میرے بچپن کے چند آزمودہ نسخہ جات
(نزہت توفیق)
مجھے بہت کم عمری میں چھوٹے چھوٹے ٹوٹکے اور نسخے جمع کرنے اور ان کے تجربات کا بہت شوق تھا۔ دراصل بچپن ہی سے کسی کو دکھی یا پریشان دیکھتی تو دل بہت بے چین ہوجاتا تھا۔ میرے اپنے والد مرحوم سے بہت اچھے تعلقات تھے‘ بہت اچھی دوستی تھی‘ والد جب رات کو سونے کیلئے چھت پر جاتے تو میری دن بھر کی رپورٹ ابو بہت دلچسپی سے سنتے… ایک دن میں نے والد محترم سے کہا ابو جب کوئی پھل والا اکیلا بیٹھا ہوا ہو اور اس کا پھل کوئی نہ خرید رہا ہو تو مجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔ مجھے آج اپنے والد کا وہ جواب سمجھ میں آیا کہ اللہ تیری اس ادا اور فکر کے بدلے تجھے وہ دے گا کہ تو سوچ بھی نہیں سکتی… اس دکھ اور فکر کے ساتھ ساتھ میں بڑی ہوتی گئی‘ انڈیا کے بہت پرانے حکیم جن میں مجھے ایک حکیم عبداللہ کا نام یاد ہے ان کی کتاب کا نام یاد نہیں۔ مفت علاج‘ کنز المفردات‘ چند کتابیں میں نے منگوائیں۔ ان کا دن رات مطالعہ کیا۔ آسانی سے تیار ہونے والے نسخے تیار کرتی اور مفت ضرورت مند کو دیتی۔ نہ تو اتنی سمجھ تھی نہ سہولت اس لیے بس محدود پیمانے پر شوق شوق میں یہ کام کیا۔ پھر شادی ہوگئی اور یہ سلسلہ تقریباً ختم ہوگیا۔ تقریباً دو سال پہلے مجھے کہیں سے عبقری ملا پڑھنے کے بعد بچپن اور وہ دکھ‘ فکر پھر سے لوٹ آئے… دکھی انسانیت کی خدمت کے بدلے اللہ کیا دے گا یہ درس میں سنا۔ پھر حکیم صاحب سے ملاقات ہوئی انہوں نے لکھنے کو کہا میرے بچپن کے چند آزمودہ نسخہ جات حاضر ہیں۔
چھوٹے بچوں کے موشن کیلئے: آٹھ دس دانے منقیٰ کے دھو کر خشک کرکے بیج نکال لیں‘ پانچ چھ چھوٹی الائچی (موٹی موٹی) ان کے دانے نکال کر پیس کر منقیٰ میں اچھی طرح مسل لیں۔ چھوٹے بچوں کو مسر کے دانے اور ذرا بڑے بچوں کو چنے کے دانے کے برابر تین چار بار دیں۔ بہت جلد فائدہ ہوگا۔ بنا کر ڈبی میں رکھ کر فریج میں بھی رکھ سکتے ہیں۔
حمل کی حفاظت کا لاجواب نسخہ: رسونت مصفیٰ لیکر گردوغبار صاف کرکے تھوڑے سے پانی میں ٹکڑے ٹکڑے کرکے بھگودیں پھر جب رات بھر بھیگ جانے کے بعد گوندھے ہوئے آٹے کی طرح سخت ہوجائے تو گولیاں چنے کے برابر بنالیں۔ ایک گولی شروع حمل سے لیکر آخری دن تک صبح نہار منہ پانی سے دیں‘ رسونت میں اللہ نے یہ خاصیت دی ہے کہ خود میں نے‘ میری بھابی نے‘ میری دو بھانجیوں نے پورے 9 ماہ استعمال کی۔ ہم چاروں بہت دبلی‘ پتلی اور کمزور تھیں اللہ نے صحیح سلامت اور تندرست بچے عطا کیے۔
اگر حمل ٹھہرتا نہ ہو: ایک جائفل توڑ کر بادام نکال لیں اور پیس کر سات برابر کی پڑیاں بنالیں۔ ایام سے فارغ ہونے کے بعد صبح نہار منہ ایک پڑیا کھالیں۔ پرہیز نہ کریں اللہ کے حکم سے ایک ماہ نہیں تو دوسرے ماہ حمل لازمی ٹھہر جائے گا۔ دوسرے ماہ پھر جائفل کا اسی طرح استعمال کریں۔
گھریلو تریاق زہر: مولی کی سبزی بناتے وقت مولیوںکا پانی ضائع نہ کریں‘ مولیاں کدوکش کرکے اکثر پانی پھینک دیتے ہیں۔ اس پانی کو بوتل میں بھر کر اس پر (مولی کا پانی) نام لکھ دیں۔ جتنا پرانا پانی ہوتا جائے گا۔ زہر کے خلاف تریاق بن جائے گا۔ اس پانی کو بھڑ‘ مچھر‘ بچھو یا کسی زہریلے کیڑے کے کاٹے پر لگائیں۔ حتیٰ کہ سانپ کے کاٹے پر بھی مفید ثابت ہوگا۔ پانی کو بچوں سے دور رکھیں۔ انگلی سے نہ لگائیں کسی تنکے وغیرہ سے لگائیں۔
ہر قسم کے جادو اور بیماری کا روحانی علاج
(صباء، لاہور)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں آپ کے درس میں آتی رہتی ہوں اور کافی کچھ سیکھنے کو ملا۔ آپ نے فرمایا کہ انسان کو جس چیز سے نفع ملے وہ لوگوں تک پہنچائے تاکہ اور لوگوں کو بھی فیض ملے تو محترم حکیم صاحب اسی لیے لکھ رہی ہوںکہ آپ کے رسالے میں ایک آیت چھپی تھی وَ بِالْحَقِّ اَنْزَلْنٰہُ وَ بِالْحَقِّ نَزَلَ ط (بنی اسرائیل 105)یہ آیت میں نے اکتالیس بار اول و آخر تین مرتبہ درود ابراہیمی پڑھ کر جس جس کو خواہ وہ روحانی تکلیف ہو یا جسمانی بیماری ہو دم کیا اللہ کا کرنا ایسا ہوا کہ لوگ فیض یاب ہوئے۔ یہ بہت ہی تیربہدف اور مجرب عمل ہے جس جس نے آزمایا کبھی خالی نہیں گیا۔ میری امی کے معدے کے امراض کی وجہ سے زبان میںزخم ہوگئے تھے اور ڈاکٹری علاج بہت کروایا لیکن ڈاکٹر کہتے تھے کہ اس کا کوئی علاج نہیں ہے وہ زخم دوائیوں سے بھی ٹھیک نہیں ہوئے میری امی مرچ والی کوئی چیز نہیں کھاسکتی تھیں۔ آخر میں نے یہی عمل صبح و شام کیا اور پانی پر پڑھ کر دم کیا خدا کی قدرت دیکھیں کہ اکیس دن میں زبان نارمل ہونی شروع ہوئی۔ امی نے اکیس دن کے بعد مرچوں والا سالن کھایا اور پھر بالکل ٹھیک ہوگئیں۔ ڈاکٹر خود حیران ہوگئے۔
پھر میں نے عبقری میں پڑھا کہ جادو‘ نظربد وغیرہ سے آرام کیلئے تین مرتبہ درود ابراہیمی اول و آخر تین مرتبہ سورۂ فاتحہ‘ تین مرتبہ آیۃ الکرسی‘ تین مرتبہ سورۂ اخلاص‘ تین مرتبہ سورۂ فلق‘ تین مرتبہ سورۂ ناس پڑھ کر دم کرنا ہے۔ میں نے یہ عمل پڑھ کر اپنی خالہ کو دم کیا جن پر کسی نے کالا علم کروایا تھا۔ اس علم کی وجہ سے ان کے ایک ماہ سے کمر میں بہت شدید درد تھا‘ نیل بھی پڑرہے تھے‘ کافی جگہ سے علاج کروایا لیکن آرام نہ آیا تو انہوں نے مجھ سے مسئلہ بیان کیا تو میں نے ایک ہی دن میں آدھے آدھے گھنٹے کے وقفے سے ان کو تین بار یہی دم اور بنی اسرائیل کی آیت105 یہ دونوں چیزیں پڑھ کر دم کیں آپ یقین کریں کہ اللہ نے شاید مجھے عزت دینی تھی ان کا درد اسی دن 90 فیصد ٹھیک ہوگیا اور اگلے دن میں نے ان کو فون پر دم کیا تو باقی کا بھی اثر زائل ہوگیا۔
یہ دونوں عمل جادو‘ جنات‘ آسیب‘ بیماری خواہ روحانی اور جسمانی ہو۔ نظربد‘ ڈیپریشن‘ لڑائی جھگڑے سب کیلئے اکسیر اور تیربہدف اور مجرب ہیں‘ کرکے دیکھیں اور مجھے بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں شاید میرے لکھنے سے کسی کا بھلا ہو اور میری پریشانیاں بھی دور ہوجائیں یہ سب عزت مجھے محترم حکیم صاحب کے وظائف کرنے سے ملی ہے کہ میری زبان میںاتنی تاثیر آگئی ہے۔
فالج یا لقوہ کی وجہ سے کسی عضو میں درد
(عاشق حسین بٹ‘راولپنڈی)
سانس کی تکلیف‘ بلغم کی وجہ سے گردوغبار کی وجہ سے ‘ فالج یا لقوہ کی وجہ سے کسی عضو میں درد‘ بازو‘ ٹانگ یا گردن کے پٹھے‘ پتے یا گردے کی پتھری اور درد کیلئے‘ ان تمام بیماریوں کیلئے علاج یہ ہے:۔ چھری لیکر متاثرہ حصے پر اوپر سے نیچے کو رگڑیں اور ساتھ ساتھ سورۂ ناس پڑھیں اور جب سورۂ پڑھتے ہوئے ناس کا لفظ آئے تو اس کو تین مرتبہ دھرائیں یعنی ناس ناس ناس۔ الناس کا لفظ سورۂ میں چھ مرتبہ آئے گا اور ہر بار تین تین مرتبہ دھرانا ہے۔ اس کے بعد چھری کو زمین پر یا ساتھ کوئی لکڑی کی چیز پڑی ہو جیسے کرسی‘ میز یا چارپائی وغیرہ اس کےساتھ جھاڑنا ہے اور متاثرہ حصے پر دم کرنا ہے یہ عمل مسلسل تین مرتبہ کرنا ہے‘ گردے اور پتہ میں پتھری کی صورت میں تین مرتبہ متواتر کرنا ہے۔ مریض کو پانچ روپے خیرات کا کہنا ہے اللہ شفاء دے گا۔
ٹائم مینجمنٹ کیلئے بہترین عمل
(ابوذراقتدار)
یہ وظیفہ وقت میں برکت کیلئے بہت ہی مجرب ہے۔آپ کے کام میں اللہ تعالیٰ برکت ڈال دیں گے اور جو کام دو یا تین دن میں مکمل ہوتے تھے ایک ہی دن میں مکمل ہوجائیں گے۔ صبح دو، دو کرکے چار رکعتیں چاشت کے نوافل پڑھیں‘ اگر کوئی کام نہ ہورہا ہو تو اللہ سے دعا کرے کہ اللہ صبح چار رکعت چاشت کے نوافل پڑھے تو نے میرے آج کے کاموں کا ذمہ لیا ہے میرا یہ کام کردے۔ حدیث شریف میں ہے کہ اے ابن آدم تو صبح کے آغاز میں میرے لیے چاررکعت (دو، دو کرکے چاشت کے نوافل)پڑھ میں تیرے تمام دن کے کاموں کا ذمہ لیتا ہوں۔ (ترمذی) چاشت کے نوافل کا وقت سورج طلوع ہونے کے ایک گھنٹے بعد شروع ہوتا ہے اور تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ رہتا ہے۔ آپ ﷺ نے ایک صحابی رضی اللہ عنہٗ کو نصیحت کی کہ موت تک یہ اعمال نہ چھوڑنا۔ چاشت کے نوافل‘ عشاء کے وتر‘ مہینے میں تین روزے۔
ہر حاجت کیلئے عمل
یہ وظیفہ عبقری میں ہی پڑھا تھا جس کام کیلئے آزمایا بے مثال نفع پایا۔ وہ لوگ جومانگنے سے بھی ادھار واپس نہ کرتے تھے انہوں نے اس عمل کی وجہ سے بنامانگے پیسے واپس کیے ہر روز فجر کی نماز کے بعد 100 مرتبہ جمعہ :یَاھُوْ یَااَللہُ۔ ہفتہ: یَارَحْمٰنُ یَارَحِیْمُ۔ اتوار: یَاوَاحِدُ یَااَحَدُ یَاصَمَدُ۔ پیر: یَاذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامْ۔ منگل: یَاحَیُّ یَاقَیُّوْمُ۔ بدھ: یَاحَنَّانُ یَامَنَّانُ۔ جمعرات: یَامَالِکَ الْمُلْکِ یَاذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامْ۔
ملک اور گھروں کی حفاظت کا نسخہ
(عامرحنیف‘ اسلام آباد)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری کا نیا نیاقاری ہوں جب میں نے پہلی مرتبہ عبقری کا ایک رسالہ خریدا تو مجھے پڑھ کر بہت خوشی ہوئی اور پھر میں نے وہ رسالہ اپنےوالد صاحب کو دکھایا تو انہوں نے بھی اس رسالے کو بہت پسند کیا‘ کیوں کہ اس میں اُن کیلئے بے شمار حکیمی اور روحانی نسخے موجود تھے‘ اس رسالے کے مطالعے کے بعدمیں نے آپ کی چند کتابیں خریدیں جس سے وہ کچھ حاصل ہوا جو اب تک نہ ملا تھا۔ محترم حکیم صاحب! میں نے سوچا کہ میرے پاس ایک بہترین عمل ہے کیوں نہ اسے عبقری میں دیا جائے تاکہ لوگ اس سے فائدے حاصل کریں۔
ملک اور گھر کی حفاظت کا نسخہ: یہ ایک زبردست نسخہ ہے اور یہ اس واقعہ کے بعد کیا جب غیرملکی فوج نے ہماری سرزمین پر گھس کر بمباری کی اور کھلے عام چلے گئے۔ اس سے پہلے میں یہ عمل اپنے گھر اور گھروالوں کی حفاظت کیلئے کرتا تھا اور پھر میں نے اپنے ملک کیلئے عمل کرنا شروع کردیا۔ عمل یہ ہے:۔ اول و آخر درود شریف کے بعد آیۃ الکرسی ایک بار اور اَمَنَ الرَّسُوْلُ ایک بار اس کے بعد دعا کرے کہ ’’اے اللہ پاکستان کو آسمان سے اور زمین سے مشرق سے مغرب سے شمال سے جنوب سے ہر طرف سے محفوظ فرما اور ہر خوشحالی عطا فرما اس عمل کے بعد آخر میں درود شریف پڑھے اور خیال ہی خیال میں دم کردے۔ انشاء اللہ آزمودہ اور مجرب ہے۔
ہر پریشانی ‘ ہر غم سے نجات کیلئے
(عامر حنیف‘ اسلام آباد)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میرا ایک کزن ہے جس کا نام جمیل ہے کچھ عرصہ پہلے ان کو کالا یرکان ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ان کی فیملی اور سارا خاندان بہت پریشان تھا کیوں کہ ان کی اس بیماری کی وجہ سے وہ حیدر آباد سے بار بار پشاور آتے اور ڈاکٹروں سے علاج کراتے۔ ڈاکٹروں نے ان کو جو ٹیکہ لگانا ہوتا۔ وہ 13 ہزار روپے کا ایک اور وہ بھی پیٹ میں۔۔۔ ایک دفعہ میرے سامنے ان کو پیٹ میں ٹیکا لگایا گیا تو میں سخت ڈر گیا کیونکہ ٹیکہ تو ویسے بھی تکلیف دیتا ہے اور وہ پیٹ میں لگے تو کیا ہوگا؟ میرے کزن کے اس درد سے اللہ پاک اور وہ خود آگاہ تھے اور ایک روز ڈاکٹروں نے کہہ دیا کہ اب اللہ ہی ان کو بچاسکتے ہیں‘ ادویات نہیں تو میری چھوٹی خالہ نے یہ وظیفہ کیا اور اب الحمدللہ وہ بالکل ٹھیک ہے۔ ہمارے گاؤں پشاور میں اس وظیفہ کے بارے میں مشہور ہے کہ اس کو پڑھنے سے ہر کام پورا ہوتا ہے یہ صرف ایک واقعہ ہے آئندہ بھی اس کے بارے میں لکھنے کا ارادہ ہے۔ عمل یہ ہے:۔
دو رکعات نماز نفل کے بعد وظیفہ شروع کریں 110 بار درود شریف اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ مِفْتَاحِ الرَّحْمَۃِ وَالنُّصْرَۃِ وَالْجَنَّۃِ وَبَارِکْ وَسَلِّمْ
110 بار یہ آیت نَصْرٌ مِّنَ اللّٰہِ وَفَتْحٌ قَرَیْبٌ ط وَبَشِّرِ الْمُوْمِنِیْنَ o۔
اور پھربِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم۔ ایک لاکھ تیس ہزار بار۔نوٹ: عمل ایک دن کے اندر ایک بار ضرور ختم کریں۔ آدمی چاہے جتنے ہوں لیکن وظیفہ ایک دن میں ختم کریں۔ اسی طرح دوسرے دن پھروظیفہ مکمل کرنے کے بعددعا مانگیں ’’اللہ سے عاجزی اور بھکاری بن کر اپنی حاجت پوری ہونے کی دعا کریں۔ انشاء اللہ وہ ہوگا جو عقل تسلیم نہیں کرتی۔
پیشاب کی تکالیف کا علاج
(سیدہ زوجہ عاصم فاروق)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! آج سے تقریباً اٹھارہ سال پہلے میرے بڑے بیٹے محمد ربیع بن عاصم کو پیشاب کی تکلیف ہوئی۔ دوسرے بچے بھی بستر پر بھی پیشاب کردیا کرتے تھے لیکن یہ پیشاب بہت کم کرتا تھا۔ہمارے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں ایک حکیم تھے ہم اپنے بیٹے کو ان کے پاس لے گئے۔ انہوں نے تقریباً 12 دن تک اس بچے کو الائچی سونف کا پانی دیا‘ پھر دودھ سوڈا تقریباً 12 دن ہر چار گھنٹے بعد دینے کو کہا۔ ہم یہ دونوں چیزیں اسے دیتے رہے۔ پھر یہ اتنا کھلا پیشاب کرنے لگ گیا کہ مجھے حیرت ہونے لگ گئی کہ پہلے تو اس نے کبھی ایسے پیشاب نہیں کیا۔
پھر انہوں نے ایک چیزمزید فائدے کی بتائی کہ سب سے زیادہ کیلشیم حاصل کرنے کا بڑا ذریعہ یہ ہے کہ دیسی مرغے کی ہڈیوں کو جلا کر سفوف بنا لیں اور وہ استعمال کریں۔
دیدار نبوی ﷺ کیلئے خاص عمل
مجھے دیدار ﷺنبی کا جنون کی حد تک شوق تھا۔میںہر نماز کے بعد 500 مرتبہ اور فجر کے بعد 1000 مرتبہ درود پاک پڑھتی رہی تاکہ میں دیدار مصطفی ﷺ سے مستفیض ہوسکوں۔ الحمدللہ اللہ نے مجھے یہ سعادت نصیب فرمائی اور مجھے دیدار حبیب ﷺ سے فیض یاب کیا ہے۔اب میرا یہ معمول ہے کہ میں ہر نماز کے بعد درج بالا تعداد کے مطابق کوئی سا بھی درود پاک پڑھتی ہوں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں