عزت اور خوشحالی نصیب ہوگی
میں نے خواب میں دیکھا کہ میں دفتر سے گھر آیا اور اپنی بیوی سے پوچھا کہ میں فون کررہا تھا تم اٹھا کیوں نہیں رہی تھیں۔ میری بیوی نے کہا ک ہمارے گھر کی چھت کے اوپر سےوہ لڑکے آئے اور مجھے دکا دے کر موبائل فون لے گئے۔ پھر منظر بدل جاتاہے۔ دیکھتا ہوں کہ میں ایک کچے مکان میں ہوں۔ مرحوم ماں باپ بھی اسی مکان میں ہیں۔ میرے بینک کی ایک ساتھی آفیسر بھی میرے ساتھ ہے۔وہاں اس عورت کا بیگ بھی ہے جو میرے بیگ کے ساتھ رکھا ہوا تھا۔ میری ماں اس عورت کے بیگ کو کھولتی ہے تو اس میں سے ہزار کے بہت سے نوٹ نکلتے ہیں۔ میں اپنی ماں سے کہتا ہوں کہ اس عورت کے بیگ کو کیوں کھولا تو وہ کہتی ہے کہ میں سمجھی کہ وہ تمہارا بیگ ہے۔ یہ دیکھ کر میرا باپ میری ماں کو ڈانٹتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ یہ پیسے واپس جاکر رکھ دے۔ میری ماں جاکر وہ نوٹ رکھ دیتی ہے۔(ظفر الاسلام، کوئٹہ)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو عزت اور خوشحالی نصیب ہوگی، آپ اپنے والدین کے لیے دعائے مغفرت کرتے رہا کریں۔ واللہ اعلم۔
جلدبازی کا مظاہرہ نہ کریں! جلدشادی ہوگی
میں خواب دیکھتی ہوں کہ محلے کی ایک عورت ہمارے لائونج میں بیٹھی ہے اور بہنوں کے رشتوں کے بارے میںپوچھتی ہے تو میں جواب دیتی ہوں کہ جیسے ہی بندش ختم ہوگی تو دوسرے دن ہی اچھی جگہ رشتے ہو جائیں گے۔ اتنے میں ابو کمرے سے نکلتے ہیں اور میری طرف دیکھتے ہیں تو میں خاموش ہو جاتی ہوں۔ منظر بدلتا ہے اور میں دیکھتی ہوں کہ ہمارے لائونج کی دیواروں پر کسی نے پان کی پچکاری تھوک دی ہے جب غور کرتی ہوں تو ایسا لگتا ہے کہ کلر خراب ہوگیا ہے۔ (ثمینہ، کراچی)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ان شاء اللہ اچھی جگہ رشتے طے پاجائیں گے اور جلد بازی سے کام نہ لیں، آپ بھی اور آپ کی تمام بہنیں ہر نماز کے بعد 100بار بسم اللہ الرحمن الرحیم کی ایک تسبیح پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔ واللہ اعلم۔
یہ شادی کامیاب رہے گی!
دیکھا کہ دو لڑکیاں جو کسی زمانے میں میری کلاس فیلو تھیں ہمارے گھر کی چھت پر بیٹھی ہیں ان میں سے ایک لڑکی کہتی ہے ان کا گھر پیارا نہیں ہے۔ فرش ٹوٹے پھوٹے سے ہیں۔ میں کہتی ہوں اب دیکھو ہمارا گھر کتنا پیارا بن گیا ہے۔ میں اس سے بہت اصرار کرتی ہوں لیکن وہ ٹال جاتی ہے۔ پھر دیکھا کہ میرا چھوٹا بھائی بڑے بھائی کو ایک خط بھجواتا ہے۔ خط کالے رنگ کی روشنائی سے لکھا ہوا ہے۔ میں اپنے بڑے بھائی کو خط دیتی ہوں تو وہ کوئی اور خط ہوتا ہے۔ میں حیران ہوکر چھوٹے بھائی کا خط ڈھونڈتی ہوں لیکن وہ نہیں ملتا۔میں بہت زیادہ پریشان ہوتی ہوں۔ (پوشیدہ،سکھر)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق جو استخارہ آپ نے بھائی کی منگیتر کے سلسلے میں کیا ہے اس میں واضح طور پر یہ بات بتائی گئی ہے کہ ان شاء اللہ یہ شادی کامیاب رہے گی اور آپ کے بھائی کی منگیتر اس کی اچھی بیوی ثابت ہوگی۔ آپ کے گھر کی رونق میں مزید اضافہ کرے گی۔ واللہ اعلم۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں