خوشیوں میں حصہ لیجئے! دوستوں کی خوشیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیجئے ان کے غم میں شریک ہوکر غم غلط کرنے کی کوشش کیجئے۔ دوستوں سے مسرت و اخلاص سے ملیں نہایت توجہ خوش دلی، نرم خوئی اور خندہ پیشانی سے ملیئے۔ ملاقات کے وقت ایسا انداز اختیار کیجئے کہ آپ کے دوست خوشی اور زندگی محسوس کریں۔ اگر خدانخواستہ کبھی طبیعت اور ذوق کے خلاف بات ہو جائے تو اپنی زبان پر قابو رکھیے۔ کبھی بھی سخت کلامی اور بدزبانی نہ کیجئے۔ بلکہ صلح و صفائی میں کبھی تاخیر نہ کیجئے تاخیر دلوں میں دوری پیدا کرتی ہے۔ اپنے دوستوں کی اصلاح و تربیت سے بھی کبھی غفلت نہ کیجئے یعنی خودپسندی اور تکبر سے دوستوں کو ہمیشہ بچاتے رہے۔دوست کے عیب ظاہر نہ کرو: پیارے نبیﷺ کا ارشاد ہے بلکہ منبر پر چڑھ کر نہایت اونچی آواز سے حاضرین کو تنبیہ فرمائی۔ ’’مسلمانوں کے عیوب کے پیچھے نہ پڑو جو شخص اپنے مسلمان بھائی کے پوشیدہ عیوب کے درپے ہوتا ہے تو پھر خدا اس کے پوشیدہ عیوب کو طشت ازبام کرنے پر تُل جاتا ہے اور جس کے عیب افشاں کرنے پر خدا تُل جائے تو وہ اس کو رسوا کرکے چھوڑتا ہے اگرچہ وہ اپنے گھر کے اندر گھس کرہی کیوں نہ بیٹھ جائے۔ (ترمذی)دوستوں کے عیبوں کے بارے میں تجسس اور ٹوہ میں نہ لگیں، پوشیدہ عیبوں کو کریدنا کوئی اخلاقی خدمت نہیں ہے بلکہ ایک مہلک مرض ہے۔دوستوں کی خبر گیری کیجئے ہر طرح جان و مال سے ان کی مدد کیجئے۔دوست کی حاجت پور ی کیجئے:پیارے نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے کہ جو شخص اپنے بھائی کی حاجت پوری کرے گا تو خدا اس کی ضرورت پوری کرنے میں لگا رہے گا اور جو کسی مسلمان کی کوئی مصیبت دور کرے گا تو خدا قیامت کی مصیبتوں میں سے کسی مصیبت کو اس سے دو رفرمائے گا۔ اپنے دوستوں کے راز دار بنے دوست آپ پر اعتماد کریں آپ سے دل کی بات کہہ سکیں۔ دوستوں کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچائیے اپنے سینے کو رازوں کا محفوظ دفینہ بنائیے تاکہ دوست بلا کسی جھجھک کے ہر
مسئلہ میں مشورہ کرسکے اور آپ دوست کو اچھا مشورہ دے سکیں اور تعاون کرسکیں۔ اپنے دوستوں سے ملاقات کیلئے جایا جائے اس سے اعتماد اور محبت میں اضافہ ہوتا ہے، ہدیہ اور تحفوں کا تبادلہ کیا کیجئے ہدیہ کے لینے سے دل جڑتے ہیں اور محبتوں میں اضافہ ہوتا ہےاور بہترین ہدیہ دوستوں کیلئے خصوصی دعائیں کیجئے اور ان سے بھی دعا کی درخواست کیجئے۔ دعا دوستوں کے سامنے بھی کیجئے اور ان کی غیر موجودگی میں بھی کیجئے۔ دوستوں کا خیال کرکے ان کے نام لیکر دعا کیجئے۔دوست کیلئے دعا:پیارے نبیﷺ کا ارشاد ہے کہ جب کوئی مسلمان اپنے مسلمان بھائی کیلئے غائبانہ دعا کرتا ہے تو خدا اس کو قبول کرتا ہےاور دعا کرنے والے کے سرہانے ایک فرشتہ مقرر رہتا ہے کہ جب وہ شخص اپنے بھائی کیلئے اچھی دعا کرتا ہے تو فرشتہ امین کہتا ہےاور کہتا ہے تیرے لیے بھی وہی کچھ ہے جو تو اپنے بھائی کیلئے مانگ رہا ہے۔ (صحیح مسلم)اور یہ دعا کریں۔اے ہمارے رب! ہماری اور ہمارے ان بھائیوں کی مغفرت فرما جو ایمان میں ہم سے سبقت لے گئے اور ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کے خلاف کینہ اور کدورت نہ رہنے دے۔ اے ہمارے رب! تو بڑا مہربان اور بہت رحم کرنے والا ہے۔ (آمین)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں