نیند کیلئے نسخہ
عرصہ تین سال پہلے مجھے یہ شکایت تھی کہ نیند سے ’’خاص کر دوپہر کی نیند سے‘‘ بیدار ہوکر اپنے ارد گرد کے ماحول کو سمجھنے میں کافی وقت لگتا تھا‘ دل تیز دھڑک رہا ہوتا تھا‘ عصر کے وضو اور نماز کیلئے خود کو بہت دیر سے مستعد کر پاتی تھی۔ پھر تنگ آکر میں نے قیلولہ کرنا چھوڑ دیا۔ ہمیشہ میری نند اصرار کیا کرتیں کہ کچھ دیر کمر سیدھی کرلو اور ہمیشہ میں انکار کردیا کرتی یہ کہہ کر کہ ’’ اگر سوگئی تو پھر میری یادداشت کھوجائیگی ‘‘ ایک شام دوپہر کے کھانے کے بعد جب سب سو گئے اور میں حسب معمول جاگتی رہی میری نند نے کہا ’’ اَللہُ اَلْبَاقِی ھُوَالْحَکِیْمُ‘‘ پڑھتے ہوئے سو جائو۔ میں نے سونے کی دعا کے بعد یہ ذکر کرتے ہوئے ڈرتے ڈرتے تکئے پر سر رکھا الحمدللہ بہت فریش بیدار ہوئی۔ آج تک میرا یہی معمول ہے دوبارہ کبھی وہ شکایت نہیں ہوئی۔ اللہ میری نند صاحبہ سے راضی ہوجائے۔ آمین!
میری خالہ جان کے گھر ان کے ریفریجریٹر پر ہمیشہ سے ہی بہت سی کارآمد باتیں اور دعائیں’’ اخبارات کے تراشے یا گھر کے افراد کی لکھائی میں ‘‘ مقناطیس سے چسپاں رہتی ہیں جنہیں سب ہی پڑھ کر مستفید ہوا کرتے ہیں۔ ایک روز لکھا دیکھا (ہر فرض نماز کے بعد اول آخر ایک بار درود ابراہیمی کے ساتھ 33بار اَللّٰھُمَّ خِرْلِیْ وَاخْتَرْلِیْ پڑھا جائے) جو بھی معاملہ درپیش ہو اس میںخیر کیلئے الحمدللہ میرا آزمودہ ہے اور اس میں اللہ پاک کا بڑا کرم ہوتا ہے۔ اللہ میری خالہ جان سے راضی ہوجائے آمین!
میری نند صاحبہ اکثر ہم دونوں میاں بیوی کو تاکید کیا کرتیں کہ سورہ مائدہ کی آیت 114 ضرور پڑھا کریں اس سے رزق میں برکت ہوتی ہے۔ مگر میں نالائق اس بات کو سرسری لیا کرتی تھی لیکن جون 2014ء عبقری میں ایک مخلص بہن کا مضمون دل پر اثر کرگیا اور اللہ نے مجھ گنہگار کو عمل کی توفیق دی۔ صبح و شام ایک تسبیح تو مشکل سے کرہی لیتی اس لئے افطاری سے قبل گیارہ دفعہ ضرور پڑھا کرتی۔ اللہ پاک نے بڑا کرم کیا اللہ میری نند صاحبہ اور اس مخلص بہن سے راضی ہوجائے۔آمین!
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں