Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

روحانی بیماریوں كا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - جولائی 2013

ذہنی بے سکونی

میری بہن کچھ عرصہ قبل ٹھیک تھی لیکن چند ماہ سے ذہنی طور پر بے سکون رہی ہے‘ بات کرتے کرتے بھول جاتی ہے‘ چیزیں رکھ کر بھی اسے جگہ یاد نہیں رہتی۔ کسی سوال کا جواب بمشکل دیتی ہے کمزور ہوگئی ہے اور سردرد کی شکایت رہتی ہے۔ اعتماد کی بھی بے حد کمی ہوگئی ہے اس حالت کے مطابق کوئی مشورہ دیں۔ (ام سلمیٰ)
جواب: بہن کو زیادہ سے زیادہ نفسیاتی سہارا مہیا کریں اور ماحول کو سازگار بنائیں تاکہ اگر کوئی بات ذہنی دباؤ کا باعث ہے تو وہ سامنے آسکے۔ کسی نفسیاتی معالج کو دکھادیں تو بہتر ہے صبح اکتالیس مرتبہ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم اور رات کو سو بار یَااَللہُ رَبُّ رَّحِیْمُ پانی پر دم کرکے پلائیں۔ غذا میں نمک کی زیادتی سے پرہیز کرایا جائے انشاء اللہ طبیعت بحال ہوجائیگی۔

میں جلد مرنے والی ہوں

یک سال سے مسلسل طبیعت خراب ہے‘ سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا ہوگیا ہے۔ علاج بھی کرایا ہے لیکن طبیعت بحال نہیں ہوتی۔ خیالات بھی الجھاؤ کا شکار ہوگئے ہیں۔ صبح ہوتے ہی وسوسوں کی یلغار شروع ہوجاتی ہے۔ بار بار خیال آتا ہے کہ میں مرجاؤں گی۔ نظام ہضم تلپٹ ہوگیا ہے اور تمام جسم درد کرتا ہے بار بار سردرد ہوجاتاہے۔ (آسیہ مقصود‘ کراچی)
جواب: رات کو کسی وقت اندھیرے میں بیٹھ کر چھیاسٹھ مرتبہ اَلْعَظْمَۃُ لِلہِ مَافِی السَّمٰوَاتِ کا ورد کرلیا کریں۔ انشاء اللہ بہت جلد منفی رجحانات پر قابو حاصل ہوجائے گا اور علاج بھی کارگر ثابت ہوگا۔

اس خط کو معمولی نہ سمجھیے

میں کالم میں شائع شدہ کئی عملیات پر عمل کرچکی ہوں اور مجھے بہت فائدہ حاصل ہوا اسی وجہ سے دوبارہ خط لکھ رہی ہوں۔ مسئلہ ہمارے گھر کے حالات کا ہے۔ چند سال پہلے ہمارے گھرانے کا شمار ایک خوشحال خاندان میں ہوتا تھا لیکن پھر حالات اتنی تیزی سے تبدیل ہوئے کہ ہم سنبھل نہ سکے۔ ہم اپنا سارا اثاثہ بیچ کر دوسرے شہر منتقل ہوگئے لیکن یہاں بھی پے در پے مصیبتوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا‘ معاشی طور پر صورتحال انتہائی مخدوش ہوگئی۔ کسی سمت سےا مید کی کوئی روشنی دکھائی نہیں دیتی۔ اس خط کو معمول کی تحریر سمجھ کر نظرانداز مت کیجئے گا‘ ضرور جواب دیجئے گا۔ (لبنیٰ اعجاز‘ راولپنڈی)
جواب: زندگی کے مختلف ادوار میں اچھے بُرے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حالات سے دلبرداشتہ ہونے کے بجائے صبر اور ہمت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا ہر طرح سے آدمی کے حق میں بہتر ثابت ہوتا ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ آدمی اپنے اعمال و افکار کا محاسبہ بھی کرتا رہے اور اسے بہتر بنانے کی کوشش کرے۔ بہتر عمل کے ساتھ تائید و توفیق ایزدی طلب کی جائے تو روح کو سکون حاصل ہوتا ہے اور آدمی کو قدرت کی اعانت حاصل ہوتی ہے اور ان باتوں کو سامنے رکھتے ہوئے نماز فجر اور نماز عشاء کے بعد گیارہ گیارہ بار یہ دعا کی جائے۔
لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ الْعَظِیْمُ الْحَلِیْمُ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمُ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ رَبُّ السَّمٰوٰتِ السَّبْعِ وَرَبُّ الْاَرْضِ رَبُّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمُ۔
جتنی بھی مالی استطاعت حاصل ہے اس کے مطابق ضرورت مندوں کی مالی امداد ضرور کیا کریں۔

بیداری وقت

چاہتا ہوں کہ روزانہ وقت فجر بیدار ہوجاؤں لیکن آنکھ نہیں کھلتی۔ دیر سے اٹھنے کی وجہ سے ذہنی کوفت ہوتی ہے۔ کوئی ایسی تدبیر بتائیں جس سے وقت پر بیدار ہونے میں مشکل پیش نہ آئے۔ (شکیل احمد‘ لاہور)
جواب: رات کو جلد سوجایا کریں اور سوتے وقت آنکھیں بند کرکے ذہن میں یہ جملے دہرائیں کہ اے اللہ! مجھے فلاں وقت بیدار کردینا۔ یہاں تک کہ نیند غالب آجائے۔ صبح جیسے ہی آنکھ کھلے فوراً بستر چھوڑدیں۔ اگر لیٹے رہے تو دوبارہ نیند حاوی آسکتی ہے۔

روزگار باندھ دیا

سات سال سے شوہر بے روزگار ہیں حالانکہ وہ ایک محنتی اور ہنرمند انسان ہیں اس کے باوجود وہ جہاں بھی کام کیلئے جاتے ہیں‘ مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ایک دفعہ وہ روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک بھی گئے لیکن وہاں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ کسی کا کہنا ہے کہ ان کاروزگار کسی نے باندھ دیا ہے۔ (فرخندہ افضل‘کوئٹہ)
جواب: یہ بات قانون خداوندی کے خلاف ہے کہ کسی کا رزق روک دیا جائے۔ لہٰذا اس قسم کا وسوسہ ذہن سے نکال دیں آپ کے شوہر یا آپ روزانہ صبح نماز فجر کے بعد سورج نکلتے وقت تین سو باریَابَاسِطُ کا ورد کرکے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کیا کریں۔ انشاء اللہ معاش کے معاملات میں آسانی اور سہولت حاصل ہوجائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مناسب منصوبہ بندی کو بھی بروئے کارلائیں کسی ایک جگہ لگ کر کام کریں یا اپنا کوئی کام شروع کریں۔ دیانت داری اور محنت کو مدنظر رکھیں۔

اس اذیت سے نجات دلائیں

میں بہت مجبور ہوکر یہ خط لکھ رہی ہوں۔ کچھ عرصے سے میرے ذہن میں شیطانی خیالات کی آمد شروع ہوگئی ہے۔ خاص طور پر اللہ تعالیٰ ﷻکی ذات عالی کے بارے میں طرح طرح کے خیالات آتے ہیں۔ میں نے ان خیالات کو دور کرنے کی بہت کوشش کی ہے لیکن ذہن پر خدا اور موت کا اتنا خوف سوار ہوچکا ہے کہ رات کو نیند بھی ٹھیک طرح سے نہیں آتی اور اگر آ بھی جائے تو چونک کرخوف کے عالم میں اٹھ بیٹھتی ہوں۔ کوئی طریقہ و تدبیر بتا کر جلد از جلد اس اذیت سے نجات دلائیں۔ (سعدیہ‘ گجرات)
جواب: روزانہ رات کو سونے سے پہلے باوضو ہوکر بیٹھ جائیں۔ گیارہ بار اِنَّ اللہَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ سر سے لے کر چہرے کے نیچے ٹھوڑی تک پھیرلیں۔ دوبارہ گیارہ بار پڑھ کر اسی طرح دم کریں۔ کل تین بار یہ عمل کیا جائے۔ اس عمل کو کم از کم دو ہفتے کیا جائے۔ اگر درمیان کے کچھ دن مجبوراً ترک ہوجائیں تو وہ شمار کرکے بعد میں دنوں کا شمار پورا کرلیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ روزانہ صبح کے وقت (سورج نکلتے وقت) پانچ منٹ تک پوری توجہ سے آسمان پر نگاہیں جما کر دیکھا کریں۔

میرا مسئلہ ڈر اور خوف

میرا مسئلہ ڈرخوف سے متعلق ہے۔ اندھیرے میں بہت زیادہ ڈر لگتا ہے اور ذہنی حالت عجیب سی ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی خوفزدہ ہونے کا عنصر میرے اندر زیادہ ہے اور ذرا سی غیرمعمولی بات سے میرے ذہن پر خوف مسلط ہوجاتا ہے۔ (محمد جمیل‘ حیدرآباد)
جواب: جب بھی فارغ ہوں اسم ذات اللہ اللہ کا ورد کرتے رہا کریں۔ صبح اور شام کو ایک چمچہ شہد پر سو بار یَااَللہُ رَبُّ رَّحِیْمُ دم کرکے کھالیا کریں۔ غذا میں نمک کی زیادتی سے پرہیز کیا جائے۔

اداسی کے بادل

میرے ذہن کی یہ حالت ہے کہ بہت جلد متاثر ہوجاتا ہے یا اثر لے لیتا ہے۔ پریشان ہوتی ہوں تو ذرا سی بات پر کئی کئی دن دل پر اُداسی کے بادل چھائے رہتے ہیں۔ کبھی اس حالت میں آنسو بھی نکلنے لگتے ہیں کبھی اپنے اندر اعتماد محسوس کرتی ہوں اور کبھی یہ حالت الٹ جاتی ہے۔ یہ ذہنی حالت پڑھائی پر بھی اثرانداز ہوتی ہے۔ جو کچھ پڑھتی ہوں کمرہ امتحان میں ذہن سے نکلنے لگتا ہے۔ گزرتے دنوں کے ساتھ یہ حالت بڑھتی جارہی ہے۔ محنت کرنے کے باوجود نتیجہ اچھا نہیں نکلتا۔ ان تمام ذہنی و نفسیاتی کمزوریوں پر قابو حاصل کرنے کیلئے کوئی طریقہ کار وضع فرمائیں۔ (فرزانہ‘ لاہور)
جواب: روزانہ رات کو سونے کیلئے لیٹیں تو پہلے سات بار آہستگی سے گہری سانسیں لیں اور پھر تصور کریں کہ آپ شیشے کے ایک جار میں بند ہیں۔ اس تصور کے ساتھ دل ہی دل میں یَاحَفِیْظُ کا ورد کرتی رہیں۔ تصور اور ورد کو جاری رکھیں یہاں تک کہ نیند آجائے۔ اگر نیند نہ آئے تو دس منٹ کے بعد یہ عمل ترک کردیں۔ روزانہ اس عمل کو تین ہفتے کیا جائے۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تین ہفتوں میں نتائج سامنے آجائیں گے۔

بازوؤں پر داغ

میری عمر بائیس سال ہے۔ چھ ماہ سے دونوں بازوؤں پر ہلکے ہلکے سیاہ داغ نمودار ہوگئے ہیں۔ پہلے میں نے توجہ نہیں دی لیکن اب یہ بڑھ گئے ہیں اور بدنما دکھائی دیتے ہیں۔ علاج کرارہی ہوں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہے۔ نہیں معلوم کہ یہ داغ کیوں پڑگئے ہیں۔ کوئی ورد یا وظیفہ بھی بتائیں جس سے مجھے علاج میں جلد فائدہ سامنے آئے۔ (صبا‘ گوجرخان)
جواب: ان حالات کو دیکھتے ہوئے ضروری ہے کہ پہلے صحیح تشخیص کا مرحلہ طے کیا جائے اور پھر علاج و تدبیر پر عمل کیا جائے۔ کسی اچھے اور مستند معالج سے رجوع کریں۔ صبح و شام پانی پر یَااَللہ یَاحَفِیْظُ یَارَحِیْمُ سوبار دم کرکے پیا کریں۔ انشاء اللہ جلد فائدہ سامنے آئے گا۔

 مشکلات میں مبتلا

میں کئی مشکلات میں مبتلا ہوں۔ پڑھائی میں اتنی کمزور ہوں کہ بمشکل پاس ہوتی ہوں‘ میری تحریر بھی اچھی نہیں ہے جس کا اندازہ آپ کو خط پڑھنے سے ہورہا ہوگا۔ میری ذہنی حالت بھی عجیب ہے کہ ڈر خوف اور وہم زیادہ ہوتا ہے۔ طبیعت گری ہوئی اور بے کیف رہتی ہے۔ لوگوں کے بارے میں کچھ نہ کچھ سوچتے رہنا میرا معمول ہے۔ اپنی شکل و صورت اور ہاتھوں کے بارے میں اکثر سوچ سوچ کر پریشان رہتی ہوں۔ اپنی ذہنی حالت کو بدلتا چاہتی ہوں لیکن تاحال ناکام ہوں۔ مجھے جو عمل بتائیں وہ رات کو سونے سے پہلے یا دن کی نمازوں کے بعد ہو۔ (کرن‘ ساہیوال)
جواب: اپنی طبیعت کو بدلنے کیلئے عمل کے ساتھ قوت ارادی سے بھی کام لیں۔ بار بار اپنے ذہن کو ترغیب دینے سے بھی شعور پر اس کا نقش مرتب ہوجاتا ہے۔ شکل و صورت اور ہاتھوں کے بارے میں حد سے زیادہ سوچنا آپ کی پریشان طبیعت کو ظاہر کرتا ہے۔ حالانکہ ضروری نہیں کہ آپ کی شکل و صورت اور ہاتھوں کے ساتھ کوئی بڑا مسئلہ ہو۔ رات کو سونے سے پہلے باوضو ہوکر لیٹ جائیں اور آنکھیں بند کرکے یَاحَفِیْظُ کا ورد کرتی رہیں۔ اس ورد کے ساتھ یہ تصور کریں کہ ایک نورانی لہر یا شعاع آسمان سے آکر آپ کے سر میں جذب ہورہی ہے۔ یہ عمل نیند آنے تک جاری رکھا جائے۔ انشاء اللہ اسم حفیظ کے انوار جلد متحرک ہوکر آپ کے اندر ڈر خوف اور وہم کا خاتمہ کریں گے۔ عمل کی مدت دو ماہ ہے۔

بالوں کی نشوونما

میرے سر کے بال گرنا شروع ہوگئے ہیں جبکہ بازوؤں‘ ٹانگوں اور سینے پر بالوں کی نشوونما میں اضافہ ہوگیا۔ صرف سر کے بالوں پر آفت آپڑی ہے۔ میں نے کافی عرصے پہلے ایک میگزین میں کوئی سورۂ تیل پر دم کرکے لگانے کے بارے میں پڑھا تھااب یاد نہیںہے اس طرح کی کوئی بات تجویز فرمائیں۔ (محمودہ‘ دبئی)
جواب:سورۃ اللیل 3 مرتبہ ایک بالٹی پانی پر دم کرکے اس پانی سے سردھولیا کریں۔ یہ عمل ہفتے میں دوبار کیا جائے۔ علی الصباح کھلی فضا میں گہرائی کے ساتھ سانسیں لیا کریں اور اس دوران ذہن اور جسم کو قطعی طور پر آزاد اور پرسکون کردیا کریں۔ کندھے کے بل کھڑے ہونے کی مشق کیا کریں یا دیوار کی مدد سے یہ عمل کریں تاکہ دوران خون سر کی طرف زیادہ جائےاس سے بھی بالوں کی نشوونما پر مثبت اثر مرتب ہوگا۔(نوٹ: یہ پانی کسی پاک جگہ پر گرائیں‘گٹر میں نہ جائے)

پرکشش چہرے کی خواہش

میری عمر بائیس سال ہے اور رنگ سانولا ہے۔ چاہتی ہوں کہ چہرے پر کشش آجائے اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ چہرے کے نقوش اچھے ہیں لیکن کشش کی کمی ہے۔ کسی تقریب میں جاتی ہوں تو احساس کمتری گہرا ہوجاتا ہے۔ بہت سے لوگوں کی باتوں سے بھی اپنے آپ کو محروم محسوس کرنے لگتی ہوں پھر بھی اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے مجھے لاکھوں سے بہتر بنایا ہے۔ میرے چہرے پر اکثر دانے نکلنے لگتے ہیں اور کبھی چہرہ صاف ہوجاتا ہے۔ (عاصمہ‘ سرگودھا)
جواب: اللہ تعالیٰ نے آپ کو لاکھوں سے بہتر بنایا ہے تو آپ احساس کمتری و محرومی میں کیوں مبتلا ہیں؟ یہی آپ کا مسئلہ ہے کہ ذہن ان احساسات کی وجہ سے پریشان رہتا ہے اور پریشان طبیعت شخص کا شہرہ کبھی شاداب نہیں رہ سکتا۔ آپ ہر طرح کے پریشان خیالات سے خود کو دور رکھیں۔ غذا میں پانی اور پتے والی سبزیاں اور پھل اعتدال کے ساتھ شامل رکھیں۔ روزانہ رات کو سونے سے پہلے اسم یَاکَرِیْمُ سو بار پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیرلیا کریں۔ اس عمل کو چالیس دن کیا جائے۔

Ubqari Magazine Rated 5 / 5 based on 851 reviews.