یہ نیک کام تو ضرورکریں!
میں نے اپنی بھانجی سے بچہ گود لینے کیلئے استخارہ کرایا ہے تو اس نے سمندر کا حصہ دیکھا سمندر کا آدھا حصہ سفید برف سے ڈھکا ہوا ہے میں اور میری بھانجی برف سے سنومین بنا رہے ہیں اور بہت خوش ہورہے ہیں اس کو اپنے اردگرد اور بہن، بھائیوں کے ہونے کا بھی احساس ہے اور سب لوگ برف اور پانی کو دیکھ کر خوش ہیں، کھیل رہے ہیں۔(م۔م، لاہور)
تعبیر:آپ کا خواب واضح ہے آپ یہ نیک کام ضرور کریں لیکن صرف اللہ پاک کو راضی کرنے کیلئے دیگر کوئی نیت نہ ہو۔
آپ کے گھر جادو کےاثرات ہیں!
میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ امی کہہ رہی ہیں کہ کل دعوت ہے گھر کی صفائی کرلو۔ میں جب گھر پر نظر ڈالتی ہوں تو گھر جالوں سے بھرا ہوتا ہے جالے اتنے بڑے ہوتے ہیں کہ میرے سر سے ٹکرا رہے ہوتے ہیں جب میں ایک دیوار کے جالے صاف کرتی ہوں تو دوبارہ سے وہ جالے آجاتے ہیں میں بار بار جالے صاف کررہی ہوں اور جالے دوبارہ سے واپس آرہے ہیں۔(مہوش ،ساہیوال)
تعبیر:آپ کے خواب میں اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے گھر پر جادو کے اثرات ہیں جس کی وجہ سے پورا گھر پریشانیوں کی لپیٹ میں ہے آپ 313 بار معوذتین روزانہ پانی پردم کرکے پورے گھر میں اس پانی کے چھینٹے ماریں اور تمام گھر کے افراد یہ پانی پی لیں مدت عمل 41 دن ہے۔
آپ کو صحت اور خوشحالی نصیب ہوگی
میں نے خواب دیکھا ایک تھیلی میں شہد ہے اور شہد میں اسمائے باری تعالیٰ لائن سے آتے ہیں اور جاتے ہیں پھر میں اس شہد کو ایک بوتل میں ڈال رہی ہوتی ہوں تو تھوڑا سا شہد نیچے گر جاتا ہے۔(ع، لاہور)
تعبیر:آپ کا خواب بہت مبارک ہے اور آپ کو انشاء اللہ صحت اور خوشحالی نصیب ہوگی آپ یَااَللہُ یَارَحْمٰنُ یَارَحِیْمُ بعد نماز عصر کثرت سے پڑھا کریں۔
کچھ عزیز بچھڑ جائیں گے! شوہر کا صدقہ دیں
میں خواب میں دیکھتی ہوں کہ میرے سامنے والے چار دانت میرے ہاتھ میں آکر گرتے ہیں تو پھر میں شیشے میں دیکھ رہی ہوں کہ میں کس قدر بری لگ رہی ہوں اور میں اپنے خاوند سے خواب میں ہی کہہ رہی ہوں کہ میرے سامنے کے چار دانت نئے لگوائیں۔ (مسز حیات‘ قصور)
تعبیر:آپ کا خواب اچھا نہیں ہے اور اس بات کا اندیشہ ہے کہ آپ کے کچھ قریبی عزیز رشتے دار آپ سے بچھڑ جائیں آپ اپنا اور اپنے شوہر کی طرف سے صدقہ فوری طور پر دیں اور یَابَارِیُٔ کثرت سے پڑھا کریں۔
آپ کو بہت جلد اچھی خبر ملے گی!
میں نے خواب میں دیکھاکہ ایک بہت بڑی پارٹی ہورہی ہے اس پارٹی میں میرے کچھ دوست بھی شامل ہیں اور میں بھی موجود ہوں، بہت ہنسی مذاق ہورہا ہے جیسے ہی پارٹی ختم ہوئی میں واپس جارہا ہوں سامنے ایک بہت اچھا سا دفتر آتا ہے اور میں اس دفتر میں چلا جاتا ہوں، سامنے ایک کرسی پر ایک آفیسر نظر آتا ہے اور میں اس کے سامنے خاموش رہتا ہوں۔ آفیسر مجھے کہتا ہے کہ افسوس بیٹے مجھے دکھ سے کہنا پڑتا ہے کہ آپ کی تاریخ آگئی ہے اور آج آپ کو پھانسی ہوگی پھر آفیسر ایک سپاہی سے کہتا ہے کہ اسے لے جائو۔ سپاہی مجھے ہاتھ سے پکڑکر لے جارہا ہوتا ہے کہ دوسرا سپاہی آکر مجھے پھول دیتا ہے اور میں رونے لگتا ہوں، اسی وقت میری آنکھ کھل گئی۔(قاسم بھٹی‘ لاہور)
تعبیر:آپ کا خواب مبارک ہے اور آپ کو انشاء اللہ کوئی اچھی خبر جلد سننے کو ملے گی آپ ہر نماز کے بعد سورئہ یٰسین پڑھ کر دعا کیا کریں۔
سفید کپڑے
میں نے خواب میں دیکھا کہ کسی جگہ ایک پچاس ساٹھ سال کی عمر کی عورت سفید کپڑے اور سفید کاٹن کا دوپٹہ اچھی طرح سے اوڑھے کچھ بانٹ رہی ہے، میری امی میرے ساتھ ہیں۔ وہ مجھے کہتی ہیں کہ جلدی سے آگے بڑھو اور اپنا حصہ لو۔ ایک ہی لڑکی کےبعد میری باری آجاتی ہے، وہ عورت جلدی جلدی مجھے سفید رنگ کے ڈبے پکڑانے لگتی ہے اور ان ڈبو ں میں قرآن پاک ہیں، تین بڑے ڈبے ہیں جن میں بڑے قرآن پاک ہیں جبکہ دو نسبتاً چھوٹے ڈبوں کے بارے میں میرا گمان ہے کہ ان میں سورئہ یٰسین اور پنج سورئہ ہے، ڈبے پکڑانے کے دوران ہی وہ عورت جلدی سے ایک قرآن پاک کھول کر مجھے دکھاتی ہے کہ دیکھو کتنا خوبصورت قرآن پاک ہے۔ جو صفحہ وہ دکھاتی ہے، وہاں اعوذ باللہ اور بسم اللہ کے ساتھ انتہائی خوبصورت رنگوں سے دیدہ زیب لکھائی میں الحمد شریف لکھی ہے جسے میں پڑھنا شروع کردیتی ہوں مگر ابھی تین چار سطریں ہی پڑھتی ہوں تو وہ عورت جلدی سے قرآن پاک بند کرکے مجھے تھما دیتی ہے اور خواب ختم ہو جاتا ہے۔(عاصمہ ریاض، لاہور)
تعبیر: آپ کو خوشی اور خوشحالی نصیب ہوگی اور تمام اہم کاموں میں آسانی ہوگی آپ روزانہ بعد نماز فجر 41بار سورئہ فاتحہ مع بسم اللہ کے پڑھا کریں۔ واللہ اعلم۔
میری شادی ہورہی ہے!
میں نے خواب دیکھا کہ میری شادی ہو رہی ہے، مولوی صاحب نکاح پڑھا رہے ہیںاور دولہا میرے ساتھ بیٹھا ہے، دولہا نے سفید کپڑے پہنے ہیں، سرخ چار خانے والا رومال اس کے کندھے پر پڑا ہے۔ جو لڑکا مجھے چاہتا ہے، اس کے ساتھ میری شادی نہیں ہورہی بلکہ دولہا کوئی اور ہے پھر دیکھا کہ جو لڑکا مجھے پسند کرتا ہے میں اسے چاول کی پلیٹ بھر کے دیتی ہوں اور مرغی کی ٹانگ چاولوں کے اوپر پڑی ہوئی ہے میں اس کے آگے رکھتی ہوں بارات میں بہت سے لوگ بھی ہیں۔(نبیلہ، راولپنڈی)
آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ جو لڑکا آپ کو پسند کرتا ہے اس جگہ اگر مناسب طریقے سے بات چلائی جائے تو یہ رشتہ انتہائی مبارک ثابت ہوگا۔ دوسرے خواب میں اس طرف متوجہ کیا گیا ہے کہ پاکیزہ زندگی کے اختیار کرنے سے آپ پریشانیوں اور آفات سے انشاء اللہ محفوظ رہیں گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں