٭میری بیوی پر اثرات ہیں٭جب میری منگنی ٹوٹی٭میاں بیوی میں غلط فہمی٭حسد کی بنیاد پر بندش
٭گھر کے اندر جن نظر آتا ہے٭رزق کی تنگی دور٭کالے جوتے٭نسبت دین اور بھاریـ ذمہ داری
عمل جاری رکھیں: میں کئی روز سے قرآن پاک کے خواب دیکھتا ہوں۔ قرآن پاک کی آیت ، کبھی قرآن پاک کی آیت کے نمبر کبھی میں قرآن پاک پڑھ رہا ہوتا ہوں۔ (میری بیوی پر اثرات ہیں، میں اس کے لیے سورئہ بقرہ کی آیات پڑھتا تھا، اس کے بعد مجھے قرآن پاک کے خواب نظر آنے لگے ہیں)۔(شفیق۔ نواب شاہ)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ جس مقصد کے لیے آپ قرآن پاک کی تلاوت کررہے ہیں اس عمل کو جاری رکھیں۔ انشاء اللہ وہ مقصد پورا ہوگا۔
جب منگنی ٹوٹی تھی: میں نے دیکھا کہ میری شادی ہورہی ہے اس شخص سے جس سے میری پہلے منگنی ٹوٹی تھی۔ میں پریشان ہوتی ہوں۔ سوچتی ہوں کہ میں تو شادی شدہ ہوں پھر کیوں میری شادی ہورہی ہے۔ میں نے یہ بھی دیکھا کہ میرے پاس میرا بھتیجا ہے اور میں اس کو صاف کررہی ہوں جبکہ میری بہت لمبی چٹیا ہے۔(غ۔ راولپنڈی)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق آپ کے خاندان ہی کے کسی فرد نے آپ کے خلاف آپ کے شوہر کو ورغلایا ہے، تاہم یہ غلط فہمی ان شاء اللہ دور ہو جائے گی اور حالات بہتر ہوجائیں گے۔
غلط فہمی ختم: میں نے دیکھا کہ میرے واش روم میں گندگی ہے اور میں نے اس کو صاف کرنے کے لیے تین سفید بالٹیاں جس میں شفاف پانی ہے، استعمال کیں پھر دیکھا میں اپنے شوہر کے ہمراہ انگلینڈ میں رہ رہی ہوں اور وہ مجھے ایک بڑی تھیلی مالٹے اور ایک بڑی تھیلی میں سیب دیتے ہیں۔ (ش،پشاور)
تعمیر:آپ کے دونوں خواب اچھے ہیں اور اس میں اس بات کا اشارہ ہے کہ جو غلط فہمی آپ کےشوہر کو آپ سے پیدا ہوگئی ہے ان شاء اللہ دور ہوجائے گی۔
تنگی رزق دور ہوگی: میں نے دیکھا کہ ہمارے گھر کے قریب کسی کی شادی ہورہی ہے۔ ہمارے گھر والے شادی پہ گئے ہوئے ہیں۔ میں اپنی بلڈنگ کے نیچے بیٹھا ہوں، میرے دوست بھی میرے ساتھ بیٹھے ہیں۔ میں نمکین بسکٹ ایک بوتل میں ڈالتا ہوں اور دوستوں سے کہتا ہوں کہ آپ لوگ بھی کھائو۔ وہ کھاتے ہیں پھر میری بہن نے کسی کے ہاتھ چھوٹا بچہ بھیجا ہے کہ اسے گھر میں سلادو تو میں اسے اپنے گھر میں لے جاتا ہوں پھر میری بھتیجی مجھے کہتی ہے کہ میری کوئی چیز الماری کے پیچھے گر گئی ہے‘ مجھے اٹھا کردو تو میں اٹھا کر دیتا ہوں۔ اس کے بعد میں لسی پیتا ہوں، میری بھتیجی کہتی ہے کہ مجھے بھی دو، میں کہتا ہوں کہ لسی تو ختم ہوگئی، تھوڑی سی ہے پی لو۔ وہ پینے لگتی ہے تو اسے گھر کے اندر کوئی جن نظر آتا ہے وہ مجھ سے لپٹ کر روتی ہے اور کچھ کہہ بھی نہیں رہی۔ میں آیت الکرسی پڑھ کر اس پر دم کرتا ہوں۔(زوہیب‘ لاہور)
تعمیر:آپ کا خواب ماشاء اللہ بہت اچھا ہے اور اس بات کا اشارہ ہے کہ آیت الکرسی کے مسلسل پڑھتے رہنے سے آپ کی رزق کی تنگی دور ہو جائے گی۔ آپ روزانہ 41مرتبہ ایک وقت مقرر کرکے آیت الکرسی پڑھ کر اپنے مقاصد کے لیے دعا کرلیا کریں۔
حادثے سے حفاظت:میں نے دیکھا کہ میں اور میری بہن جہاز میں ہیں۔ ہم دونوں جہاز کے دروازے کے پاس کھڑے ہیں۔ جہاز اڑ بھی رہا ہے لیکن اس کا دروازہ کھلا ہے۔ میں حیران ہوتی ہوں کہ دروازہ کھلا ہونے کے باوجود جہاز کیسے اڑ رہا ہے اسے تو گر جانا چاہیے۔ میں جب پیچھے دیکھتی ہوں تو لوگ بہت اطمینان سے بیٹھے ہوتے ہیں اور انہیں کھلے دروازے کی کوئی فکر نہیں ہوتی۔ میں ڈرتے ڈرتے دروازے کے اور قریب ہوتی ہوں اور زور سے دروازے کو دھکا دیتی ہوں تو دروازہ بند ہو جاتا ہے۔ (بنت سلمان‘ ملتان)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ اللہ پاک نےآپ کی اور آپ کے گھر والوں کی کسی بہت بڑے حادثے سے حفاظت فرما دی ہے۔ آپ دو رکعت نفل شکرانہ کے ادا کریں اور حسب توفیق اپنا اور اپنے گھر والوں کی طرف سے صدقہ دیں۔
نسبت دین اور بھاریـ ذمہ داری:میں نے دیکھا کہ مدینہ منورہ میں کوئی تقریب ہورہی ہے‘ اس تقریب میں آپﷺ بھی موجود ہیں، پھر چند لمحوں بعد آپﷺ میرے سر پر عمامہ شریف باندھتے ہیں۔ مجھے آپﷺ کا چہرہ مبارک تھوڑا تھوڑا نظر آتا ہے، پھر میری آنکھ کھل گئی۔ (ق، چ۔ بھکر)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو دین کی نسبت سے کوئی بڑی ذمہ داری ملنے والی ہے۔ آپ اپنا تعلق کسی متبع شریعت و سنت اللہ والے بزرگ سے قائم کریں اور سیرت طیبہﷺ کا مطالعہ کرکے اپنی زندگی کو اس کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرتے رہیں۔
بندش ‘حسد : میں نے دیکھا کہ ایک بہت بڑا ہال ہے جس میں میری کزن کچھ کھارہی ہے اور میں دور سے دیکھ رہی ہوں۔ اچانک میری کزن مجھے بھی کھانے کو کہتی ہے، جو میں کھاتی ہوں وہ شے لکڑی نما چیز ہوتی ہے اور پانی سے تر ہوتی ہے پھر اسی ہال میں میرے جوتے غائب ہو جاتے ہیں۔ میں اور میری کزن جوتے ڈھونڈتے ہیں۔ میری کزن بہت سے کالے جوتے دکھاتی ہے کہ یہ پہن لولیکن میں وہ کالے جوتے لینے سے انکار کرتی ہوں اور ناامید ہوکر ہال سے نکلتی ہوں کہ اچانک میری کزن میرے پرانے جوتے میرے سامنے پھینک دیتی ہے۔(میمونہ‘ فیصل آباد)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق آپ کے خاندان ہی کے کسی فرد نے آپ پر حسد کی بنیاد پر بندش لگائی ہے لیکن اس بات کا اشارہ ہے کہ انشاءاللہ وہ بندش بالآخر ختم ہو جائے گی اور آپ کی شادی کسی اچھی جگہ پر ہونے کا بھی اشارہ ہے۔ آپ سورئہ فلق اور سورئہ ناس 313بار روزانہ پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں