چار پانچ منقیٰ کے دانے بیج نکال کر دو اخروٹوں کی گری لیں اور چبا چبا کر کھالیں۔ روزانہ صبح دودھ کے گلاس کے ساتھ کھائیے، جسمانی کمزوری دور ہوگی اور سردرد بھی ختم ہو جائے گا۔ دماغ اور اعصاب کے لیے اس سے بہتر کوئی سستا اور آسان ٹوٹکہ نہیں آزما کر دیکھیے۔
اخروٹ بہت مزے کے ہوتے ہیں۔ اس کے مغز میں حیاتین کے علاوہ معدنی اجزا بھی وافر مقدار میں ہوتے ہیں جس سے بدن کی ٹوٹ پھوٹ اور عام جسمانی کمزوری دور ہو جاتی ہے۔ حافظے کے لیے روزانہ خود اور بچوں کو بھی ایک دو اخروٹ کھلائیے۔ اگر کمزوری کی وجہ سے سر میں درد رہتا ہو، حافظہ کمزور ہونے لگے، باتیں بھولنے لگیں، تو ایسے میں اخروٹ کو یاد رکھیے۔ چار پانچ منقیٰ لیں ان کے بیج نکال کر دو اخروٹوں کی گری لیں اور چبا چبا کر کھالیں۔ روزانہ صبح دودھ کے گلاس کے ساتھ کھائیے، جسمانی کمزوری دور ہوگی اور سردرد بھی ختم ہو جائے گا۔ دماغ اور اعصاب کے لیے اس سے بہتر کوئی سستا اور آسان ٹوٹکہ نہیں آزما کر دیکھیے۔ اگرآپ کے پاس اخروٹ وافر مقدار میں ہیںتو چار پانچ کلو گری لے کر اس کا تیل کولہو یا مشین سے نکلوا کر رکھیے۔ سردی میں اکثر پٹھوں کا درد پریشان کرتا ہے۔ اخروٹ کا تیل مالش کرنے سے پٹھوں کی اکڑاہٹ اور دردختم ہو جاتا ہے، اسی طرح پرانے طبیب بالوں کے سیاہی قائم رکھنے کے لیے سردیوں میں اخروٹ کا تیل سر میں اچھی طرح مالش کرواتے جس سے بالوں کی سیاہی تادیر قائم رہتی تھی۔اخروٹ زیادہ نہیں کھانے چاہئیں۔ خصوصاً اخروٹ کی گری پرانی ہو جائے تو پھینک دیں‘ زیادہ کھانے سے منہ میں چھالے پڑ جاتے ہیں اور متلی ہوتی ہے۔ یاد رکھیے کہ اخروٹ گرم ہوتے ہیں، اس لیے گرم مزاج والوں کو زیادہ نہیں کھانے چاہئیں، فائدے کے بجائے نقصان ہوتا ہے اور طبیعت بگڑ سکتی ہے۔ دو چار اخروٹ سے زیادہ نہ کھائیے۔ پرانی چوٹ کا نشان رہ جائے تو بہت بدنما لگتا ہے۔ اس پر اخروٹ کی گری پیس کر لیپ کرنے سے داغ چند ہفتوں میں میں دور ہو جاتا ہے۔ اسی طرح چھائیوں پر اخروٹ پیس کر لگائے جائیں تو یہ کم ہو جاتی ہیں۔ ہماری ایک عزیزہ کو معدے کی تکلیف تھی۔ ان کا معدہ بہت کمزور تھا۔ انہیں اخروٹ کھانے سے آرام آیا۔ پھلوں کے سرکے میں اخروٹ کی گری ڈال دیں۔ دھیان رکھیں کہ سرکہ اخروٹ سے اوپر رہے۔ پندرہ دن بعد گری نکال کر تھوڑی تھوڑی کھانے سے معدہ کو تقویت ملتی ہے۔ کچھ لوگ اخروٹ کا مربہ شہد میں ڈالتے ہیں۔ یہ مربہ سرد مزاج لوگوں کے لیے مفید ہوتا ہے۔اخروٹ کی شکل دماغ سے ملتی ہے۔ اسی لیے حکماء حافظے کی کمزوری اور تقویت دماغ کے لیے صبح دو اخروٹ کھانے کی ہدایت کرتے ہیں جبکہ اب تحقیق کے بعد اخروٹ کی اس افادیت کا پتہ چلا ہے۔ جو لوگ ایک یا دو اخروٹ صبح کھاتے ہیں، ان کا حافظہ بہتر رہتا ہے۔ کند ذہن بچوں کو صبح روزانہ ایک اخروٹ کھلانے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔اگر اخروٹ کو سیدھا رکھ کر چوٹ لگائی جائے تو اس کا خول تڑخ کر گری ثابت نکل آتی ہے۔ کچھ لوگ فریزر میں اخروٹ رکھنے کے بعد نکال کر توڑتے ہیں تو گری ثابت رہتی ہے۔ اسی طرح اخروٹ رات کو تیز گرم پانی میں تھوڑا سا نمک ڈال کر بھگوتے ہیں۔ پانی کی وجہ سے اخروٹ کچھ نم ہو جاتے ہیں، صبح توڑا جائے تو گری ثابت نکل آتی ہے۔ آپ حلوا جات میں اخروٹ کی گری ڈال سکتے ہیں۔ اخروٹ کی گری کا حلوا بھی بنتا ہے مگر تاثیر میں بہت زیادہ گرم ہوتا ہے۔ گرم مزاج لوگ اسے کھا نہیں سکتے۔ تھوڑے گڑ کی چاشنی بناکر اس میں اخروٹ کی گری ڈال کر آپ کسی طشت میں جما سکتی ہیں۔ بعدازاں اس کے ٹکڑے کرلیجئے۔ بس ایک بات یاد رکھیے، ہر چیز کی زیادتی نقصان دیتی ہے۔ خود بھی اخروٹ کھائیے دوسروں کو بھی تحفہ میں دیجئے۔اخروٹ پرانے ہو جائیں تو صحت کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ اس لیے مل بانٹ کر اخروٹ کھائیے‘ جلد ختم بھی ہوجائیں گے ‘ محبت بھی بڑھے گی اور آپ کو بے حد خوشی بھی ہوگی۔آپ اخروٹ فریزر میں رکھیے۔ پھر جتنے توڑنے ہوں نکال کر کھولتے گرم پانی میں ڈالیے۔ پھر ایک ایک اخروٹ نکال کر جوڑ کے پاس ہتھوڑی سے توڑیے۔ گری ثابت نکلے گی۔ اسی طرح بادام جتنے توڑنے ہوں، لیجئے اور چار منٹ چھلنی میں ڈال کر نلکے کے نیچے رکھیے۔ پھر بادام ترچھا کرکے توڑیں، وہ کھل جائے گا۔ انہیں فریزر میں رکھنے کی ضرورت نہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں