دوسروں میں دلچسپی لیتے رہئے
لوگوں سے محبت کریں‘ آپ کو محبت ملے گی۔نفسیاتی علاج میں یہ سبق دوائی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اپنے آپ پر جتنی توجہ مرکوز کریں گے‘ آپ نفسیاتی لحاظ سے اتنے ہی مریض ہوتے جائیں گے۔ ہر کسی سے یہ توقع نہ رکھیں کہ وہ آپ ہی کی خوشنودی اور آپ ہی کے مفاد کو اولیت دے‘ بلکہ ایسا رویہ اختیار کر لیں جیسے آپ دوسروں کے مسئلے حل کرنے کیلئے پیدا ہوئے ہیں۔
اپنی مزاجی کیفیت تبدیل کیجئے
اگر آپ اپنی قوت ارادی کی کمزوری کی بناءپر پریشان ہیں تو اس کے واسطے اپنے انداز میں تبدیلی پیدا کرنے کی کوشش کیجئے۔ محض خواہشات کر لینے سے کوئی فائدہ نہ ہوگا۔خواہش کی بناءپر سمجھ بوجھ کی طاقت پیدا نہیں ہوتی۔ بہ الفاظ دیگر خواہش بغیر عمل کے بالکل بیکار شے ہے۔
اٹھئے ہمت سے کام لیجئے
اچانک یہ اعلان ہرگز نہ کر دیجئے کہ بس آج سے مجھے کبھی غصہ نہ آئے گا یا میں طیش میں آکر کبھی بھی کچھ نہیں کہوں گا۔ اس کے بجائے اپنے دل میں اپنے آپ سے کچھ طے کر لیجئے کہ اگلے روز اگر مشکلات در پیش ہوں گی تو میں پرسکون رہوں گا۔ اس کے بعد اگلے روز اس فیصلے پر عمل کرنے کی کوشش کیجئے اور اس عزم کو پھر دہرائیے۔
آج کا کام کل پر نہ چھوڑئیے
یہ تو عموماً بہت آسان کام ہے کہ پچاس سگریٹیں پینے کے بعد اداسی سے یہ کہہ دیا کہ بس اب آئندہ سگریٹ نہ پیوں گا۔ آپ نے دیکھا کہ یہاں سگریٹ چھوڑنے کا صحیح معنوں میں کوئی ارادہ نہیں۔ ارادہ تو اس وقت صحیح مانا جائے گا جب آدمی کل سے بھی کم سگریٹ پینے کا تہیہ کرے۔ اس سے یہ اندازہ ہو سکتا ہے کہ ہاںیہ واقعی کوشش کر رہا ہے۔ اگر کوئی کام بہت مشکل ہے تو اسے رفتہ رفتہ چھوڑنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔
زندگی کو اس طور سے مرتب کیجئے کہ قوتِ ارادی کو مدد ملے
جب آپ کو یہ معلوم ہو جائے کہ آپ کا اصل مقصد کیا ہے تو پھر جہاںتک ہو سکے اپنی زندگی کو اس طرح مرتب کیجئے کہ آپ کا مقصد حاصل ہو جائے اگر آپ اپنی کسی کمزوری پر قابو حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ترغیب و تحریص کی تمام چیزوں سے حتی الامکان دور ہی رہئے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں