محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!یہ تقریباً 2008 کی بات ہے ہم لوگ رمضان شریف میں عمرے کے لیے گئے۔ مسجد نبویﷺ میں ظہر کی نماز کے لیے بیٹھی ہوئی تھی‘ ایک عمر رسیدہ عورت میرے ساتھ بیٹھ گئی ‘نماز کے بعد میں نے دیکھا کہ سفید کپڑے جو کہ کچھ پیلے پیلے ہورہے تھے اور اوپر جوگیانہ رنگ کا دوپٹہ چادر نما پہنے ہوئے تھی‘ باتوں باتوں میں اس نے بتایا کہ نہ میرا خاوند ہے ‘نہ بچے ہیں‘ خاوند فوت ہوگیا ہے ‘میں نے کہا :پھر پیسوں کا انتظام کیسے ہوا؟ اس نے کہا میں شہر سے کپڑے لاکر دیہات میں فروخت کرتی تھی‘اس طرح رقم اکٹھی کی ہے ۔ایک رات دس بارہ سال پہلے میں نے خواب دیکھا کہ میری حویلی کے باہر نبی پاکﷺ تشریف لائے‘ لوگ کہہ رہے ہیں کہ نبی پاکﷺ ہیں اور وہ ہاتھ مبارک کے اشارے سے مجھے بلا رہے ہیں۔ میری آنکھ کھل گئی۔ میں صبح اٹھی گُڑ والے چاول پکائے بچوں میں تقسیم کیے اور دل میں ارادہ کیا کہ میں عمرے کے لیے جائوں‘ میں اکیلی عورت تھی‘ بستی والوں سے بات کی۔ انہوں نے میرا پاسپورٹ بنوایا پھر ایجنٹ کے پاس میرا پاسپورٹ گم ہوگیا‘ دو تین سال درمیان میں گزر گئے۔ اس نے کہا کہ میں ڈھونڈ رہا ہوں مل جائے گا‘ دو تین سال کے بعد دوبارہ وہی خواب آیا کہ بہت سے بچے خوش ہورہے ہیں کہ نبی پاکﷺ تشریف لائے ہیں‘ میں دیکھتی ہوں کہ وہ پھر ہاتھ مبارک کے اشارے سے مجھے بلا رہے ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھوں کے آگے روشنیاں کوندنے لگیں۔ میں نے صبح اٹھ کر پھر وہی گُڑ والے چاول پکا کر تقسیم کیے‘ ادھر ایجنٹ نے بھی آکر خوشخبری دی کہ آپ کا پاسپورٹ مل گیا ہے اب اس نے علاقے کے ایک آدمی کے ساتھ میرا ویزہ لگوانے کے لیے بھیج دیا ایک رات مجھے اطلاع دی کہ آپ صبح چھ بجے بس کے اڈے پر پہنچ جائیں سب ہمسائے اکٹھے ہوگئے۔ انہوں نے میری تیاری کرائی‘ بیگ بنایا اور ایک آدمی موٹرسائیکل پر لیکر مجھے اڈے پر چھوڑنے گیا کیونکہ ہمارے گھر سے اڈہ چار میل دور تھا۔ اب میں مسجد نبویﷺ میں ہوں‘ میں جب چلتی ہوں تو میری آنکھوں کے آگے اب بھی ایسے روشنیاں ہوتی ہیں۔ میں حیران ہوکر اس کی باتیں سن رہی تھی کہ واقعی عمرہ ان لوگوں کیلئے ہے جنہیں بذات خود سرکارﷺ بلاتے ہیں۔ اتنے میں اس عورت کی گروپ والی خواتین آگئیں کہ نماز پڑھ لی ہے اب چلتے ہیں تو وہ عورت چلی گئی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں