یَاقَھَّارُ سے سب ٹھیک
(شاہد فاروق‘ فیصل آباد)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! آپ اور آپ کے سب اہل وعیال کی سلامتی اور خیروبرکت کیلئےدعا گو ہوںاللہ سے دعا ہے کہ اللہ رب العزت آپ کا سایہ تادیر اپنے خاندان اور تمام مسلمانوں پر سلامت رکھے۔ آمین!گزشتہ رمضان میںمجھے چند دن تسبیح خانہ میں گزارنے کا موقع ملا۔اس سعادت کے دوران آپ کے رسالہ عبقری میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کا وظیفہ یَاقَھَّارُصبح و شام گیارہ گیارہ تسبیح پڑھتا رہا۔ پڑھنے کے دوران میری بیوی‘ والدہ کے کندھوں اور جسم پر کافی بوجھ رہتا تھا جو آہستہ آہستہ ٹھیک ہوتا گیا۔ اس کے علاوہ سر اور جسم کے بائیں طرف اور پھردائیں طرف درد ہوتی رہتی تھی جو کہ الحمدللہ اب ٹھیک ہے۔
سورۂ والضحیٰ سے فائدہ ہی فائدہ
(حافظ آصف مسعود)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!اللہ آپ کو قوت ‘ خیرو عافیت‘ امن وایمان اور صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے۔ آمین! میں آپ کا رسالہ پچھلے تین سال سے پڑھ رہا ہوں۔ علامہ صاحب کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کا تو میں دیوانہ ہوں۔میں نے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کتاب جلد اول بھی دفتر ماہنامہ عبقری سے خرید رکھی ہے‘ اس کتاب کے مطالعہ سے مجھے بہت فائدہ ہورہا ہے۔اس کتاب میں ایک عمل دیا گیا وَلَسَوْفَ یُعْطِیْکَ رَبُّکَ فَتَرْضٰی﴿والضحیٰ۵﴾ کی آیت کھلا پڑھنی ہے۔ میں دو ماہ سے اس آیت کو چلتے‘ پھرتے‘ اٹھتے‘ بیٹھے تلاوت کررہا ہوں۔ بہت فائدہ ہورہا ہے۔ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں اس کے فوائد آپ سے کیسے بیان کروں ۔۔۔ بس اتنا کہوں گا جیسے فوائد علامہ صاحب نے اس کتاب میں بیان کیے ہیں بالکل ویسے ہی فوائد مجھے حاصل ہورہے ہیں۔
یَاقَھَّارُ سے سکون
(ا،ر)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!امید ہے کہ آپ اللہ کی رحمت سے دنیا کے لیے رحمت ثابت ہورہے ہیں۔میں رسالہ عبقری بڑے شوق سے پڑھتی ہوں‘ پہلی مرتبہ میری ایک کزن نے مجھے رسالہ سے متعارف کروایا اس وقت سے اب تک ہر ماہ باقاعدگی سے پڑھتی ہوں۔اس میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا کالم ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ بڑے شوق سے پڑھتی ہوں اور دئیے گئے وظائف بھی کرتی ہوں جس سے مجھے بہت فائدہ ہورہا ہے۔ خاص کر یَاقَھَّارُ کا عمل میں نے گھریلو پریشانیوں‘ مشکلات اور الجھنوں کیلئے کیا تھا جس سے مجھے بہت فائد ہ ہورہا ہے اور زندگی میںایک سکون سا آرہا ہے‘ الحمدللہ! وظیفہ ابھی جاری ہے۔میں نے خوش ہوکر اس وظیفہ کا ذکر اپنی والدہ سے بھی کیا اور اب وہ بھی پڑھ رہی ہیں۔ محترم حکیم صاحب! میرا نام شائع مت کیجئے گا۔
محمدرسول اللہ کا فیض
(چ۔س)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں رسالہ عبقری ابھی ایک سال ہی ہوا پڑھ رہی ہوں اور اس ایک سال میں میں نے اس سے بہت کچھ پایا ہے۔ خاص کر’’ جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کی تو کیا ہی بات ہے۔اسی کالم میں ایک وظیفہ آیا کہ دو رکعت نفل حاجت کے پڑھیں اور پھر ایک دفعہ کلمہ پڑھ کر پچاس لاکھ مرتبہ محمدرسول اللہ پڑھنا ہے۔ میں نے خود بھی یہ عمل شروع کیا اور والد صاحب کو بھی بتایا‘ ابو قرض دار ہیں‘ چچا نے اپنی گاڑی سیل کرنی تھی۔ ابو کو یہ وظیفہ شروع کیے‘ دو دن ہی ہوئے کہ کوئی وسیلہ ہوا اور گاڑی سیل ہونے سے بچ گئی۔
یَاقَھَّارُ نے مشکلات سے نکالا
(ص،ب)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!عبقری رسالہ کا مجھ پر بہت بڑا احسان ہے‘ اس رسالہ نے مجھے مشکلات سے نکالا‘ میری زندگی کو آسان کردیا ہے۔میں ڈیپریشن کا شکار تھی‘ چھوٹی سی چھوٹی بات بھی دل کو بے چین رکھتی‘ دماغ ماؤف سن ہوجاتا‘ کرنا کچھ ہوتا اور کرتی کچھ۔۔۔پھر مجھے میری ایک دوست نےیَاقَھَّارُ والا وظیفہ بتایا اور ساتھ عبقری گفٹ کیا۔ میں نے پانی میں پاؤں رکھ کر صبح و شام گیارہ سو مرتبہ یَاقَھَّارُ پڑھا۔ اس وظیفے سے مجھے بہت سکون ملا اور میں دن بدن بہتر سے بہتر ہورہی ہوں۔
علامہ صاحب کے وظیفہ سے زیارت
(ت،ر)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری رسالہ بڑے شوق سے پڑھتی ہوں۔ آج سے تقریباً دو سال پہلے ہاکر میرے پسندیدہ ڈائجسٹ کے ساتھ یہ رسالہ بھی ہمارے گھر میں پھینک گیا۔ میں نےپڑھا اور پڑھتی ہی گئی۔۔۔ یقین جانیے میں نے عبقری پانچ مرتبہ اُسی دن مکمل پڑھ لیا اور اپنی پسندیدہ ڈائجسٹ کو بھول ہی گئی کہ وہ بھی میرے پاس پڑا ہے۔میں نے اُسی دن دفتر ماہنامہ عبقری فون کیا اور عبقری کی تمام گزشتہ فائلیں منگوالیں ۔ تب سے لے کر آج تک میں مسلسل عبقری پڑھ رہی ہوں۔ میں نے علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے کالم ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں ایک عمل پڑھااَللہُ نُوْرُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْض۔اس آیت کو ہر نماز کے بعد گیارہ مرتبہ‘ سوتے اور اٹھتے وقت بھی گیارہ مرتبہ پڑھے اور جب بھی کوئی چیز کھائے یا پئے اس آیت کو تین مرتبہ پڑھ لیا کرے۔یہ عمل میں نے کچھ دن کیا تو مجھے ہر روز خواب میں کسی نہ کسی متبرک مقام کی زیارت یا کسی بزرگ کی زیارت ہوتی۔
موتی مسجد نے سچی توبہ کرادی
(فرحان احمد‘ احمدپورشرقیہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ آپ کی عزت‘ علم اور حکمت میں اضافہ فرمائے۔ آمین!میں بہت زیادہ پریشانیوں میں گھرا ہوا تھاہرطرف سے مشکلات ہی مشکلات تھیں۔نماز میں بالکل ہی دل نہیں لگتا تھاباوجود کوشش کے خشوع و خضوع کے ساتھ نماز نہ پڑھ پاتا۔میں نے علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں سے ایک دفعہ موتی مسجد کا عمل پڑھا اورموتی مسجد میں حاضر ہوکر حاجت کے نوافل ادا کیے اور اللہ سے رو رو کر دعا مانگی۔ اچھے اخلاق اور خلوص سے نماز پڑھنے کی دولت سے اللہ نے نواز دیا اور اپنے آگے رونے کی اور سچی توبہ کی توفیق دے دی ہے۔
’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کی عاشق
(ر۔گ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! آپ کا ماہنامہ عبقری بڑے شوق سے پڑھتی ہوں اور ساتھ اپنے سٹاف کو بھی پڑھوا رہی ہوں۔ عبقری میں جو بھی وظیفہ آیا میں نے دوستوں کو بتایا ‘ جو بھی ٹپس آپ نے شائع کیں ہم نے اس پر عمل کیا‘ عبقری رسالہ شائع کرنے پر آپ کے شکرگزار ہیں ۔ مجھے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ بہت پسند ہے۔ میں اس مضمون کی عاشق ہوں‘ مجھے جنات سے بہت دلچسپی ہے۔مجھے علامہ صاحب سے ملنے کا بہت شوق ہے مگر مل نہیں سکتی۔آج کا دور جو کہ جادو اور تعویذ کا دور ہے اور ساری قیامت کی نشانیاں ہیں۔ میں نے جادو اور گھریلو پریشانیوں کے حل کیلئے علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا وظیفہ یَاقَھَّارُ جس کو بھی بتایا وہ اسی کا ہوگیااور اس کی اللہ نے ساری پریشانیاں حل کردیں۔
نفس کی آزمائش ختم
(م۔ت)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ پاک آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے‘ عبقری کافی عرصے سے پڑھ رہی ہوں مگر مطالعہ کی حد تک۔۔۔ پچھلے دنوں طبیعت میں گناہ کی طرف مائل ہونے کا بہت زور تھا۔ نماز پڑھنے کو بالکل دل نہ چاہتا‘ نمازیں قضا ہونا شروع ہوگئیں۔میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ بڑے شوق سے پڑھتی ہوں۔ میں نے اس میں موجود وظیفہ اَللہُ نُوْرُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْض۔اس آیت کو ہر نماز کے بعد گیارہ مرتبہ‘ سوتے اور اٹھتے وقت بھی گیارہ مرتبہ پڑھے اور جب بھی کوئی چیز کھائے یا پئے اس آیت کو تین مرتبہ پڑھ لیا کرے۔ چند روز پڑھا۔ حیرت انگیز طور پر بہت زبردست فوائد سامنے آئے اور نفس کی آزمائش کم کیا ختم ہی ہوگئی۔
سب مسئلے ہی حل
(عابد حسین‘ جہلم)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں مختلف بیماریوں میں مبتلا تھا جن میں دل کی تکلیف‘ کمردرد‘ گردن کے مہروں کا مسئلہ‘ چیسٹ پرابلم‘ معدہ کا مسئلہ‘ ایک بیماری ٹھیک ہوتی تھی تو دوسری شروع ہوجاتی تھی۔ اسی طرح میں دل والے ڈاکٹر کے پاس گیا اور اس کو چیک اپ کرایا تو ڈاکٹر کہنے لگا کہ آپ کو دل کی تکلیف ہے۔ آپ یہ ادویات استعمال کریں‘ دوائی کو نہیں چھوڑنا‘ 28 دنوں کے بعد مجھے تکلیف زیادہ ہوگئی رات تین بجے کا وقت تھا۔ مجھے سانس کی شدید تکلیف ہوئی‘ گھروالے سب میرے پاس آگئے۔ کہنے لگے کیا ہوا میں نے کہا کہ بس سانس ابھی بند ہونے والا ہے۔ پھر میں صبح صبح ڈاکٹر کےپاس گیا‘ ڈاکٹر نے ٹیسٹ کیے اور کہا تمہیں دل کی تکلیف نہیں ہے‘ تمہیں چھاتی کا مسئلہ ہے۔ مجھے انہوں نے ایک ہفتہ کی دوائی دی مگر آرام نہ آیا میں پھر گیا تو کہنے لگے کہ تیرا معدہ کا مسئلہ بھی ہے۔ اس کے بعد مجھے کمر درد شروع ہوگیا اور میں نے بیٹھ کر نماز پڑھنی شروع کردی‘ پھر میں نے ایک عامل سے پوچھا تو اس نے کہا تمہیں بیماری نہیں ہے یہ سب جادو کا مسئلہ ہے۔ کچھ تعویذ وغیرہ دئیے جو کہ پانی میں ڈال کر پینے تھے پانی پینے سے بیماری میں کچھ کمی تو واقع ہوئی مگر مکمل آرام نہیںآرہا تھا۔ ایک دن میں نے ایک بک سٹال پر عبقری رسالہ دیکھا‘ اس کے عنوان پڑھے تو میں نے کہا یہ جو بھی لوگ ہیں یہ صحیح ہیں کیونکہ اس میں مولانا کلیم صدیقی دامت برکاتہم العالیہ کا نام لکھا ہوا تھا کیونکہ ان کے ہاتھ پر لاکھوں لوگوں کو ایمان کی دولت نصیب ہوئی ہے۔ میں نے رسالہ میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ سے یَاقَھَّارُ والا عمل پڑھا کہ یہ بکثر ت پڑھنے سے جادو جنات کا مسئلہ ختم ہوجاتا ہے۔ یہ بات میں نے اپنے مولانا صاحب سے کی جو کہ تلہ گنگ کے رہنے والے ہیں تو وہ کہنے لگے کہ آ پ ایسا کریں کہ یہ عمل اس طرح کریں جس طرح عبقری رسالہ میں چھپ چکا ہے۔ ایک ایسا برتن لیں جس میں پاؤں ڈوب جائیں‘ وضو کی حالت میں صبح و شام گیارہ سو مرتبہ یَاقَھَّارُ اول و آخر اکیس مرتبہ درود شریف پڑھیں۔ میں نے یہ عمل گیارہ دن کیا‘ جگہ اور وقت کا خیال کرکے کیا تھا اور جو پانی تھا اس کو کسی نالی میں ڈالنا ہوتا ہے کیونکہ بیماری اس کے اندر چلی جاتی ہے۔ جب میں نے یہ عمل شروع کیاتو تیسرے دن خواب دیکھا کہ ایک کتا میرے پاس آیا میرے ہاتھ میں کوئی چیز ہے وہ مجھ سے چھیننا چاہتا تھا‘ اس کتے نے میرا بازو پکڑلیا مجھے ایسی خواب کبھی بھی نہیں آئی تھی اور اس کتے کی شکل بھی ایک بندے سے ملتی جلتی تھی۔ میں اُٹھ کر بیٹھ گیا اُس دن سے لے کر آج تک میرا وہ کمردرد‘ دل کا مسئلہ‘ چھاتی کا مسئلہ‘ معدہ کا مسئلہ‘ اس سے پہلے میرا گردن کے مہروں کا مسئلہ جس کا علاج میں بہت سے مشہور دواخانوں سے بھی کرواچکا تھا۔ سب کے سب مسئلے ختم ہوگئے۔ اس کے بعد پھر اللہ پاک کی ذات مجھے عبقری لے آئی اور ایک اللہ والے کی بات یاد آگئی کہ دور سے ہرآنے والی مصیبت جب نزدیک آتی ہے تو رحمت بن جاتی ہے۔
سے 15 سکیل میں ترقی12
(پوشیدہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!امید ہے کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے آپ خیریت سے ہونگے۔ حکیم صاحب ! میں یہ تیسری بار اپنے مشاہدات آپ کو بذریعہ خط لکھ رہی ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو زندگی دے اور مخلوق خدا کی خدمت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین!
محترم حکیم صاحب! ویسے تو پورا رسالہ ہی پڑھنے کے قابل ہے لیکن اس میں حیران کن صفحہ علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا کالم ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ ضرور پڑھتی ہوں۔میری ترقی کافی دیر سے رکی ہوئی تھی بہت کوشش کے باوجود میری ترقی نہیں ہورہی تھی۔ میں نے اپنی کیلئے علامہ صاحب کا وظیفہ وَلَسَوْفَ یُعْطِیْکَ رَبُّکَ فَتَرْضٰی ﴿والضحیٰ۵﴾ ہر اپنی وقت اٹھتے بیٹھتے پڑھتی ہوں ابھی میں نے اپنی ترقی کیلئے کچھ دن ہی پڑھا تھا تو مجھے 12 سکیل سے 15 سکیل ملا ہے۔ اس کے علاوہ بھی جس بھی مسئلہ کیلئے اس وظیفے کو پڑھتی ہوں تو میرا مسئلہ دو تین روز میں حل ہوجاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کو اس کا اجر عظیم عطا فرمائے ۔
موتی مسجد کا فیض
(ظ،س)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!آپ جس طرح دکھی انسانیت کی خدمت کررہے ہیں اللہ رب العزت آپ کو صحت و تندرستی اور ایمان کے ساتھ لمبی زندگی عطافرمائے۔ آمین! عبقری میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ بڑے شوق سے پڑھتی ہوں۔ میں نے اس کالم میں موتی مسجد کا عمل پڑھا اور اپنی مشکلات کے حل کیلئے موتی مسجد میں حاجت کے نفل پڑھنے کیلئے گئی۔ میںنے صرف دو مرتبہ ہی موتی مسجد میں جاکر حاجت کے نوافل ادا کیے تو اللہ رب العزت نے میری سن لی اور میری سب سے بڑی مشکل ایسے حل ہوئی کہ میں خود پریشان ہوں۔ موتی مسجد کا خاص عمل صفحہ نمبر 19پر ملاحظہ کریں۔
یَاقَھَّارُ نے سب ٹھیک کردیا
(وقاص احمد‘راولپنڈی)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! مجھے اللہ پر یقین ہے کہ آپ اور آپ کے اہل خانہ بمعہ عبقری کےمخلص ساتھیوں کے ٹھیک ہوں گے اور اللہ آپ کو اور آپ کے ساتھیوں پر کرم فرمائے۔ میرا آپ سے اور رسالہ عبقری سے تعارف ہوئے ایک سال ہوگیا ہے اور اس میں مجھ پر اللہ کا بہت کرم بھی ہوا ہے اور پچھلا رمضان جو کہ میں نےانٹرنیٹ پر آپ کے ساتھ گزارا‘ بہت اچھا گزارا‘ میں نے کبھی نماز تراویح نہیں پڑھی تھی مگر رمضان سے پہلے آپ نے سورۂ مائدہ والی آیت 11 مرتبہ اول وآخر درود شریف شعبان سے پڑھنا شروع کردیا تھا جس کی برکت سے مجھے روحانی اور جسمانی دونوں رزق ملے ہیں ایک سال سے زائد نوکری کی تلاش میں تھا جو کہ آپ کی دعا اور توجہ اور اللہ کریم اور سورۂ مائدہ سے مجھے مل گئی۔
رمضان میں الحمدللہ پورا مہینہ مراقبہ بھی کیا ہے اور بہت فیض ملا ہے۔محترم حکیم صاحب! میرے والد صاحب گاڑیوں کے رنگ کا کام کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ان کو دورے بھی پڑتے ہیں جو کہ اب عبقری میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کا وظیفہ یَاقَھَّارُ کانقش انہیں پہننے اوریَاقَھَّارُ انہیںپڑھنے کو دیا ہے۔ جب سے انہوں نے یَاقَھَّارُ کا نقش پہنا ہے اور ذکر کررہے ہیں سب کچھ ٹھیک ہے۔یاقہار کا نقش درج ذیل ہے:جو شخص یَاقَہَّارُ کو جدا جدا حرف میں لکھے یعنی ’’ی‘‘ علیحدہ ، ’ ’ا‘‘ علیحدہ ، ’’ق‘‘ علیحدہ ، ’’ ہ‘‘ علیحدہ ، پھر’’ا‘‘ علیحدہ ، اور’’ر‘‘ علیحدہ اور پھر اسی طرح دوسری دفعہ یعنی کل اکتالیس دفعہ جدا جدا حروف میں لکھے اور کالی سیاہی گھلنے والی ہو جو پانی میں گھل جائے اس کو تعویذ بنا کر گلے میں بھی ڈال سکتے ہیں‘ پی بھی سکتے ہیں اور اپنے تکیے کے اندر بھی رکھ سکتے ہیں ۔
یَاقَادِرُ یَانَافِعُ کافیض
(ر،د)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میری دعا ہے کہ آپ جیسے انسانیت کے خدمت گاروں کو اللہ تعالیٰ لمبی عمر دے تاکہ لوگوں کے بگڑے ہوئے کام سنور جائیں۔ آمین۔
میں رسالہ عبقری اور آپ کے درس بڑے شوق سے سنتا ہوں۔ میں ایک مرتبہ آپ کا درس سننے بروز جمعرات لاہور میں آیا تھا تو میرا بیٹا میجر رینک کا ہے ہم واہگہ بارڈر پر گاڑی پر جارہے تھے۔ سخت بارش شروع ہوئی۔ بیٹے نے کہا ابو کچھ پڑھو۔ آپ بھی بڑے وظیفے پڑھتے ہو‘آج پتہ چلتا ہے۔ بہت زور کی بارش تھی‘ گاڑی خراب ہونے کا خطرہ تھا۔ لہٰذا میں نے عبقری میں علامہ لاہوتی پراسراری کا وظیفہ جو ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کالم میں چھپا تھا۔ جو کہ صرف گیارہ دن تین تسبیح پڑھنے کا ہے۔ چنانچہ میں نے صرف 11 مرتبہ یَاقَادِرُ یَانَافِعُ پڑھا۔ بارش ایک دم رک گئی۔ ورنہ گاڑی کے پلگ میں پانی آجاتا اور گاڑی اُدھر پانی میں کھڑی رہتی‘ لہٰذا ہم صحیح سلامت واہگہ بارڈر پہنچے میں نے جس جگہ بھی یہ وظیفہ آزمایا ہے پورا کام ہوا ہے۔
عبقری کا دل اور حسن
(محمد سلیم)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں آ پ کا شکرگزار ہوں کہ آپ کی ہم قارئین سے دلی محبت ہے۔ علامہ صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ پڑھ کر بہت سے مشکل مسائل حل ہوئے‘ اللہ تعالیٰ کا نام لینا آیا اور دوسروں کو اس کا حق دینا اور اپنی ذمہ داری کا احساس ہوا۔شروع میں جب میں نے اس کو پڑھا تھا تو کچھ سمجھ نہیں آتی تھی پھر دل کا برتن بڑا ہوتا گیا اب اس کی دل میں بہت قدر ہے۔ عبقری کا دل ’’حال دل‘‘ ہے اور حسن ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ ہے۔ جیسے قرآن کا دل یٰسین شریف اور حسن خوبصورتی سورۂ رحمٰن ہے۔میں ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہوں‘ قلیل آمدن ہے‘ پڑھتا ہوں ایک ٹانگ سے معذور ہوں۔ ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ پڑھ کر ایک نئی زندگی ملی جس میں اللہ کی یاد ہے۔ سکون ہے‘ شکر ہے‘ بے فکر ہوں‘ گناہ سے نفرت ہوگئی ہے نیکی سے پیار ہے۔
موتی مسجدمیں نوافل کا طریقہ عمل
جو شخص شاہی قلعہ کے اندر شاہی دور کی بنی ہوئی مسجد میںجاکر دورکعت صلوٰۃالحاجت پڑھے اور سورہ فاتحہ میںاِیَّاکَ نَعْبُدُ وَاِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ پر جب پہنچے تو اس کا تکرار کرنا شروع کر دے اور بار بار اس آیت کو پڑھتا رہے چاہے آدھاگھنٹہ یا ایک گھنٹہ یا جتنی دیر بھی کھڑا رہ سکے ، اسکے بعدسورہ فاتحہ مکمل کرکے دوسری رکعت میں اسی طرح تکرار کرے جیسے پہلی رکعت میںکی تھی پھر یہ رکعت بھی پوری کرے اور پھراپنے گناہوں،نافرمانیوں پر نادم ہوتے ہوئے تقریباًبیس منٹ دعا کرے ۔
یاقہار کے خاص الخاص عمل کا طریقہ
کچا برتن‘ پرات یا کوئی لوہے کا تھال نمابرتن لے کرپانی سے بھرلیں۔ چارپائی پر بیٹھ کر اس میں اپنے پاؤں ڈبو لیں۔ اگر گرمی ہے توپانی ٹھنڈا ہو اور اگر سردی ہو تو گرم پانی میں پاؤں ڈبولیں‘ پاؤں ڈبونا بہت ضروری ہے اور باوضو بیٹھ کر آپ گیارہ سو بار یَاقَہَّارُ پڑھیں اور تصور کریں جس جادو سے‘ جس گناہ سے‘ جس عیب سے‘ جس بدکاری سے‘ یا شراب اور جوئے اور نشے سے نجات آپ چاہتے ہیں یا کسی کو دلانا چاہتے ہیں۔ اپنے لیے بھی پڑھ سکتے ہیں کسی کا تصور کرکے بھی پڑھ سکتے ہیں۔ وہ پڑھنا شروع کردیں۔ روزانہ ایک وقت مقرر ہو‘ قبلہ رخ بیٹھ کر‘پانی روز بدلنا ہے‘ اس پانی کو گرا دیں۔ اس وظیفہ کو روز پڑھنا ہے‘ گیارہ دن‘ اکیس دن‘ اکتہر دن‘ اکانوے دن۔ آپ پڑھیں۔ صبح و شام پڑھنا چاہیں تو فائدہ زیادہ ہوگا ورنہ ایک وقت بھی پڑھ سکتے ہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں