محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کی قیامت تک آنے والی نسلوں کو دنیا و آخرت میں جزائے خیر عطا کرے (آمین)۔ میرا عبقری سے تعلق تقریباً دو سال سے کچھ زیادہ کا ہے اس کا ہر مضمون ہی لاجواب ہوتا ہے جو بھی ایک بار پڑھتا ہے آئندہ کا اسے انتظار رہتا ہے۔ مجھے اس میں جو چیز سب سے منفرد لگتی ہے وہ آپ کے بتائے ہوئے اعمال ہوتے ہیں جنہیں ہر بندہ کرسکتا ہے آپ کی اجازت سے میں نے تو یہ دیکھا اور سنا ہے کہ یہ وظیفہ صرف فلاں کیلئے ہے صرف یہ ہی کرسکتا ہے لیکن اس کے برعکس آپ کے بتائے گئے اعمال میں یہ قید نہیں ہوتی۔ آپ کا ہر وظیفہ ہر کسی کے لیے اور اجازت کے ساتھ ہوتا ہے۔ میں نے عبقری میں سے چند وظائف اور ٹوٹکے آزمائے اور مجھے فائدہ ہوا۔ دوسروں کو بھی بتائے انہیں بھی اللہ کے فضل سے فائدہ ہوا۔ فائدے درج ذیل ہیں:(فائدہ نمبر1)میں نے ایک دوست کو دوانمول خزانہ دیا ان کی جائیداد کا مسئلہ تھا وہ فروخت کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں اپنی مرضی کی قیمت نہیں مل رہی تھی اس نے تقریباً ایک ہفتہ ہی پڑھا تو ان کا مسئلہ حل ہوگیا وہ مجھے بڑی خوشی سے یہ بتا رہی تھی کہ یہ صرف دوانمول خزانے پڑھنے کی وجہ سے ہوا ہے۔(فائدہ نمبر2)میرے ساتھ ایک لڑکی جامعہ میں پڑھتی ہے اس کے چہرے پر بہت دانے تھے میں نے اسے وضو کے بعد تین گھونٹ پینے اور چوتھے کی کلی کرکے اسے منہ پر لگانے کو کہا اس نے کچھ دن ہی ایسا کیا تو حیرت انگیز طور پر اس کے چہرے کے دانے ختم ہوگئے اور رنگت بھی پہلے سے نکھر گئی ہے باقی لڑکیاں اس سے پوچھ رہی تھیں کہ تم نے کیا لگایا ہے چہرے پر تو اس نے انہیں بھی وضو کے بعد تین گھونٹ پینے کی ترتیب بتائی۔(فائدہ نمبر3)میری بچپن کی دوست جس کے ساتھ میں نے سکول و کالج میں وقت گزارا میرے بھائی کی شادی پر اس کی ملاقات مجھ سے ہوئی۔ وہ کافی پریشان تھی صحت کے لحاظ سے بھی کمزور تھی میرے پوچھنے پر اس نے اپنی ساری کہانی سنائی کہ اس کا خاوند پانچ چھ سال سے ملک سے باہر ہے۔ نہ خرچ بھیجتا ہے نہ فون کرتا ہے ‘اس کی چھوٹی بیٹی اس کے جانے کے بعد پیدا ہوئی‘ اس نے اسے نہیں دیکھا‘ اس کا اور اس کے بچوں کا خرچ اس کے میکے والے دیتے ہیں۔ اس کی ماں کہتی ہے کہ میکے آجائو اور یہیں رہو کیونکہ ادھر بھی تو ہم ہی تمہاری ضروریات کا خیال رکھتے ہیں لیکن وہ کہتی ہے کہ میں ادھر ہی رہوں گی۔ وہ اپنی عمر سے کافی بڑی لگ رہی تھی۔ نظر بھی کمزور ہوگئی تھی عینک لگی ہوئی تھی۔ میں نے جب سنا تو اسے افحسبتم اور اذان والا عمل کا بتایا کہ تین بار درود ابراہیمی، سات بار اذان، سات بار سورئہ مومنون کی آخری چار آیات پھر تین بار درود ابراہیمی پڑھ کر اپنے خاوند کا تصور کرکے دائیں کان میں پھونک مارو۔ دوبارہ پھر یہی عمل کرکے بائیں کان میں پھونک مارو اور اللہ سے دعا کرو۔ اللہ سب ٹھیک کردے گا۔ میں نے پھر اس کے لیے دعا بھی کی یا اللہ اسے تیرا نام بتایا ہے جو اپنے نام کی برکت سے اس کا مسئلہ حل کردے۔ کیونکہ وہ بہت وظائف کرچکی تھیں لیکن بے سود میں نے اسے بڑی تسلی دی اور کہا کہ ہر نماز کے بعد یہ عمل کرے تقریباً ایک ماہ کے بعد اس کی امی ہمارے گھر آئیں اور بتایا کہ اس کا خاوند اب فون بھی کرتا ہے پیسے بھی بھیجتا ہے اسے اب بچوں کی فکر لاحق ہوگئی ہے جب مجھے وہ خود ملی تو مطمئن تھی اور خوش تھی میں نے اللہ کا شکر ادا کیا اور اسے عمل جاری رکھنے کا کہا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں