کان کا بیلنس آؤٹ:زکام ہوا‘ چھینکیں اور ناک سے پانی بہا پھر گاڑھاپیلا مواد خارش ہونے لگا‘ علاج کروایا ‘ وہ سب تو ٹھیک ہوگیا مگر شدید چکر شروع ہوگئے‘ سیدھی کھڑی نہیں ہوسکتی‘ علاج بہت کیے‘ کچھ فائدہ ہوتا ہے پھر ویسے ہی ہوجاتا ہے‘ کہتے ہیں کہ کان کا بیلنس آؤٹ ہوگیا ہے۔ (صدف‘ گوجرانوالہ)
مشورہ: عرق عنبراصلی صبح و شام پئیں۔ عرق ماء اللحم سہ آتشہ بعد غذا پئیں۔کچھ عرصہ مستقل مزاجی سے یہ نسخہ استعمال کریں۔
کالی جلد:تقریباً دس سال پہلے میرے پاؤں پر گرم پانی گرگیا تھا۔ جس کا مناسب علاج نہ ہونے کے باعث میرے پاؤں کی جلد کی رنگت کالی ہوگئی جو سوائے اس کے کہ پاؤں کے اوپری جلد کالی ہے۔ کیا میرے پیر کی جلد کا رنگ ٹھیک ہوسکتا ہے۔ کوئی دوائی تجویز فرمائیں۔ (افشاں‘ ملتان)
مشورہ: بہت ذرا سا گائے کا خالص تازہ مکھن ہرروز لگائیں۔ مگر علاج لمبا ہے جلدی فائدہ نہیں ہوگا۔
کھانا ہضم نہ ہونے کا مرض:میرے بیٹے کی عمر 16 سال ہے۔ اسے کھانا ہضم نہ ہونے اور تیزابیت کا مرض ہے۔ اس کا منہ بھی پک جاتا ہے۔ مثانے کی گرمی‘ قبض بھی ہے‘ چہرے پردانے نکلتے ہیں‘ غصہ بہت کرتا ہے۔ براہ مہربانی اس کے لیے کوئی علاج تجویز کردیں۔(ابوعبداللہ‘ خانیوال)
جواب: محترم! آپ اپنے بچے کو درج ذیل نسخہ استعمال کرائیں۔ صبح وشام کھانےسے پہلے خمیرہ گاؤزبان عنبری جواہردار،نصف چمچ چائے والا اور خمیرہ بادام، ایک چمچ چائے والا پانی سے کھلادیا کریں۔ صبح وشام کھانے کےبعد ہاضم خاص نصف چمچ چائے والا ہمراہ پانی سے کھلادیا کریں۔ دن میں دو مرتبہ شربت عناب تین بڑے چمچ ایک گلاس پانی میں ملا کر پلادیا کریں۔ رات کو سوتےو قت بچے کو نیم گرم دودھ پینے کو دیں۔ انشاء اللہ شفاء ہوگی۔بچے کو بازاری غذاؤں سے پرہیز کرائیں۔ بچے کو ورزش کی عادت ڈالیں‘ کھانے کے فوراً بعد زیادہ پانی پینے یا چائے پینے سے پرہیز کروائیں۔
رنگت کالی ہورہی ہے:میری عمر 26 سال ہے‘ میرے چہرے پر چھائیاں ہورہی ہیں۔ کہیں گہرے اور کہیں ہلکے دھبے ہیں۔ رنگت کالی ہورہی ہے اس وجہ سے میں پریشان ہوں۔ براہ کرم! مجھے کوئی مفید نسخہ تجویز کردیں۔ (ثوبیہ)
جواب: خون کی خرابی یا کمی ایام کی بے قاعدگی، بندش، دھوپ میں گھومنے اور جلد کی حفاظت نہ کرنے، ہاضمہ کی خرابی، جگر کے فعل میں خرابی دوران حمل یا بعداز حمل کسی وجہ سے بھی یہ مسئلہ ہوجاتا ہے۔ آپ درج ذیل نسخہ استعمال کریں۔ انشاء اللہ تعالیٰ آپ کی یہ تکلیف بالکل ٹھیک ہوجائے گی۔ صبح اور رات کو کھانے سے پہلے معجون عشبہ ایک چمچہ چائے والا ہمراہ عرق مرکب مصفٰی خون نصف کپ اور صبح دوپہر رات کھانے کے بعد اکسیر جگر دو گولی ہمراہ پانی استعمال کریں۔ رات کو سوتے وقت اطریفل شاہترہ ایک چمچہ چائے والا پانی کھالیا کریں۔
نیند نہیں آتی:میری عمر 31 سال ہے۔ پرائیویٹ نوکری کرتا ہوں۔ مجھے شفٹوں میں کام کرنا پڑتا ہے کچھ عرصہ سے مجھے کام کےدوران سستی اور کمزوری محسوس ہوتی ہے۔ نیند نہیں آتی سونے کیلئے لیٹتا ہوں تو کروٹیں بدلتا رہتا ہوں۔ اسی طرح وقت گزر جاتا ہے۔ دماغ سن سا رہتا ہے۔ براہ مہربانی مجھے کوئی ایسا نسخہ تجویز کردیں جس سے وقت پر نیند آجائے اور میرا مسئلہ حل ہوجائے۔ (محمد آصف)
جواب: عام طور پر نیند نہ آنے کی وجہ دماغی خشکی، پریشانی، چائے کافی کا بکثرت استعمال، سونے سے پہلے چائے یا کافی پی لینا‘ شفٹوں میں کام کرنا کوئی صدمہ وغیرہ پہنچنا ہوسکتی ہے۔ آپ درج ذیل نسخہ استعمال کریں انشاء اللہ آپ کی نیند ٹھیک ہوجائے گی۔ ھوالشافی: صبح شام خمیرہ بادام ایک چمچ چائے والا اور خمیرہ گاؤزبان سادہ ایک چمچ چائے والا پانی سے کھالیا کریں۔ صبح، دوپہر، شام کھانے کے بعد جوارش شاہی ایک چمچ چائے والا پانی سے کھالیاکریں۔ صبح، دوپہر، شام کھانے کے بعد جوارش شاہی ایک چمچ چائے والا پانی سے کھالیا کریں اور سوتے وقت عبقری کی دوا ’’سترشفائیں‘‘ پانی سے کھالیا کریں۔ سر اور کنپٹیوں پر روغن خشخاش کی نرم ہاتھ سے مالش کیا کریں۔ غذا میں نرم اور زود ہضم غذائیں شوربہ‘ سبزیاں اور پھل کھائیں۔
جگر کا مسئلہ:مجھے پچھلے چند سالوں کا جگر کا شدید مسئلہ ہے۔ جگہ جگہ سے علاج کروا کر تھک چکا ہوں۔ براہ مہربانی کوئی نسخہ عنایت فرمائیں۔(شفقت حسین‘ کراچی)
مشورہ: آپ اصلاح جگر کیلئے درج ذیل نسخہ استعمال کریں۔ ھوالشافی: سونف چھ گرام‘ گل سرخ چھ گرام‘پودینہ چھ گرام‘ 250 ملی لیٹر میں جوش دے کر صبح و شام پی لیا کریں۔ صبح و شام کھانے کے بعد عبقری دواخانہ کے ’’ہیپاٹائٹس نجات سیرپ‘‘اوپر لکھی ترتیب کے مطابق استعمال کریں۔ صبح نہار منہ ٹھنڈا پانی نہ پئیں۔
انگلیوں میں زخم:میرے پاؤں کی انگلیوں میں زخم ہیں‘ بار بار وضو کرنے کی وجہ سے انگلیاں اندر سے گل چکی ہیں جس کی وجہ سے بڑی تکلیف میں ہوں۔ براہ مہربانی کوئی نسخہ عنایت فرمائیں۔ (مسز رضوان)
مشورہ: آپ درج ذیل نسخہ استعمال کریں‘ صبح و شام کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے خون صفاء دو گولی، معجون عشبہ نصف چمچ چائے والا ہمراہ عرق عشبہ کھالیا کریں۔ رات کو سوتے وقت اطریفل شاہترہ ایک چمچ چائے والا پانی سے کھالیا کریں۔
جب بھی وضو وغیرہ کریں تو انگلیوں کے درمیان سے کپڑے سے خشک کرلیں۔ گیلے پاؤں میں بند جوتا نہ پہنیں اور گیلی جگہ پر کھڑے ہونے سے اجتناب کریں۔ پاؤں کوخشک رکھنے کی کوشش کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں