کچھ نہ ہونے سے سب کچھ تک
جو شخص کم فائدہ پر قناعت کرے گا وہ بڑے فائد ہ کا مالک بنے گا۔ یہ ایک ایسا بے خطا اصول ہے جو اپنے اندر ابدی اہمیت رکھتا ہے آپ جس معاملہ میں بھی اس کو آزمائیں گے یقینی طور پر آپ کامیاب رہیں گے۔ایک شخص نے بازار میں چھوٹی سی دکان کھولی‘ وہ کپڑا دھونے کا صابن اور کچھ اور چیزیں بیچتا تھا۔ اس کی دکان پر بہت جلد بھیڑ لگنے لگی۔ دن کے کسی وقت بھی اس کی دکان گاہکوں سے خالی نہ رہتی۔ اس کا راز یہ تھا کہ وہ دو روپے کا صابن پونے دو رپے میں بیچتا تھا۔ آدمی اگر چار صابن خریدے تو عام نرخ کے لحاظ سے اس کا ایک روپیہ بچ جاتا تھا۔ (جو اس وقت اچھی رقم سمجھی جاتی تھی) ایک آدمی نے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ پونے دو روپیہ اس صابن کی تھوک قیمت ہے۔ دکاندار کو وہ صابن کارخانہ سے پونے دو روپے میں ملتا تھا اور اسی دام پر وہ اس کو گاہکوں کے ہاتھ فروخت کردیتا تھا۔اس آدمی نے دکاندار سے پوچھا کہ تم دام کے دام صابن بیچتے ہو پھر تم کو اس میں کیا فائدہ ملتا ہے۔ دکاندار نے کہا کہ میری دکان پر اتنا صابن بکتا ہے کہ اس کی 25 پیٹیاں دن بھر میں خالی ہوجاتی ہیں۔ میں ان خالی پیٹیوں کو ایک روپیہ فی پیٹی کے حساب سے 25 روپے میں بیچ دیتا ہوں۔ اس طرح ہر روز میرے 25 روپے بچ جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ جب آدمی میرے ہاں سے صابن لیتا ہے تو اکثر وہ کچھ نہ کچھ دوسری چیزیں بھی خرید لیتاہے یہ فائدہ اس کے علاوہ ہے۔یہ دکاندار دھیرے دھیرے ترقی کرتا رہا۔ اس کا نفع پہلے 25 روپے روز تھا‘ پھر پچاس روپے روز ہوا پھر وہ سوروپے اور دو سو روپے تک جاپہنچا۔ آدمی نے اتنا پیسہ بچا یا کہ اپنے بغل کی دکان بھی حاصل کرلی اور دونوں کو ملا کر ایک کافی بڑی دکان بنالی۔ اب اس کا کاروبار بڑھا یہاں تک کہ دس سال میں وہ شہر کا ایک بڑا دکان دار بن گیا۔یہ واقعہ بتاتا ہے کہ موجودہ دنیا میں کامیابی حاصل کرنے کے امکانات کس قدر زیادہ ہیں۔ حتیٰ کہ یہاں یہ بھی ممکن ہے کہ آدمی ’’بے نفع‘‘ کی تجارت شروع کرے اور کل وہ زبردست نفع والا تاجر بن جائے۔ آج وہ اپنے آپ کو ’’بے کچھ‘‘ پر راضی کرلے اور کل وہی وہ شخص ہو جو ’’سب کچھ‘‘ کا مالک بنا ہوا ہو۔ مگر دنیا کے ان بے حساب امکانات کو اپنے حق میں واقعہ بنانے کی لازمی شرط صبر اور عقل مند ہے جس کے پاس صرف بے صبری اور نادانی کا سرمایہ ہو اس کیلئے دنیا کے بازار میں کچھ نہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں