قرآن مجید انسان کے لئے اللہ تعالیٰ کی ایک خاص نعمت ہے، جس میں ہدایت، تفصیل و تکثیر انعامات الٰہی، تقرب ربانی اور کرامات کا دریا موجزن ہے۔ یہ ہر طرح سے تاقیامت انسان کے لئے باعث رحمت، باعث برکت، باعث مغفرت اور ہدایت کاملہ ہے۔ انسان کو صحیح معنوں میں مسجود ملائکہ اور اشرف المخلوقات بنانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے خیر و شفاء کا یہ منبع سب نبیوں کے سردار اور رسولوں کے امام حضور نبی کریم حضرت محمدﷺ پر نازل ہوا اور اس عظیم کتاب کے تھامنے والوں کو سب امتوں سے افضل اور پڑھنے والوں کو سب انسانوں سے بہتر قرار دیا، یہ ایسی عظیم کتاب ہے جو اللہ تعالیٰ کا انسان اور اُمت مسلمہ سے حد درجہ پیار کا مُنہ بولتا ثبوت ہے۔
ایسی مصیبت جس سے نکلنا مشکل نہیں نا ممکن
قرآن پاک کی اس قدرو منزلت اور زندگی میں راہنمائی اور اصلاح کا اندازہ چند سال قبل ہوا۔میں کچھ کبیرہ گناہوں اور ایسی علتوں میں مبتلا ہو گئی تھی کہ جس سے نکلنا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہو چکا تھا۔اپنی ایک سہیلی کے ذریعے تسبیح خانہ سے تعارف ہوا‘تین دن تسبیح خانہ میں گزارے مگر اس کے بعد پھر دور ہو گئی ‘ دنیا کی رنگینیوں اور مصروفیت میں کھوتی چلی گئی۔زندگی کے شب و روز غفلتوں میں بسر ہو رہے تھے ۔ سکون نام کی کوئی چیز میسر نہ تھی۔ہر طرف سے رکاوٹیں اور مشکلات کا سامنا تھا۔ایک نا محرم کی محبت میں بری طرح گرفتار ہو چکی تھی جس سے نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آرہا تھا۔دل بہلانے کے لئے ٹی وی اور موبائل پر مختلف فلمیں اور ڈرامے دیکھتی تھی مگر دن بدن ذہنی طور پر مفلوج ہوتی جا رہی تھی‘ ایک لمحہ بھی چین و سکون کا میسر نہ تھا۔ان علتوں سے نجات چاہتی تھی مگر چاہ کربھی ان سے نکل نہ پا رہی تھی۔اپنی جس سہیلی کے ذریعے تسبیح خانہ سے تعارف ہوا‘ اسے اپنے تمام تر حالات بتائے۔اس نےمیرے روز کے تمام تر معمولات جاننے کے بعد بتایا کہ میرے ان تمام مسائل کی بنیادی وجہ قرآن اور اللہ سے دوری ہے۔تم دنیاوی دوستیاں چھوڑ کر قرآن سے دوستی لگا لو‘ یہ ایسا باوفا دوست ہے جو دنیا وآخرت دونوں میں تمہارے کام آئے گا۔
قرآن سے معافی مانگی
اس کے لئے اس نے باقاعدہ مجھے ایک عمل بتایا کہ روزانہ قرآن پاک کی ہرسطر پر نَسْتَغْفِرُکَ وَنَتُوْبُ اِلَیْک پڑھو‘اس دوران دل ہی دل میں اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی اور قرآن کا جو اتنا عرصہ تک ساتھ چھوڑا اس سے معافی مانگو۔اس دن یہ باتیں میرے دل میں جا لگیں اور میں نے فیصلہ کیا کہ اب دنیاوی دوستیاں چھوڑ کر صرف قرآن سے دوستی کرنی ہے۔جو وقت گناہوں میں صَرف ہوتا تھا وہ اب قرآن کی تلاوت اور قرآن سے باتوں میں ہونے لگا۔میں نے قرآن پاک کی ہر سطر پر نَسْتَغْفِرُکَ وَنَتُوْبُ اِلَیْک پڑھتی رہی‘جیسے جیسے قرآن سے تعلق مضبوط ہوتا گیا میری مشکلات حل ہونا شروع ہو گئیں‘مصائب ٹلنے لگے۔جس نامحرم سے باتیں کرتے ہوئے ایک دن نہیں گزرتا تھا ایسا چھٹکارا ملا کہ اب پرواہ بھی نہیں۔پہلے جو وقت فلمیں اور ڈرامے دیکھنے میں گزرتا تھا ‘ اب قرآن پاک کی تلاوت اور اس سے باتیں کرنے میں گزر جاتا ہے۔پہلے سالہا سال گزر جاتے قرآن پاک مکمل نہ کر پائی مگر اب تین ماہ کی مدت میں سات قرآن پاک ختم کیے اوردوران تلاوت صرف الفاظ نہیں بلکہ وجدان اور پوری کیفیت کے ساتھ پڑھنے کی کوشش کرتی ہوں۔اب میری زندگی میں سکون اور خوشیاں ہیں۔میںنے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اللہ تعالیٰ کا اتنا قرب ملے گا‘زندگی میں اس قدر روحانی اعمال اور تسبیحات کی توفیق نصیب ہو گی۔اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتی ہوںکہ اس مالک نے مجھے گناہوں بھری کالی دنیا سے نکال کر روحانی اور نورانی زندگی میں عروج و کمال بخشا۔انہی اعمال کی برکت سے آج مطمئن اور پُر وقار زندگی گزار رہی ہوں۔میرےجو مسائل رہ گئے وہ بھی حل ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔کوئی بھی مشکل‘ کوئی بھی خواہش ہو تو قرآن پاک کا درج بالا عمل کرتی ہوں اور دل ہی دل میں قرآن سے باتیں کرتی ہوں‘ اللہ کا کرم ہوتا ہے ‘ رکاوٹیں دور ہو جاتی ہیں‘ مشکلات اور مسائل ختم ہو جاتے ہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں