ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں اور مراقبہ بھی کرواتے ہیں۔قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
اللہ والوں کی صحبت سے رب کو پا لیں: سچی بات بتائوں‘پیر علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے ذریعے سے رب کو پالیں ، جنہوں نے رب کو پا لیاتھا۔ مجھے ایک بات تو بتائیں کہ جس دور میں آپ کانام علی تھا اس دور میں بے شمار لوگوں کا نام علی ہو گا۔ صدیوں سے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی وجہ سے نام علی رکھا جا رہا ہے۔ اس دور میں اور پتا نہیں کتنے علی ہوں گے۔ کیا خیال ہے ہوں گے یا نہیں ہوں گے؟ اب مجھے یہ بتائیں کہ اس دور میں جتنے بھی علی تھے ان سب نے شہرت نہیں پائی۔ علی بن عثمان نے شہرت پائی۔ انکے والد کا نام عثمان تھا۔ کیوں؟ اسکی وجہ یہ ہے کہ اللہ کی ذات میں اتنے کھو گئے اتنے کھو گئے کہ اپنی ہستی کو فنا کر دیا۔
جوابِ شیخ رحمہ اللہ :جواب پر غور فرمائیں اور بڑا دلچسپ جواب ہے۔ اس سوال کا جواب دیا۔’’آپ پر یہ واضح رہے کہ ہمارے اس زمانے میں علمِ طریقت دراصل مٹ چکا ہے‘‘۔شیخ رحمہ اللہ نےہزار سال پہلے فرمایا کہ علم طریقت مٹ چکا ہے،جب اس وقت یہ عالم تھا تو اب کیا حال ہو گا؟ ہزار سال پہلے اس لاہور میں بیٹھ کر شیخ نے یہ فرمایا کہ علم طریقت مٹ چکا ہے۔ طریقت کی حقیقت:طریقت کسے کہتے ہیں؟ مختلف اللہ والوں نے اسکے مختلف معنی بیان کیے ہیں۔ ایک معنی یہ بھی ہے کہ جو کملی والے ﷺکا طریقہ ہے اسی کے ایک حصے کو طریقت کہتے ہیں۔ آپ نے لفظ سنا ہو گا معرفت، شریعت، طریقت، آج طریقت کا معنی سمجھ آیا، طریقت کے کئی معنی ہیں۔ میں ایک معنیٰ جو مجھے سب سے اچھا لگا اور آپکو دل میں بیٹھے گا وہ عرض کر رہا ہوں۔ مختلف علماء نے مختلف مشائخ نے مختلف صوفیاء نے مختلف اہل اللہ نے مختلف اولیاء ، اقطاب ، ابدال، غوثوں، قلندروں، نقیبوں، نجیبوں اور ابراروں نے اسکی مختلف انداز میں تشریح و توضیح اور معانی بیان کیے ہیں۔ ایک معنیٰ آپکی خدمت میں عرض کر رہا ہوں وہ یہ ہے کہ طریقت طریقے سے نکلا۔ جو سرورکونینﷺ کے طریقے کے مطابق زندگی گزارے گا وہ طریقت کے اعلیٰ مقام تک پہنچ جائے گا۔اللہ پاک اس طریقت کی وجہ سے اسکو جو لطف عطا فرمائیں گے، جو مزہ عطا فرمائیں گے وہ بے اختیار ہوگا پھر اسکے اندر اسکی بے خودی ہوگی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں