Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

خواتین پوچھتی ہیں

ماہنامہ عبقری - اکتوبر2012

 بھوکوں کی طرح کھاتی ہوں
بچپن سے ہی کیڑے مار دوائیاں کھارہی ہوں‘ مجھے بھوک بہت لگتی ہے‘ اتنی کہ برداشت نہیں ہوتی‘ دن میں چار بار پیٹ بھر کر روٹی کھاتی ہوں‘ ہضم ہوجاتی ہے۔ کھانا بھوکوں کی طرح جلدی جلدی کھاتی ہوں‘ روٹی نہ ملے تو مجھے ایسا لگتا ہے کہ پیٹ میں گیس بن رہی ہے۔ ہاتھ پاؤں کانپنے لگتے ہیں۔ روٹی کھاتے ہی میں ٹھیک ہوجاتی ہوں۔ اس مرض کی وجہ سے میں اکثر تقریبات میں سخت شرمندگی اٹھاتی ہوں۔ لوگ میری طرف دیکھ کر ہسنتے ہیں اس وجہ سے اب میں تقریبات میں بہت کم جاتی ہوں۔ (ثانیہ حیدر‘ لاہور)
مشورہ: آج کل آڑو تو نہیں ہیں لیکن جب آڑو کا موسم ہو تو شام کا کھانا کھانے کے بجائے پانچ آڑو کھالیجئے۔ یہ علاج تین ہفتے کیجئے۔ دو تین دن بعد چھوٹے بڑے کیڑے خارج ہونے لگیں گے اور ان کی افزائش بھی ختم ہوجائے گی۔ آڑو کا یہ علاج آزمودہ ہے۔ اس کے علاوہ امرود بھی کثرت سے استعمال کریں۔ دوسری اہم بات یہ کہ آپ کھانے سے پہلے ہاتھ دھوئیے‘ بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھیے اور پھر کھانا شروع کیجئے‘ چبا چبا کر کھائیے۔ جب کھانا کھاچکیں تو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیجئے اور کہیے’’اے اللہ! تیرا شکر ہے تو نے مجھے کھلایا‘ پلایا اور مسلمان بنایا‘ پھر دونوں ہاتھ منہ پر پھیر لیجئے۔ جس کھانے سے قبل بسم اللہ نہ پڑھی جائے اس میں برکت نہیں ہوتی۔ کہنے کو تو یہ چھوٹی بات لگتی ہے مگر اس میں بڑی فضیلت ہے۔ آپ کرکے دیکھئے آپ کو خود پتا چل جائے گا۔ پہلے زمانہ میں سب اہل خانہ دسترخوان پر بیٹھ کر کھاتے تھے اور کھانے کے باقاعدہ آداب تھے۔ آخر میں دعا مانگ کر اٹھا جاتا تھا۔ اب وہ زمانہ نہیں رہا۔ سڑکوں پر اور پارکوں میں ایک ہاتھ میں مشروب کی بوتل اوردوسرے ہاتھ سے لوگ برگر کھاتے چلتے پھرتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہورہاہے۔
بربادی کا علاج

میری عمر اٹھارہ سال ہے‘ میری دوست اچھی نہیں ہیں‘ ان کی وجہ سے میری صحت برباد ہوتی جارہی ہے‘ میرا جسم سوکھتا جارہا ہے‘ میں اپنی حرکتوں پر نادم ہوکر آپ کو خط لکھ رہی ہوں‘ آپ جواب ضرور دیجئے‘ الٹے سیدھے خیالات نے مجھے بری طرح متاثر کیا ہے‘ ایک نافرمان بیٹی سمجھ کر ہی مجھے مشورہ دیجئے۔ میں اب کیا کروں…؟؟؟؟ (پوشیدہ)
مشورہ:نافرمان بیٹی! آپ کی یہ بات اچھی لگی کہ آپ کو جلد احساس ہوگیا کہ آپ کی دوست اچھی نہیں‘ انسان اپنے دوستوں سے پہچانا جاتا ہے۔ آپ ان دوستوں سے ملنا جلنا چھوڑ دیجئے۔ صبح سویرے اٹھ کر ہلکی پھلکی چہل قدمی کریں‘ صبح صبح کی ٹھنڈی ہوا میں زور زور سے سانس لیں‘ صبح کی نماز پڑھنے سے تمام دن اچھا گزرتا ہے‘ شروع شروع میں آپ کو تھوڑی سی مشکل پیش آئے گی مگر پھر آپ محسوس کریں گی کہ نماز کے بغیر آپ کو دن گزارنا مشکل ہوتا ہے۔ پانچوں وقت کی نماز پڑھنے سے آپ کے الٹے سیدھے خیالات بھی دور ہوجائیں گے۔ عشاء کی نماز پڑھ کر جلدی سونے کی کوشش کیجئے تاکہ صبح چار بجے آنکھ کھل جائے‘ نماز پڑھ کر آپ کم از کم دس منٹ ورزش کیجئے۔ رات کو گیارہ بادام اور ایک چمچ کشمش پانی میں بھگو دیجئے۔ صبح پانی پھینک کر بادام اور کشمش کھا کر ایک گلاس دودھ پیجئے۔ اس مزیدار ناشتے سے آپ کا جسم موٹا ہونے لگے گا۔ سلاد اور سبزیاں خوب کھائیے۔ موسمی پھل کھائیے پھل کھانے سے صحت اچھی رہتی ہے۔ گوشت زیادہ کھانے سے نقصان ہوتا ہے۔ روزانہ مرغن غذا کھانے سے پیٹ کا نظام بگڑ جاتا ہے۔ بیٹی! بات یہ ہے کہ مذہب سے دوری ہمیں گمراہ کرتی ہے۔ آپ نماز شروع کریں تو چند ہفتوں ہی میں آپ کو اپنی صحت میں فرق محسوس ہوگا۔ پہلے گھر میں مشترکہ خاندانی نظام ہوتا تھا بچے کو شروع سے دادا‘ دادی اور گھر کے دوسرے بزرگ نماز کی تلقین کرتے تھے اچھی باتوں کی تعلیم دی جاتی تھی‘ ٹیلی ویژن‘ موبائل‘ انٹرنیٹ نہیں تھا۔ رات کو سوتے وقت اخلاقی اور مذہبی کہانیوں سے بچوں کے ذہن پر صحت مند اثرات مرتب ہوتے تھے۔ آپ کے گھر میں ضرور مذہبی کتابیں‘ تفسیر وغیرہ ہوں گی۔ وقت نکال کر آپ پڑھنا شروع کیجئے۔ اپنے اسلاف کے بارے میں پڑھ کر آپ حیران رہ جائیں گی۔ خالی ذہن شیطان کی آماجگاہ ہوتا ہے۔ آپ اوٹ پٹانگ باتوں کی بجائے مطالعے پر زور دیجئے۔ دل لگا کر علم حاصل کیجئے‘ انشاء اللہ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔
صرف بال گرتے ہیں

میرے سر کے بال گرتے ہیں‘ جس کی وجہ سے میں بہت پریشان ہوں‘ بہت سے شیمپو اور کنڈیشنر استعمال کیے لیکن فرق نہیں پڑتا‘ میرے سر میں خشکی نہیں صرف بال گرتے ہیں۔ (شائستہ‘ فیصل آباد)
مشورہ:شائستہ بیٹی!آپ زیتون کے تیل میں تھوڑا سا کسٹرآئل ملائیے اور ہر تیسرے دن‘ رات کے وقت بالوں کی جڑوں میں خوب لگائیے‘ صبح سر دھوئیے کلونجی اور میتھی کے بیج کے بجائے آپ سیکاکائی آدھ پاؤ اور آملے ایک پاؤ منگا کر رکھ لیجئے‘ دو پھلیاں سیکاکائی اور مٹھی بھر آملے رات کو پانی میں بھگودیجئے‘ صبح پیس کر اس سے اپنا سر دھولیجئے۔  کسٹرآئل لگانے کے بعد شیمپو یا صابن سے سر دھوئیے تاکہ چکنائی نکل جائے۔ بادام آپ کیلئے بہت مفید ہیں۔ کم از کم سات بادام صبح کھائیے۔ اس کے ساتھ دودھ کا ایک گلاس پی لیں تو اور بھی فائدہ ہوگا۔
خون کی شدید کمی
میرا رنگ بے حد پیلا ہے‘ لوگ مجھے بیمار سمجھتے ہیں‘ میں علاج کرا کرا کے تھک چکی ہوں‘ فرسٹ ایئر کی طالبہ ہوں‘ دودھ موافق نہیں آتا‘ خون کی بہت کمی ہے‘میرا ہاضمہ بھی خراب رہتا ہے ‘مجھے مشورہ دیجئے۔(ثمرین‘ جھنگ)
مشورہ: رات کو گیارہ عدد بادام اور تھوڑی سی کشمش پانی میں بھگو کر صبح نہار منہ کھائیے دن کے دس بجے کوئی موسمی پھل لیجئے‘ ہفتے میں ایک بار بکرے کی کلیجی ہلکی سی بھون کر ضرور کھائیے۔ آلو پالک‘ گوشت پالک اور قیمہ پالک ہفتے میں کم از کم دوبار کھائیے۔ صبح کی سیر ضرور کیجئے‘ سورج جب نکلتا ہے تو اس کی کرنوں کے سامنے کھڑے ہوکر گہرے گہرے سانس لیجئے۔ گہرا سانس لے کر ایک منٹ کیلئے روکیے‘ پھر آہستہ آہستہ سانس باہر نکالیے۔ شام کا کھانا جلد کھاکر گھر کے صحن میں کم از کم پندرہ منٹ ٹہلیے۔ کھانا کھا کرفوراً لیٹ جانے سے کھانا ہضم نہیں ہوتا۔ ایک ماہ اسی طرح کیجئے۔ آپ ڈاکٹر سے پوچھ کر وٹامن تجویز کرا کر بھی کھاسکتی ہیں۔ تازہ یا سوکھے پودینے کے پندرہ پتے لے کر آپ چائے کی طرح پانی میں دم دیجئے۔ ایک پیالی پانی کافی ہوگا‘ اسے ٹھنڈا کرکے پیجئے۔ اس سے آپ کا ہاضمہ بھی درست ہوگا۔ اس میں آپ ایک چھوٹی الائچی بھی ڈال سکتی ہیں اس کے پینے سے رنگت صاف ہوجائیگی۔

Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 243 reviews.