Meditation یعنی مراقبہ جہاں ازل سے روحانیت کی ترقی اور مشکلات کے حل کا علاج رہا ہے وہاں جدید سائنس نے اسے امراض کا یقینی علاج بھی قرار دیا ہے۔ ہزاروں تجربات کے بعد عبقری کے قارئین کے لئے مراقبے سے علاج پیش خدمت ہے۔ سوتے وقت اگر با وضو اور پاک سوئیں تو سب سے بہتر ورنہ کسی بھی حالت میں صرف 10 منٹ بستر پر بیٹھ کر بلا تعداد یَارَزَّاقُ یَارَحِیْمُ کا ورد اول و آخر 3 بار درود شریف پڑھیں پھر لیٹ جائیں۔ جس مرض کا خاتمہ یا الجھن کا حل چاہتے ہوں اس کو ذہن میں رکھ کر یہ تصور کریں کہ ’’ آسمان سے سنہرے رنگ کی روشنی میرے سر سے سارے جسم میں داخل ہو کر اس مرض کو ختم یا الجھن کو حل کر رہی ہے اور اس وظیفے کی برکت سے میں سو فیصداس پریشانی سے نکل گیا/گئی ہوں‘‘ یہاں تک کہ اس تصور کو دہراتے دہراتے نیند آ جائے۔ شروع میں تصور بناتے ہوئے آپکو مشکل ہو گی لیکن بعد میں آپ پر جب اسکے کمالات کھلیں گے تو حیرت کا انوکھا جہان اور مشکلات کا سو فیصد حل خود آپ کو حیرت زدہ کر دیگا۔ مراقبے کے بعد اپنی کیفیات فوائد اور انوکھے تجربات ہمیں لکھنا نہ بھولیں۔
مراقبے سے فیض پانے والے
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! کے بعد عرض ہے کہ میں آپ کا ماہنامہ عبقری پچھلے تین سال سے پڑھ رہی ہوں اور پچھلے تقریباً ایک سال سے مراقبے کا عمل کررہی ہوں میں نے مراقبے سے بہت کچھ پایا ہے۔ مراقبے کی وجہ سے میری زندگی میں سکون آگیا ہے۔ میری ہر پریشانی کا حل مجھے مراقبے میں ملتا ہے۔ ابھی پچھلے ماہ میں نے مراقبہ کیا تو دیکھا کہ ہلکا نیلا آسمان ہے جس پر کہیں کہیں بادل ہیں۔ ان نیلے آسمان کی بہت سی تہیں ہیں جیسے سات آسمان ہوں اور بہت بڑا تختہ نما سی چیز ہے جہاں سے سنہری نور نکل رہا ہے اور زمین کی طرف آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے۔ یہ نور روضہ اقدس ﷺ پر پڑ رہا ہے وہاں سے سنہری نور نکل رہا ہے اور وہ نکل کر لوگوں پر پڑ رہا ہے ان میں سے ایک سنہری نور کی روشنی میرے دل پر پڑتی ہے جس سے میرا پورا جسم سنہری نور سے روشن ہوجاتا ہے پھر یہ روشنی مجھے اوپر کی طرف اٹھاتی ہے اور کہیں دور لے جارہی ہوتی ہے۔
اچانک میں دیکھتی ہوں کہ بہت بڑے دروازے کے آگے کھڑی ہوں۔ میرا دل بہت خوش ہوتا ہے یہ حرم ہے کعبہ ہے‘ اللہ کا گھر ہے‘ میں آگے جاتی ہوں تو بہت لوگ ہوتے ہیں۔ بڑے بڑے برآمدے بنے ہیں‘ کوئی قرآن پڑھ رہا ہے‘ کوئی نماز پڑھ رہا ہے میں اور آگے بڑھتی ہوں سیڑھیاں بنی ہوتی ہیں ان سے نیچے اتر کر سامنے دیکھتی ہوں تو کعبہ پر نظر پڑتی ہے میں اور قریب جاتی ہوں حجراسود کے قریب اس کا بوسہ لیتی ہوں اور مجھے واقعی میں ایسا لگا کہ میں حجراسود کا بوسہ لے رہی ہوں۔ پھر میں طواف کرنا شروع کردیتی ہوں‘ پورے سات چکر لگاتی ہوں‘ پھرکعبہ شریف کے دروازے پر ہاتھ رکھ کر بہت دعائیں مانگتی ہوں‘ معافی مانگتی ہوں‘ اپنے دل کی ساری حاجات مانگتی ہوں‘ ان سب میں وہ سنہری رنگ کا نور میرے دائیں بائیں‘ اوپر نیچے ہر طرف ہوتا ہے۔ پھر وہ نور مجھے لے کر جاتا ہے۔ پھر میں دیکھتی ہوں کہ مسجد نبوی ﷺ کے باہر دروازے پر کھڑی ہوں۔ میں اندر جاتی ہوں بہت بڑا صحن ہے‘ لوگوں کا بہت رش لگا ہوا ہے۔ میں اور آگے بڑھتی ہوں وہاں بھی دروازے سے گزرتی ہوں اس دروازے پر باب جبرائیل علیہ السلام لکھا ہوتا ہے۔ میں اور آگے بڑھتی ہوں سامنے دیکھتی ہوں تو آپ ﷺ کے روضہ مبارک کی جالیاں مبارک نظر آتی ہیں میں بہت ادب کے ساتھ دو زانو ہوکر بیٹھ جاتی ہوں۔ ایک بہت بڑا ہال ہے‘ وہ بڑے قالین بچھے ہیں ان پر جالیوں کے بہت قریب میں جاکر بیٹھ جاتی ہوں اور سلام عرض کرتی ہوں۔
اپنے دل کی تمام حاجات دعائیں‘ مشکلات سب اپنے نبی پاک ﷺ کو بتاتی ہوں اور مدینے آنے کی اجازت مانگتی ہوں۔ پھر میں تھوڑا دائیں طرف ہوتی ہوں اور وہاں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہٗ خدمت میں سلام عرض کرتی ہوں۔ پھر میں تھوڑا اور بائیں طرف ہوتی ہوں وہاں حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہٗ کا روضہ مبارک پر جالیوں کے قریب سلام عرض کرتی ہوں۔ پھر میں وہاں سے اٹھ کر آپ ﷺ کی جالیوں کے قریب آتی ہوں اور رو رو کر آپ ﷺ سے دعا کی درخواست کرتی ہوں اپنی مشکلات پریشانیوں کے لیے آپ ﷺ سے دعا کرواتی ہوں اور پھر مدینے آنے یہاں پر ہمیشہ رہنے کی درخواست کرتی ہوں میں رو رو کر دعا کرتی ہوں‘ آپ ﷺ کی جالیوں کے ساتھ میں اپنا سر رکھ کر روتی ہوں تو اچانک جالیوں کا دروازہ کھلتا ہے جب کھلتا ہے تو ٹھنڈی ہوائیں آتی ہیں اورگلاب کی پتیاں بھی اس ہوا میں شامل ہوتی ہیں جو مجھ پر پڑتی ہیں اور گلاب کی بہت زیادہ خوشبو ہوتی ہے مجھے قبر مبارک کی زیارت ہوتی ہے۔ پھر میرا رابطہ منقطع ہوا اور مراقبہ ختم ہوگیا۔(ص۔ ر)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں