ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
کشف المحجوب کا حلقہ یہ عام نوعیت کا نہیں ہوتا بلکہ رازو رموز میں لپٹا ہوا معرفت کا پیغام ہوتا ہے جب ہم اپنے شیخ کے یہاں کشف المحجوب پڑھتے تھے تو اس محفل میں سارے آداب اور قوانین ہوتے تھے‘ ساری تربیت کے انداز ہوتے تھے‘ اسی وجہ سے اس محفل میں ہر شخص کو آنے کی بھی اجازت نہیں ہوتی تھی بلکہ سچ پوچھیے تو امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کی مجالس حدیث کا نقشہ ہوتا تھا۔ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کی مجالس میں احادیث کا بہت ادب ہوتا تھا۔ حدیث کی مجلس کے خلاف کوئی بھی بے ادبی ہوتی تھی تو آپ کے ساتھ حبشی غلام ہوتے تھے آپ ان کو اشارہ فرماتے اور وہ غلام اس بے ادب کو فوراً اس مجلس سے اٹھاتے اور باہر چھوڑ آتے۔ وہ ان مبارک مجالس میں تھوڑی سی بھی بے قدری‘ بے طلبی اور بے ادبی برداشت نہیں کرتے تھے۔ حتیٰ کہ بادشاہ وقت نے ایک کسی حدیث کے متعلق راہ چلتے ہوئے پوچھا تو آپ رحمۃ اللہ علیہ فرمانے لگے کہ تم نے حدیث کی بے قدری کی کہ راہ چلتے ہوئے پوچھا۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کا درس حدیث بڑی شان کا ہوتا تھا۔ نہاتے‘ اچھے کپڑے پہنتے‘ بہترین خوشبو لگاتے پھرمسند پر بیٹھتے‘ پھر سرورکونینﷺ پر درود پاک بھیجتے پھر طلبہ سے فرماتے کہ اب پوچھو کسی حدیث کے بارے میں اور جواب میں روضہ اقدس ﷺ کی طرف اشارہ کرکے فرماتے کہ ان قبر والے ﷺ یعنی آپ ﷺ نے یہ فرمایا۔ یہ تو بہت اختصار کے ساتھ میں نے آپ رحمۃ اللہ علیہ کی مجالس کا ادب بیان کیا ہے۔ ابو حفص نیشاپوری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے تھے کہ تصوف سراسر ادب ہے۔ ہر وقت ہر مقام اور ہرحال کاادب جس نے ان آداب کی رعایت کی وہ باکمال اولیاء کے مقام کو پہنچ گیا اور جس نے آداب کو ضائع کیا وہ محروم رہا۔ چاہے وہ خود کوکامل سمجھ رہا ہو۔ ایک شاعر نے کہا ہے:۔؎
خموش اے دل بھری محفل میں چلانا نہیں اچھا
ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں