں سورۂ والتین(پ۳۰) مکمل روزانہ باوضو ساٹھ مرتبہ بعد نماز فجر پڑھیں۔ چالیس دن عمل کریں انشاء اللہ تعالیٰ چالیس دن کے اندر اندر کام ہوجائے گا۔
حاسدوں کے شر سے حفاظت
اگر حاسدشرارت کرتے ہوں، آوازیں کستے ہوں، طرح طرح سے ستاتے ہوں تو ان کی شرارت کو ختم کرنے کیلئے روزانہ بعد نماز فجر اور بعد نماز مغرب باوضو اکیس اکیس مرتبہ سورۂ فلق اور سورۂ ناس پڑھ کر ان کے شر سے حفاظت کی دعا کریں۔ انشاء اللہ تعالیٰ شرارت کرنے والے حاسد چند دن میں شرارت سے باز آجائیں گے اور ان کا انجام برا ہوگا۔ تنبیہ: یہ عمل انتہائی مجبوری میں کریں اگر کسی کو بلاوجہ نقصان پہنچانے کیلئے کریں گے تو خطرہ ہے کہ خود نقصان میں مبتلاء ہوجائیں گے۔
سفیربخیروخوبی طے ہونا اور واپسی بخیرو خوبی ہو
اگر کوئی شخص سفر کے ارادے سے کہیں قریب یا دور جارہا ہے اور چاہتا ہے کہ وہ ہر قسم کے حادثہ سے محفوظ رہے اور چور ڈاکو لٹیرے اسے نقصان نہ پہنچائیں اس کا سفر آسانی اور خیروخوبی کے ساتھ طے ہوجائے اور وہ خیریت کے ساتھ واپس گھر آجائے تو اس کیلئے باوضو پانچ مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر گھر سے باہر قدم نکالے۔ انشاء اللہ تعالیٰ سفر کے دوران ہر قسم کے حادثہ اور نقصان سے محفوظ رہے گا اور خیریت سے گھر لوٹ آئے گا۔
دو باہمی ناراض آدمیوں میں صلح کرانا
اگر دو شخص یا دو بھائی یا بہن بھائی آپس میں ناراض ہوں اور بات چیت نہ کرتے ہوں تو ایک انار لے کر دانے نکال کر ایک برتن میں رکھ لیں اور باوضو سورہ ٔطارق(پ۳۰) پوری سورۃ چھبیس مرتبہ پڑھ کر ان دانوں پر دم کرکے دونوں طرف کے آدمیوں کو کھلادیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ فوراً ناراضگی ختم ہوجائے گی۔
گھر سے لڑائی جھگڑا ختم کرنا
اگر گھر کے تمام افراد آپس میں لڑتے جھگڑتے رہتے ہوں اور گھر میں محبت و پیار کا ماحول ختم ہوچکا ہو تو اس کے لئے اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف پڑھیں اور درمیان میں یَاوَدُوْدُ گیارہ سو بار پڑھ کر گُڑیا چینی پر دم کرکے رکھ لیں۔ چینی کو شربت یا چائے میں ڈال کر سب گھر والوں کو پلادیں یا گڑ ہے تو اسے سب گھر والوں کو کھلادیں یا حلوے میں ڈال کر کھلادیں اور تھوڑا سا گڑ یا چینی آگ میں جلادیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ بہت جلد آپس میں محبت پیدا ہوجائے گی۔
محبت زوجین( میاں بیوی میں محبت) کیلئے
اگر دونوں میاں بیوی میں نااتفاقی رہتی ہے، آپس میں ہر وقت اختلاف پیدا ہوتا رہتا ہے تو اس کیلئے دونوں میاں بیوی کا پرانا مستعمل (پہنا ہوا کپڑا جس کو دھویا نہ گیا ہو) کپڑے کے ٹکڑے لے لیں اور باوضو چالیس مرتبہ یَاذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ پڑھ کر دونوں ٹکڑوں پر دم کردیں۔ ایک کورا نیا مٹی کا چراغ لے کر اس میں سرسوں کا تیل ڈال کر ان دونوں کپڑوں کو ملاکر بتی بناکر چراغ جلائیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ دونوں میں بہت جلد اختلافات ختم ہوکر محبت پیدا ہوگی، مجرب عمل ہے۔
پورے یا آدھے سر کا درد
اگر کسی شخص کے پورے یا آدھے سر میں درد رہتا ہو تو اس کے سر پر ہاتھ رکھ کر تین بار یا سات بار یہ دعا پڑھ کر سر پر دم کریں۔ اگر غیر عورت ہے تو دور سے پردے کے پیچھے پڑھ کر اس عورت کی طرف منہ کرکے دم کردیں۔ عمل پڑھنے کے دوران عورت اپنا ہاتھ سر پر رکھ لے۔ بِسْمِ اللہِ خَیْرِ الْاَسْمَآءِ۔ بِسْمِ اللہِ رَبِّ الْاَرْضِ وَالسَّمَآءِ۔ بِسْمِ اللہِ الَّذِیْ اسْمُہٗ بَرَکَۃٌ وَّشِفَآءٌ۔ بِسْمِ اللہِ الَّذِیْ بِیَدِہٖ شِفَآءٌ۔ بِسْمِ اللہِ الَّذِیْ لَایَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ شَیْءٌ فِی الْاَرْضِ وَلَا فِی السَّمَآءِ وَھُوَالسَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ۔
قرض سے جلد نجات کیلئے
قرض سے جلد نجات حاصل کرنے کیلئے یہ دعا حضور اکرم حضرت محمدمصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم فرمائی ہوئی ہے۔ اس دعا کو ہر نماز کے بعد ایک سو بار روزانہ پڑھ لیا کریں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ جلد ہی سارا قرض ادا ہوجائے گا۔ عمل شرط ہے، وہ دعا یہ ہے: اَللّٰھُمَّ اکْفِنِیْ بِحَلَالِکَ عَنْ حَرَامِکَ وَاَغْنِنِیْ بِفَضْلِکَ عَمَّنْ سِوَاکَ۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں