سارے مہینوں سے افضل مہینہ رمضان المبارک کا ہے جو کہ اس مرتبہ تقریباً مئی میں ہی آرہا ہے۔ تقریباً اس لیے لکھا کہ اپریل میں صرف پانچ یا چھ روزے ہونگے باقی سارا مہینہ مئی میں ہے۔ جیسے کہ آپ جانتے ہیں رمضان میں روزہ رکھنے کی وجہ سے بعض لوگوں میں بھوک اور پیاس کی شدت بڑھ جاتی ہے اورکچھ لوگ اس مہینے میں بھی اکثر بیمار ہوجاتے ہیں حالانکہ یہ مہینہ سراسر شفاء ہی شفاء ہے۔ جو لوگ بیمار ہوتے ہیں اس میں بھی ان کی اپنی کوتاہی ہے‘ روزہ تو ہے ہی سراپا شفاء۔ اگر روزہ کو اس کی صحیح روح کے مطابق رکھا جائے تو بڑی بڑی بیماریاں ختم ہوجاتی ہیں جس کا اقرار آج کی جدید سائنس گلا پھاڑ پھاڑ کررہی ہے۔ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ لوگ اس ماہ مبارک میں کیوں ہوتے ہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ ہم نے غذاؤں کا غلط انتخاب کیا ہے! سحری میں ڈبل روٹی اور افطاری برگر! یہ کیا زندگی ہے؟ اس طرح کی غذائیں کھائیں گے تو بیمار تو ضرور ہوں گے۔ رمضان المبارک میں خود کو بیکری کی اشیاء سے سوفیصد دور رکھیں‘ صحت مند سادہ دیسی غذائیں کھائیں پھر دیکھیں رمضان المبارک میں کیسے آپ کو بیماریوں سے چھٹکارا نصیب ہوتا ہے اور ہمیشہ کی شفاء اور تروتازہ صحت مندزندگی آپ کا مقدر بنتی ہے۔آپ کو میں آج ایسی غذائیں بتاتا ہوں جو آپ کو رمضان میں اور رمضان کے بعد میں بھی صحت مند ہشاش بشاش رکھیں گی۔ سحری میں آپ دہی اور اس کے اندر شکر دیسی ڈال کر روٹی یا پراٹھا(جو دیسی گندم اور خالص دیسی گھی سے بنا ہو) کے ساتھ کھائیں۔ دوسرا :ایک چھوٹی سی پیالی میں دودھ کے اوپر سے بالائی اتار کر اس میں شکر یا شہد ڈال کر کھائیں یا لسی کے ساتھ روٹی یا پراٹھا کھائیں اور پانی ہمیشہ کھانے سے پہلے پئیں۔ آپ نے اکثر غور کیا ہوگا کہ سحری کا وقت ختم ہونے سے ایک منٹ پہلے پانی کی شامت ہوتی ہے۔ نہیں! ہرگز نہیں!!! پانی ہمیشہ پہلے پیئے اور افطاری میں املی آلو بخارا کاشربت صرف ایک گلاس پئیںاور پھر گھر سے مسجدمیں مغرب کی نماز پڑھنے جائیں ۔ نماز کے بعد پھر تسلی سے بیٹھ کر کھاناکھائیں اور ہاں اتنا زیادہ نہ کھائیں کے تراویح نہ پڑھی جائے ۔یہ ایسا شیڈول یا ترتیب ہے جو کہ ایک کامیاب ترین انسان کی ہے جو کہ دین اور دنیا میں بہت ہی آگے ہے۔ اگر آپ یہ اپنالیں گے تو ان شاء اللہ آپ رمضان المبارک میں اور رمضان المبارک کے بعد خود کو پہلے سے بہت زیادہ صحت مند‘ چاق و چوبند اور تندرست محسوس کریں گے۔ (انشاء اللہ)۔میرے اباجی دامت برکاتہم نے ہمیشہ سادہ غذائیں خود بھی کھائیں اور مخلوق خدا کووقتاً فوقتاً اپنےد رس‘ آرٹیکلز کے ذریعے انہی فطری غذاؤں کے فوائد و کمالات بتاتے رہتے ہیں جس سے مخلوق خدا کو بہت فائدہ ہوتا ہے۔ اکثر فرماتے ہیں کہ تین ’’ب‘‘ اور تین ’’چ‘‘ سے ہمیشہ پرہیز کریں۔ جیسے ب سے بوتل‘ برگر اوربرائیلر اور اسی طرح چ سے چاول‘ چکنائی اور چٹخارا۔ آپ بھی عمل کیجئے صحت مند رہیے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں