بیوی کیلئے نفقہ میں فراخی
رسول کریم ﷺ نے فرمایا عورتوں کے بارے میں اللہ سے ڈرو کیونکہ وہ تمہاری قید میں ہیں تم نے انہیں اللہ کے عہد و پیمان کے ساتھ حاصل کیا ہے اور اللہ کے کلمے کے ساتھ تم نے ان کی شرم گاہوں کو حلال بنایا ہے لہٰذا تم ان کیلئے لباس اور نفقہ کی فراخی رکھو تاکہ اللہ تمہارے لیے رزقوں میں فراخی دے اور تمہارے لیے عمروں میں برکت عطا فرمائے جو تم چاہو گے اللہ تعالیٰ تمہارے لیے کردے گا۔
اپنی حاجت اور بھوک کو پوشیدہ رکھنا
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہٗ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا ارشاد نقل کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ جو شخص بھوکا ہو‘ حاجت مند ہو اور وہ لوگوں سے اپنی حاجت کو پوشیدہ رکھے تو اللہ تعالیٰ شانہٗ پر بوجہ اس کے لطف و کرم کے یہ حق ہے کہ اس کو سال کی روزی حلال مال سے عطا فرمائے۔ (مشکوٰۃ)
صلہ رحمی:حضور اقدس ﷺ کا ارشاد ہے کہ جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں وسعت کی جائے اور اس کے نشانات قدم میں تاخیر کی جائے اس کو چاہیے کہ صلہ رحمی کرے۔ (مشکوٰۃ)(نشانات قدم میں تاخیر کیے جانے سے عمر کی درازی مراد لی جاتی ہے اس لیے کہ جس شخص کی جتنی عمر زیادہ ہوگی‘ اتنے ہی زمانے تک اس کے چلنے سے نشانات قدم زمین پر پڑیں گے اور جو مرگیا اس کے پاؤں کا نشان زمین سے مٹ گیا۔)
فقر کو دور کرنے والا کلمہ:رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ لاحول ولاقوۃ الا باللہ ننانوے بیماریوں کی دوا ہے جن میں سے کم درجہ کی بیماری فکر و غم ہے۔ (ترمذی)
اگر لاحول ولا قوۃ الا باللہ کے ساتھ لَا مَلْجَأ وَلَا مَنْجَا مِنَ اللہِ اِلاَّ اِلَیْہِ پڑھ لے تو اللہ تعالیٰ اس سے ستر بلائیں دور فرمائیں گے جن میں سب سے کم درجہ کی بلاء فقر ہے۔ (مشکوٰۃ بحوالہ ترمذی)
تقدیر پر راضی رہنا: رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: کہ خدا تعالیٰ اپنے بندوں کو جو کچھ دیتا ہے اس سے ان کی آزمائش کرتا ہے اگر وہ اپنی قسمت پر راضی ہوجائیں تو ان کی روزی میں برکت عطا فرماتا ہے اور اگر راضی نہ ہوں تو ان کی روزی کو وسیع نہیں کرتا۔ (مسند احمد)
صبح سویرے کام شروع کرنا
نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے: رزق کی تلاش اور حلال کمائی کیلئے صبح سویرے ہی چلے جایا کرو‘ کیونکہ کاموں میں برکت اور کشادگی ہوتی ہے۔ یعنی صبح سویرے حلال کمائی کرنے سے رزق میں برکت پڑتی ہے۔
گرا پڑا لقمہ کھالینا
حضرت جابر رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ فرمایا نبی کریم ﷺ نے کہ جس وقت گرپڑے تمہارا کوئی لقمہ تو اٹھالو اور اس کو پونچھ ڈالو جو کچھ اس میں لگا ہو اور پھر اس کو کھاؤ اور نہ چھوڑو اس کوشیطان کے واسطے۔ فرمایا جو کھانا کھاتے وقت دسترخوان سے گری ہوئی چیز کو کھالے ہمیشہ رزق کی فراخی میں رہتا ہے۔ (طب نبوی ؐ ص۱۰)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں