محترم قارئین السلام علیکم! میرا تسبیح خانہ سے تعلق گزشتہ پندرہ سال سے ہے‘ الحمدللہ! میں نے یہاں سے بہت فیض پایا ہے۔ چونکہ تسبیح خانہ سے پرانا تعلق ہے تو یہاں آنے اور خدمت کرنے والے احباب سے بھی اچھی سلام دعا ہے۔ آج میں ایک انوکھا واقعہ آپ کی نذر کررہا ہوں یقیناً لاکھوں قارئین اس سے مستفید ہوں گے اور میرے لیے صدقہ جاریہ ۔ قارئین! حضرت حکیم صاحب کے پاس ایک خدمت والے اکثر آیا کرتے تھے‘ ان کا نام انصار تھا‘ ان سے اکثر ملاقات ہوتی رہتی تھی‘ ان کے ذمے پودوں کی خدمت تھی‘ پودوںکی دیکھ بھال کرتے‘ ان کو پانی وغیرہ دینا‘ کانٹ چھانٹ وغیرہ کرتے۔ ایک دن اپنی خدمت سے فارغ ہوکر میرے پاس آگئے‘اور مختلف اعمال اور ان کے فوائد پر بات شروع ہوئی بات چیت کے دوران انہوں نےبتایا کہ ان کے پاس ایک خاندانی راز ہے‘ میں نے حیرانگی سے پوچھا وہ کیا؟کہنے لگے: جو شخص وہ پڑھے گا جتنا چاہے بیمار ہو اللہ پاک اسے صحت کاملہ عطا فرمادیتے ہیں۔جب میں نے یہ سنا تو اپنی نشست سے اٹھ کر کھڑا ہوگیا‘ میں نے پوچھا وہ کیا عمل ہے؟‘ انہوں نے کہااسم الٰہی یَاعَظِیْمُ یَاحَیُّ 1038 مرتبہ جو پڑھے گا اگر وہ بیمار ہے تو اللہ پاک اس کو صحت کاملہ عطا فرمائیں گے۔
میں نے اسی وقت یہ وظیفہ اپنے پاس لکھ لیا‘ اس کی بات میرے دل کو لگی اور اس وظیفہ کو جلدازجلد کسی پر آزمانے کا ارادہ کرلیا۔انہی دنوں میرے گھر میں مستری ‘ مزدور کام کررہے تھے‘ ایک دن میں گھر پر ہی تھا کہ دوپہر 12 بجے ایک مستری نے کہا کہ میں گھرجارہا ہوں‘ کچھ ایمرجنسی ہے۔ میں نے پوچھا کہ بھائی کیا ہوا؟ کیا ایمرجنسی ہوگئی تمہیں؟ اس نے استفسار پر بتایا کہ میرے والد صاحب شدید بیمار ہیں ان کو ہسپتال لے کر جانا ہے۔ وہ کافی دنوں سے بیمار ہیں علاج کروارہے ہیں مگر وقتی فائدہ ہوتا ہے‘ جیسے ہی دوائی کا اثر ختم ہوا طبیعت دوبارہ بگڑ جاتی ہے۔
اسی وقت مجھے انصار صاحب کا دیا ہوا وظیفہ یاد آگیا‘ میں نے جلدی سے جیب ٹٹولی تو اس کے اندر سے ایک پرچی نکلی ‘جس کے اوپر یہ وظیفہ لکھا ہوا تھا‘ میں نے اس کو وہ پرچی تھمائی اور کہا کہ گھر جاکر اسے پڑھو اور اگر والد صاحب پڑھ سکتے ہیں تو انہیں کہو کہ یہ عمل کریں ان شاء اللہ وہ بالکل ٹھیک ہوجائیں گے۔اس بندے نے میری بات کو یقین سے لیا اور پرچی جیب میں ڈال کر جلدی سے گھر سے باہر نکل گیا۔ اس کے جانے کے بعد میں نے دعا کی یااللہ! میں نے اس کو تیرا نام دیا ہے تو اپنے نام کی لاج رکھ اور اس کے والد کوصحت کلی عطا فرما۔کچھ دنوں بعد وہ مجھے دوبارہ ملا‘ تو چہرہ ہشاش بشاش تھا اور آتے ہی مجھے گلے سے لگالیا‘ میں نے ہنستے ہوئے کہا بھائی کیا ہوا؟ کوئی خوشخبری ہے؟ تو مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ نے مجھے یَاعَظِیْمُ یَاحَیُّ کا عمل دیا تھا۔ ہم تمام گھر والوں نے والدصاحب کی نیت کرکے صرف ایک ایک مرتبہ ہی کیا‘ اس وظیفہ کی بدولت آج میرے والدصاحب بالکل ٹھیک ہیں‘ ان کی صحت بحال ہوچکی ہے‘ حالانکہ وہ کئی ہفتوں سے شدید بیمار تھے۔ اب کسی قسم کی کوئی دوائی نہیں کھاتے۔ اس کے علاوہ میں نے دو سے تین بندوں کو مزید یہ عمل بتایا‘ الحمدللہ! کسی نے آکر مجھے یہ نہیں کہا کہ مجھے فائدہ نہیں ہوا۔ قارئین! آپ بھی یہ عمل ضرور آزمائیے اور بذریعہ عبقری تمام قارئین کو اس کا کمال بتائیے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں