قارئین نے بار بار آزمایا پھر عبقری کیلئے سینے کے راز کھولے اور لاکھوں لوگوں کی خدمت کیلئے آپ کی نذر میں
ہرقسم کے درد اور تکلیف کیلئے کامیاب روحانی ٹوٹکہ
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میری کولیگ ہیں ان کے بازو میں اتنا شدید درد رہتا تھا کہ وہ رات کو سو نہیں پاتی تھی‘ میں نے دفتر ماہنامہ عبقری سے دو انمول خزانہ کتابچہ منگوایا اور انہیں پڑھنے کیلئے دیا۔ انمول خزانہ نمبر ایک ہر نماز کے بعد اور خزانہ نمبر دو ہروقت کھلا پڑھنے کو کہا۔ انہوں نے چند دن ہی پڑھا اور مجھے کہنے لگیں کہ میرا درد ایسے غائب ہوا جیسے میں نے چھٹی کیلئے بہانہ کیا ہو ادھر چھٹی ملی ادھر درد غائب۔ میری ایک کولیگ ہیں ان کو تھائیرائیڈ کی تکلیف بہت سالوں سے ہے۔ ڈاکٹرز نے پوری زندگی دوائی تجویز کی تھی کہ یہ آپ نے چھوڑنی نہیں ہے اگر چھوڑی تو مسئلہ بہت زیادہ خراب ہوسکتا ہے۔ میں نے انہیں بھی دو انمول خزانہ درج بالا ترکیب سے پڑھنے کو دیا۔ انہوں نے پڑھنا شروع کیا ان کی تکلیف آدھی بھی نہیں رہی۔ وہ خود حیران ہوتی ہیں اور کہتی ہیں کہ مجھے تو امید ہی نہیں تھی کہ میری یہ تکلیف کبھی کم بھی ہوسکتی ہے۔ اللہ آپ کو لمبی عمر دے‘ آپ کی نسلوں کو شادو و آباد رکھے۔ آپ کے وقت میں برکت پیدا کرے۔ آپ کو پوری دنیا کی خیر اوربرکتیں عطاکرے۔ میںاور ہم سب گھر والے آپ کو ساری زندگی یاد رکھیں گے‘ اپنی ہرنماز، دعا، ذکر، تسبیح، نفل وظیفے، صدقے میں آپ کا حصہ ہوگا۔ انشاء اللہ۔ اللہ ہمیں ہمیشہ عبقری سے جوڑے رکھے اور ہمارے دلوں میں آپ کیلئے عزت اور محبت بڑھے۔ آمین ثم آمین۔ (ارم عزیزبنت عبدالعزیز)
میرے دو طبی تجربات
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ پاک آپ کو اور عبقری کو تادم قیامت سلامت رکھے۔ آمین! میرے پاس دو طبی تجربات ہیں جو کہ میرے اپنے گھرکے آزمودہ ہیں۔
گھٹنوں کے درد کیلئے: ھوالشافی: ایک پاؤ گوند کیکر، ایک چھٹانک گوند کتیرہ دونوں کو باریک پیس لیں اور گھی میں ہلکا سابراؤن کرلیں۔ ایک چمچہ چائے والا صبح و شام نیم گرم دودھ کے ساتھ استعمال کریں۔ نوٹ: یہ دوائی میں نے اپنے والد کے بازوؤں کے درد کیلئے بنائی تھی‘ بہت خوب پایا، گھروالوں پر استعمال کیا۔
خارش، ایگزیمیا اور سورائسز سے شفاء پائیے
ھوالشافی: زنک آکسائیڈ بیس گرام‘ بورک ایسڈ بیس گرام‘ گندھک آملہ دس گرام‘ سیلی سلک ایسڈ بیس گرام‘ کاربالک ایسڈ پانچ گرام‘ سادہ ویزلین دوسوگرام۔ ان تمام اشیاء کو سوائے ویزلین کے کسی گہرے اسٹیل کے برتن میں ڈالیں۔ دو گھنٹے کے بعد ویزلین دو سوگرام ملائیں۔ کسی چمچ سے ادویات کو خوب یکجا کریں۔ خیال رکھیے کہ سفید دستانے استعمال کریں‘ ہاتھ کا استعمال ہرگز نہ کریں ورنہ ہاتھ متاثر ہونےکا خطرہ ہے اس کے بعد دوا کو کسی پلاسٹک کے جار میں محفوظ رکھیں۔ دراصل یہ دوا میں نے اپنے دونوں پاؤں کےانگوٹھوں میں خارش کی وجہ سے استعمال کی۔ اس کے استعمال سے مجھے شفاء مل گئی۔ اس کے بعد یہ دوائی گھر والوں نے ایک قریب کی رشتہ دار عورت کو استعمال کروائی‘ وہ کافی لیڈی ڈاکٹروں کے چکر کاٹ چکی تھی مگر اس کا پوشیدہ مسئلہ حل نہیں ہورہا تھا۔ اس نے صرف چند دن ہی استعمال کیا تو وہ بالکل ٹھیک ہوگئی۔ اس کے بعد کافی افراد نے یہ نسخہ استعمال کیا الحمدللہ! تمام کو شفاء ملی۔ حال ہی میں ایک چھوٹی بچی تھی اس کو استعمال کروایا‘ بچی اب بالکل ٹھیک ہے۔ میری خالہ کابیٹا ہے ان کی بڑی بیٹی کو اسکن انفیکشن ہوا۔ بنوں کے سب سے بڑے اسکن سپیشلسٹ سے کافی عرصہ علاج کروایا مگر مرض ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔ میں نے انہیں تھوڑی سی مقدار میں یہ دوائی دی۔ اللہ پاک کے فضل و کرم سے وہ بالکل ٹھیک ہوگئی۔ شکریہ عبقری! (شاہ نیاز خان‘ بنوں)
نوکری حاصل کرنے کا بارہا کا آزمودہ وظیفہ
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! یہ بہت سال پہلے کی بات ہے کہ میں نے کسی جگہ ایک عمل پڑھا تھا کہ بے روزگار اگر بعد نماز عشاء چار سو مرتبہ یَاعَلِیْمُ چالیس روز تک پڑھے تو روزگار ملتا ہے۔ جب میں بے روزگار تھا تو میں نے پڑھنا شروع کیا تو مجھے چند روز بعد ہی بہت اچھی نوکری مل گئی‘ میں نے چالیس دن مکمل نہیں کیے اور چند ماہ بعد نوکری ختم ہوگئی‘ میں نے پھر پڑھنا شروع کیا پھر نوکری مل گئی‘ پھر سستی ہوئی اور چالیس دن مکمل نہ کرسکا چند ماہ بعد پھر نوکری ختم ہوگئی۔ پھر یہی وظیفہ شروع کیا تو چند دن بعد ہی پھر نوکری مل گئی۔ ایسا تین بار ہوا‘ پھر میں نے چالیس دن مکمل پڑھا اور نوکری ختم نہ ہوئی۔ ایک مرتبہ آفس کے کام کے دوران غلطی ہوگئی‘ وہ غلطی میرے باس کو پتہ چل جاتی تو بہت بے عزتی ہوتی اور جاب بھی جاتی تو میں نے تین روزوں کی نیت مانی کہ میری یہ غلطی میرے باس کی نظر میں نہ آئے تو میں تین روزے رکھوں گا تو اللہ تعالیٰ نے میری یہ مشکل حل کردی۔ (ج۔ر)
کیکر لائیے اور آزمائیے چند نایاب ٹوٹکے
دانتوں کے امراض اور کیکر: کیکر کی نرم شاخیں لیں ان کی مسواک کرنے سے مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں‘ منہ سے گندی رطوبتیں ختم ہوتی ہیں‘ مسوڑھوں سے خون نکلنا بھی بند ہوجاتا ہے۔ کیکر کی لکڑی کو جَلا کر کوئلہ بنا کر پیس لیں‘ ہلکا نمک مکس کرکے دانتوں پر ملنے سے دانت مضبوط اور دانتوں سے پیپ آنا بند ہوجاتی ہے۔ اگر اس میں تھوڑی سی کالی مرچ اور سونٹھ بھی پیس کر شامل کرلیں تو بہت ہی اچھا صحت مند منجن ہے۔ نزلہ کو آرام: کیکر کی گوند منہ میں رکھ کر لعاب چوسنے سے تحریک نزلہ کو آرام آتا ہے۔ کان کی پیپ ختم: کیکر کے پھول ایک تولہ‘ تل کا تیل دو تولہ ملا کر آگ پر رکھ کر جوش دیں‘ جب پھول سیاہ ہوجائیں تو تیل چھان کر رکھیں‘ کانوں کی پیپ خشک کرنے کیلئے لاجواب ہے۔ نیم گرم حسب برداشت دو چار بوندیں کان میں ڈالیں آرام آجائے گا۔ بچوں کے منہ میں چھالے: کیکر کے پھول باریک پیس کر شہد میں مکس کرکے بچوں کے منہ میں لگانے سے آرام آتا ہے۔ یرقان: کیکر کے پھول کا سفوف ایک چمچ صبح نہار منہ ٹھنڈے پانی سے پھانک لیں‘ پانچ روز تک یرقان ختم ہوجاتا ہے۔ شوگر: کیکر کی گوند منہ میں روزانہ ڈال رکھیں‘ ایک ہفتہ تک شوگر کنٹرول ہوجائے گی۔ پیشاب کی کثرت ختم: کیکر کی کچی پھلیاں سائے میں خشک کرکے باریک پیس لیں تین ماشہ پانی سے استعمال کریں۔ پیشاب کی کثرت ختم ہوکر آرام آجائے گا۔ پرانا یرقان: کیکر کےپتے، پھول، پھلی، چھال اور گوند پانچوں اجزاء باریک پیس لیں۔ چھ ماشہ روزانہ میٹھے دودھ کے ساتھ کھائیں۔ مکمل آرام تک مسلسل کھائیں۔ (دعاگو مسزسید اعجاز شبیر بخاری ایڈووکیٹ‘ تلہ گنگ)
میرے آزمودہ روحانی و طبی ٹوٹکے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں کافی عرصہ سے عبقری رسالہ لے رہا ہوں‘ رسالہ خرید کر لوگوں میں ہدیہ بھی کرتا ہوں‘ میرے علاقے میں بہت تیزی سے عبقری متعارف ہورہا ہے۔ ادویات کے نتائج بھی بہت اچھے ہیں خاص کر شفائے حیرت سے اللہ کی مخلوق کو بہت فائدہ ہورہا ہے۔ میں گزشتہ ماہ تسبیح خانہ جارہا تھا تو پہلے راستہ میں کافی رکاوٹیں آئیں‘ ایسا لگ رہا تھا کہ تسبیح خانہ پہنچنا مشکل ہوجائے گا میں نےسورۂ قریش پڑھنا شروع کردیا میرے پاس وقت بہت کم تھا لیکن سورۂ قریش کی برکت سے ٹھیک وقت پر تسبیح خانہ پہنچ گیا۔ لاہور پہنچ کررکشہ لیا تو میں نے سورۂ قریش پڑھتا رہا شدید رش میں سے آسانی سےرکشہ نکل آیا اور میں وقت پر تسبیح خانہ پہنچ گیا۔ روغن بادام کا کمال: میں نے اپنے ایک دوست کو بتایا کہ وہ اپنی حاملہ بیوی کو روغن بادام دیا کرے بچے کی ڈیلیوری آسانی سے ہوگی لیکن اس نے خود تو عمل نہ کیا لیکن اپنی ساس کو بتایا تو ان کے گھٹنوں میں درد تھا روغن بادام دودھ میں ڈال کر پینے سے ان کے گھٹنوں کا درد ختم ہوگیا۔ عجب ٹوٹکے کا عجب فیض: میں عبقری کی ویب سائٹ پر 2014ء کی روحانی محفل سن رہا تھا تو اس میں حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم نے بتایا کہ جس جگہ درد ہو اس کا تصور کرکے پیشاب والی جگہ پر تھوک دیں‘ چند بار کرنے سے آرام آجائے گا۔ میں نے خود آزمایا‘ میرے سر میں جب درد ہوتا ہے تو ٹائلٹ میں پیشاب والی جگہ سردرد کا تصور کرکے تھوک دیتا ہوں تو آرام آجاتا ہے۔ زم زم کا کمال: گزشتہ رات میں اپنی بیٹی کے گھر تھا تو میرا نواسہ رات کو تکلیف کی وجہ سے بہت رو رہا تھا میں نے زم زم پڑھ کر پھونکنا شروع کیا تو نواسہ چپ کرگیا اور رات بھر آرام سے سویا رہا۔ میرا ایک مشاہدہ یہ بھی ہے کہ جب سے میں نے باتھ روم میں جانے کی دعا پڑھنی شروع کی ہے میرے ذہن میں برے خیالات نہیں آتے ہیں اور نفس کو قابو میں رکھنا آسان ہوگیا ہے۔ (ظفراقبال‘ میرپور‘ آزادکشمیر)
ہڈی ٹوٹی ہے یا آنکھ خراب ‘ چونکا دینےوالے ٹوٹکے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میری بیٹی سوا دوسال کی ہے جب وہ پیدا ہوئی اس دن سے ہمارا عبقری سے واسطہ ہوا‘ حیدرآباد سے عبقری ہمارے گاؤں آیا‘ میری بیٹی کی آنکھیں خراب تھیں‘ ڈاکٹروں نے کہا ایک سال کی ہوجائے پھر اس کا آپریشن ہوگا۔ آنکھ بہت زیادہ خراب تھی عورتیں کہیں کہ آنکھ ختم ہوجائے گی‘ سن کرمجھے بہت ڈر لگتا تھا‘ جب سال کی ہوئی ہم دو دفعہ ڈاکٹرز کے پاس لے کر گئے لیکن آپریشن نہیں ہوا لڑکی داخل ہوجائے‘ اسٹور سے ادویات آجائیں‘ سارا انتظام ہوجائے وقت بھی مل جائے لیکن آپریشن نہ ہو۔ ڈاکٹرز بے بسی والی کیفیت سے دیکھتے۔ شاید اللہ کا حکم نہیں ہورہا تھا۔ ہم لڑائی کرکے گھر واپس آگئے اور آکر بیٹی کی آنکھ میں صرف آب زم زم ڈالنا شروع کردیا‘ اللہ کے فضل سے آنکھیں بالکل ٹھیک ہوگئیں۔ اب رات کو میں اس کو بسم اللہ‘ کلمہ اور سونے کی دعا پڑھاتی ہوں‘ اب وہ خود مجھے رات کو بولے گی چلو مما میں تجھے لا الہ پڑھادوں پھر سوئیں گے۔ٹوٹی ہڈی کیلئے جادوئی ٹوٹکہ:ایک دوسری چیز جس کو ’’چندرس‘‘ کہتے ہیں پھٹکڑی جیسی ہوتی ہے۔ پنساری سے بہت سستی مل جاتی ہے۔ اس کا پاؤڈر کرلیں‘ کڑوی ہوتی ہے اس کو آٹے کا حلوہ بنا کر اس میں رکھ کر نگلیں یا پھر کیپسول بھر کر استعمال کریں۔ کوئی بھی ہڈی ٹوٹی ہو‘ درد ہو‘ اندرونی جلد پھٹ گئی ہو‘ہڈی ایسے جڑے گی جیسے کبھی ٹوٹی ہی نہ ہو درد ختم ہوجاتا ہے۔ میری ماں کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی تو بہن کافی ساری لے آئی تھی ہم نے کئی لوگوں کو دی ایک عورت کی بازو‘ بیل گاڑی کے نیچے آکر ٹوٹ گئی ہڈی چور چور ہوگئی تھی‘ ڈاکٹروں اور حکیموں سے علاج کرایا‘ آرام نہ آئے۔ وہ دوسرے ہاتھ سے بازو کو اٹھا کر چلتی تھی۔ میں نے اس کو دی اس نے کہا میری بازو کا جوڑ لگ گیا‘ درد بھی ختم ہوگیا‘ اب میں سارا کام کرتی ہوں۔ دوسرا واقعہ: ایک عورت ہندو تھی‘ سارا دن گھاس اور کھیتوں میں مزدوری کرنے والی اس کے دونوں ہاتھ نیچے لٹک رہے تھے‘ کہنے لگی: گرنے سے ہاتھ ٹوٹ گئے‘ میں روٹی بھی نہیں کھاسکتی‘ میں نے اس کو بھی دی‘ کچھ عرصہ استعمال سے وہ دوبارہ مزدوری کرنے کے قابل ہوگئی۔ درودشریف کا کمال:اس کے علاوہ ہمارے علاقہ میں ایک اللہ والی رہتی ہیں۔ اکثر گاؤں کی خواتین ان کے پاس جاتی ہیں ایک دو مرتبہ وہ ہمارے گھر میں بھی آئی ہیں۔ ایک عورت اس سے پوچھ رہی تھی کہ میرے لڑکے کی شادی نہیں ہوتی‘ کوئی وظیفہ دیں رشتہ مل جائے۔ میں چھوٹی تھی اس کی باتیں سن رہی تھی۔ اماں نے کہا: درود تنجینا گیارہ سو مرتبہ پڑھو‘ تین دن میں تعداد پوری کرنی ہے یا پھر ایک ہی وقت میں اتنا پڑھنا ہے۔ اس عورت نے تو پتہ نہیں کیا یانہیں لیکن میں درود تنجینا کو اپنے تین ایسے کاموں کیلئے پڑھا جو ناممکن تھے الحمدللہ درود پڑھنے کی برکت سے وہ کام اگر میں کہوں منٹوں میں ہوئے تو غلط نہ ہوگا۔ محترم حضرت حکیم صاحب! میرے پاس مشاہدات تو بہت ہیں مگر وقت کی کمی کی وجہ سے انشاء اللہ آئندہ لکھوں گی۔ (ف کوثر ارائیں)
عمل کیا ملا ‘ہر چیز مل گئی
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں نے فون پر وقت لے کر آپ سے ملاقات کی۔ آپ سے اپنے مسائل بیان کیے‘ آپ نے مجھے پڑھنے کیلئے ایک عمل یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ بِرَحْمَتِکَ اَسْتَغِیْثُ بتایا تھا جس کو میں نے نوے دن تک کرنا تھا‘اس عمل کےپڑھنے سے ہمارے بہت سے کام ہوئے ہیں‘ سب سےزیادہ فائدہ مجھے کاروبار میں ہوا ہے‘ پہلے میرے پاس گاہک کم آتے تھے لیکن اس عمل کی بدولت اب ماشاء اللہ اللہ کا شکر ہے کہ میری دکان پر گاہک کا رجحان بڑھ گیا ہے اور دکان بہت اچھی چل رہی ہے۔ پہلے میں کوئی بھی دعا مانگتا تھا جلدی قبول نہیں ہوتی تھی مگر جب سے یہ عمل ملا ہے جو بھی دعا مانگتا ہوںاگر وہ چیز میرے لیے بہتر ہے تو فوری مل جاتی ہے۔ میرےپیسوں میں برکت بہت زیادہ ہوگئی ہے۔(محمد نعیم اقبال‘ ملتان)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں