Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

آپ کا خواب اور روشن تعبیر

ماہنامہ عبقری - مئی 2014ء

مقصد میں کامیابی
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے ڈیپارٹمنٹ کی چکردار سیڑھیوں کے نیچے اتررہی ہوں۔ میں جلدی جلدی اتر رہی ہوں کیونکہ مجھے خیال آتا ہے کہ سر میرے پیچھے اتر رہے ہیں پھر میں نے دیکھا کہ وہ مجھ سے آگے اتر رہے ہیں۔ انہوں نے آسمانی رنگ کی شرٹ پہنی ہوئی ہے۔ میں شاید سر سے کچھ کہہ رہی ہوں۔ اچانک ایک لڑکا سیڑھیاں چڑھنے کی کوشش کرتا ہے حالانکہ سیڑھیوں پر سے ایک وقت میں ایک ہی شخص ا تر یا چڑھ سکتا ہے میں اس سے کہتی ہوں کہ پہلے ہم اتر جائیں پھر تم چڑھ جانا۔ وہ اتر جاتا ہے پھر جب سیڑھیاں ختم ہونے والی ہوتی ہیں تو دوبارہ وہی لڑکا یا شاید کوئی اور سیڑھیاں چڑھنے لگتا ہے۔ وہ دو تین سیڑھیاں چڑھ بھی جاتا ہے۔ میں اسے ڈانٹتی ہوں اور اس سے کہتی ہوں کہ تمہیں نظر نہیں آتا ک ہم اتر رہے ہیں جب ہم اتر جائیں تو چڑھ جانا۔ وہ اترجاتا ہے ہم سیڑھیاں اتر جاتے ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ سے باہر نکلتے ہوئے راستے میں ایک کانٹوں والی جھاڑی پڑی ہوتی ہے‘ اس میں لال رنگ کے چھوٹے چھوٹے پھول لگے ہوتے ہیں اور شاید پتے نہیں ہوتے یاد نہیں۔ میری نظر اس جھاڑی پر نہیں پڑتی۔ میں سر سے باتیں کرتے ہوئے اس جھاڑی کی طرف جانے لگتی ہوں تو سر مجھے روک دیتے ہیں اور کہتے ہیں (ع) سامنے دیکھو میں رک جاتی ہوں مگر پھر بھی چند کانٹے میرے عبائے میں پھنس جاتے ہیں۔ لیکن چبھتے نہیں ہیں۔ میں انہیں نکال دیتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ سر کو میرا نام یاد ہے۔ مجھے حیرت بھی ہورہی ہے اور خوشی بھی ہورہی ہے۔

(ع‘ اسلام آباد)
تعبیر: خواب کے مطابق آپ کو مقصد میں کامیاب ہونا مشکل نظر آتا ہے۔ ضروری نہیں جو چیز مانگی جائے وہ مل جائے۔ آپ اپنی تعلیم پر توجہ دیں‘ اس میں ہی عزت ہے۔ باقی ایسی ویسی کوئی حرکت نہ کریں جس کی وجہ سے آپ کی عزت میں فرق آجائے۔ کچھ لوگ آپ کو تنگ کرنے کیلئے کمزوری تلاش کررہے ہیں۔ وہ آپ کے قریب کے لوگ ہیں۔ احتیاط کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کریں اور اللہ رب العزت سے خیروعافیت کی دعا کریں۔

کالا اور سفید سانپ
خواب:
میں نے دیکھا کہ ہمارے گھر سانپ آیا ہے جس کا رنگ سفید اور کالا ہے۔ میری دادی کہہ رہی ہیں کہ یہ (ش) کے کمرے سے آیا ہے۔ میری دادی ہم پر بہت غصہ کررہی ہیں کہ یہ سانپ تمہارے کمرے سے کیسے آیا۔ میری داد نے کھانا کھا کر سانپ کو ہاتھوں میں اٹھایا اور ہمارے کمرے میں چھوڑ دیا اور بہت خوش ہورہی ہیں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (ب،ج)۔

تعبیر:خواب آپ تمام لوگوں کے حق میں اچھا نہیں ہے۔ نقصان کا اندیشہ ہے۔ بہت احتیاط کریں اور ہر نماز کے بعد تین بار سورۂ فلق اور تین بار سورۂ ناس پڑھ کر بدن پر دم کریں۔

ہر کام میں رکاوٹ
خواب:
دیکھا کہ ہمارے گھر میں سانپ کا چھوٹا سا بچہ ہے اور خواب میں ہمارا گھر نیا بن رہا ہے۔ (حقیقت میں ہمارا گھر نہیں بن رہا لیکن بنانے کا ارادہ ہے) اور ہم اس میں شفٹ ہونے جارہے ہیں تو ایک اور سانپ کا بچہ دیکھا لیکن وہ پہلے سے بڑا تھا‘ ہم نئے گھر گئے تو میں نے اپنے ہاتھ پر ایک بہت بڑا سانپ لپٹا ہوا دیکھا۔ میں اسے کھینچ کر باہر نکال رہی ہوں اور وہ نکلتا جارہا ہے‘ ختم نہیں ہورہا۔ میں نے اسے مارا تو اس کے دو ٹکڑے ہوگئے پھر بھی وہ زندہ تھا۔ میں نے یہ خواب دو بار اور فجر کے وقت دیکھا۔ (نبیلہ‘ لاہور)

تعبیر: خواب اچھا نہیں ہے۔ آپ پر جادو کے اثرات ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ہر کام میں رکاوٹ آرہی ہے۔ دشمن مسلسل آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔ آپ تمام گھر والوں کی طرف سے گوشت کا صدقہ کریں اور احتیاط کریں۔ہمیشہ باوضو رہیں۔

مشکلات سے نجات
خواب:
میں نے دیکھا کہ میں قبرستان میں داخل ہوتی ہوں وہاں قبرستان کے دروازے کے آگے دو مزدور مٹی کھود رہے ہوتے ہیں۔ میں دل میں سوچتی ہوں کہ مجھے کچھ تلاوت کرکے پھونک دینا چاہیے۔ میں وہیں کھڑی ہوکر سورۂ اخلاص کا ورد کرنا شروع کردیتی ہوں۔ میں پڑھ رہی ہوتی ہوں تو وہی مزدور مجھے کہتے ہیں کہ آگے آکر پڑھو پھر میں آگے بڑھتی ہوں اورپڑھتی رہتی ہوں پھر مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں نے تلاوت میں کوئی غلطی کی ہے۔ میں دوبارہ پڑھنا شروع کردیتی ہوں پھر آنکھ کھل جاتی ہے۔(فلک‘لاہور)۔

تعبیر: ماشاء اللہ آپ کا خواب آپ کے حق میں بہت مبارک ثابت ہوگا۔ آپ کو نیک اعمال کی توفیق ہوگی اور مشکلات سے نجات ملے گی۔ آپ ہر نماز کے بعد تین بار سورۂ اخلاص پڑھ کر خیروبرکت کی دعا کریں۔

گناہوں سے توبہ کی توفیق

خواب: میں نے دیکھا کہ میری چھوٹی بہن‘ دادا جی ایک ویران جگہ پر ہیں‘ وہاں پر تین قبریں ہیں جن میں ایک میری‘ ایک میرے دادا جی اور ایک میری بہن کی ہے۔ ہم اس کے سامنے کھڑے ہوکر فیصلہ کرہے ہیں کہ کون سی قبر کس کی ہے۔ میں دیکھتی ہوں کہ قبر کے کناروں پر سبز رنگ کا کچھ ہوتا ہے۔ پھر منظر بدلتا ہے میں دیکھتی ہوں کہ میرے دادا جی ایک خواب دیکھتے ہیں اور ہمیں آکر بتاتے ہیں کہ میری امی کی موت ہونے والی ہے۔ میں بہت روتی ہوں پھر دیکھتی ہوں کہ اپنی امی کو اپنی ہی گاڑی میں لے کر کہیں جارہے ہیں‘ جن کا جنازہ نکالنے کیلئے لیکن وہ اس وقت زندہ ہوتی ہیں۔ میں بھاگ  باہر جاکر دیکھتی ہوں کہ ایک ٹرک آرہا ہے جو لوگوں سے اتنا بھرا ہوا ہے کہ لوگ باہر تک لٹکے ہوئے ہیں‘ جنازہ کیلئے لیکن میری ماں اندر زندہ ہوتی ہیں۔  پھر میری امی میرے ابو سے کہتی ہیں کہ باہر لوگوں کو پیسے دے کر آؤ۔ میرے ابو کہتے ہیں میں یہاں پر ہی دے دیتا ہوں۔ وہ دس روپے مجھے دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ دو روپے سامنے والی لڑکی کو دے دو۔ میں دس روپے اسے دے دیتی ہوں اور دو روپے اپنے پاس رکھتی ہوں۔ پھر تھوڑی دیر بعد پتہ چلتا ہے کہ کسی اور کی موت واقع ہوگئی ہے اور میں بہت خوش ہوتی ہوں کہ میری امی بچ گئیں ہیں۔(ا،ر۔کراچی)۔
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ گناہوں سے توبہ کی توفیق نصیب ہوگی اور خاندان کی خوشیاں ملیں گی۔ نیز والدین کی درازی عمر کا بھی اشارہ ہے۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 214 reviews.