ناشتے کی اہمیت
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے صبح ناشتے کی اہمیت پر توجہ دلائی ہے۔ طبِ اسلامی نے اس روشنی میں ناشتا کر کے نیا دن شروع کرنے پر اصرار کیا ہے۔ اب جدید سائنس بھی اس قول وفعل سے روشنی حاصل کر رہی ہے۔ حال ہی میں امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے رسالے میں یہ بتایا گیا ہے کہ اگر آپ اپنا وزن کم کرنے کیلئے صرف ایک ہی وقت کھانا کھاتے ہیں تو پھر آپ کیلئے صرف ناشتے پر اکتفا کرنا بہتر ہوگا۔ تین مریضوں کو روزانہ چار سو حراروں کی خوراک دن بھر میں صرف ایک بار دی گئی۔ ان میں سے دو مریض جو صرف صبح کو کھاتے تھے ان کا وزن زیادہ کم ہوا ۔ ممکن ہے اس انگریزی کہاوت میں صداقت ہو کہ ناشتا کیجئے بادشاہ کی طرح‘ دوپہر کا کھانا کھائیے شہزادے کی طرح اور رات کا کھانا کھائیے فقیر کی طرح۔
بچپن میں افسردگی
دس سال قبل معالجین اس بات پر ہنستے تھے کہ بچپن میں بھی افسردگی ہو سکتی ہے۔ بچپن تو ہنسنے کھیلنے کا زمانہ ہوتا ہے۔ فرائڈ کے معتقدین کہا کرتے تھے کہ افسردگی کے لئے آپ کی ” انا“ یا ” خودی“ بہت قوی ہونے چاہیے۔ ظاہر ہے بچوں میں یہ بات نہیں ہوتی‘ لیکن اب بچوں میں افسردگی نہایت وسیع پیمانے پر پائی جا رہی ہے۔ لہٰذا محققین اس پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ بڑوں کی طرح جو بچے اس کیفیت میں مبتلا ہو جاتے ہیں وہ کھیل کود میں دلچسپی نہیں لیتے اور انہیں سونے میں بھی دشواری ہوتی ہے۔ یہ شکایت اکثر دماغ کی غیر معمولی حالت سے اور ان کیمیائی اجزاءسے ہوتی ہے جو اسے درست رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ ایسی صورت میں نفسیاتی علاج کے ساتھ ساتھ ہمدردانہ اور مشفقانہ بات چیت مفید ہو سکتی ہے۔
مونگ پھلی سے الرجی
برطانیہ میں لوگ سبزی خوری کی جانب زیادہ متوجہ ہو رہے ہیں لیکن اسی کے ساتھ ان میں الرجی کی شکایت بھی بڑھ رہی ہے اور معا لجین کی رائے میں اس کا ایک اہم سبب مونگ پھلی کا زیادہ استعمال ہے۔ ماہرین کے مطابق دودھ یا انڈوں کی طرح بعض بچوں میں مونگ پھلی کی وجہ سے الرجی پیدا ہو جاتی ہے۔ ایسے بچوں کے والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا الرجی کے ماہر سے معائنہ کرا لیں کیونکہ ابتداءمیں علاج اور پرہیز سے اس الرجی سے نجات آسان ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ بر صغیر پاک و ہند میں بھی خاص طور پر کچی مونگ پھلی کے بارے میں مشہور ہے کہ اسے کھانے کے بعد پانی پینے سے سخت قسم کی خارش اور فساد خون ہوتا ہے اس کے برخلاف بھنی ہوئی مونگ پھلی کا استعمال مضر ثابت نہیں ہوتا۔
سبزیاں اور پھل فالج سے بچاتے ہیں
یقینا یہ بات آپ کے علم میں کئی بار آ چکی ہے کہ اچھی صحت کیلئے سبزیاں اور پھل زیادہ کھانے چاہئیں‘ کیونکہ ان کے استعمال سے سرطان اور بلڈ پریشر سے تحفظ حاصل رہتا ہے۔ جرنل آف میڈیکل کی رپورٹ کے مطابق اب یہ بات بھی ثابت ہو گئی ہے کہ دن میں پانچ مرتبہ پھل اور سبزیاں کھانے سے خون کی رکاوٹ سے لاحق ہونے والے فالج کے خطرے میں ۵۲ فیصد اور دس مرتبہ ان کے استعمال سے اس خطرے میں ۱۳ فیصد کمی ہو جاتی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کے استعمال سے خون کی گٹھلیاں نہیں بنتیں جو فالج کا سبب ہوتی ہیں۔ اس لحاظ سے بہترین سبزیاں اور پھل گوبھی‘ پالک اور ترش پھل ہوتے ہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں