فروری کے جوابات
1۔ سدرہ بہن! آپ تلی ہوئی‘ میدے کی بنی ہوئی اور بیکری کی تمام اشیاءسے پرہیز کریں‘ سبزیاں زیادہ سے زیادہ استعمال کریں خصوصاً بندگوبھی سلاد کے طور پر یا اس کا جوس نکال کر صبح و شام ایک کپ پئیں۔چالیس دن کم از کم اس آسان اور سادہ نسخے پر عمل کریں۔ آپ کو موٹاپے اور جھائیوں میں واضح فرق محسوس ہوگا۔(محمد خالد‘ کراچی)
٭آپ یکدم کھانا پینا مت چھوڑیں بلکہ سنت طریقے سے کھانا کھائیں یعنی بھوک ابھی باقی ہو تو کھانا چھوڑ دیں۔ کھانے سے دو گھنٹے پہلے دو تین گلاس پانی پی لیں۔ کھانے کے دوران اور کھانے کے بعد کم از کم دو گھنٹے ہرگز پانی مت پئیں۔ اس سے آپ کا معدہ بھی ٹھیک ہوگا اور جسم کی فالتو چربی بھی کم ہوگی۔ ایک چھوٹا سا ٹوٹکہ بتاتی ہوں آدھا کپ ٹماٹر کا جوس لیکر اس میں آدھا لیموں کا رس اور پیاز کاعرق ایک چمچ لیکرمکس کرکے روزانہ نہار منہ کچھ عرصہ پابندی سے پئیں۔ بہت فائدہ ہوگا۔مجھے اپنی دعائوں میں ضرور یاد رکھئے گا۔ (بنت احمد‘ لاہور)
2۔ا ٓپ لیدر کا بنا ہواآرام دہ جوتا استعمال کریں ہر وضو کے بعد تین گھونٹ پانی اس بیماری سے شفاءیابی کی نیت کرکے مستقل مزاجی سے پئیں۔ یاد رہے جہاں سے وضو کیا ہے خواہ وہ کسی برتن میں ہو یا کسی نلکے سے وہیں سے تین گھونٹ پانی پئیں۔ حیرت انگیز رزلٹ ملے گا۔ (فائزہ حسن‘ راولپنڈی)
3۔آپ رات کو سات عدد بادام کی گریاں پانی میں بھگودیں صبح نماز فجر کے بعد ایک ایک گری چھیلتے جائیں اور ہرگری پرایک ایک بار سورة الانشراح پڑھتے جائیں۔ اس کے بعد تین بار رَبِّ زِدنِی عِلماً پڑھ کر یہ گریا ں کھالیں۔ اس کے بعد ایک گھنٹہ کچھ نہ کھائیں۔90دن یہ عمل پابندی سے کریں۔(حکیم شاکر مدنی‘بھکر)
4۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ کا اندرونی نظام بگڑا ہوا ہے آپ ادارہ عبقری سے تین عددپوشیدہ کورس لیکر پابندی سے استعمال کریں آپ کے تمام مسائل انشاءاللہ حل ہوجائینگے۔ (ام ہانی‘ ساہیوال)
مارچ کے سوالات
1۔قارئین سے میرا سوال ہے کہ چہرے کے بال جو کہ موٹے ہوتے ہیں روئیں نہیں‘ ان کے مکمل خاتمے کیلئے کچھ تحریر کریں‘ کیونکہ آج کل یہ مسئلہ اتنا عام ہوتا جارہا ہے کہ بیان سے باہر ہے۔ خدارا ان معصوم بہنوں کیلئے بھی اس کا حل نکالیں جو شرم کی وجہ سے اور اس تکلیف کی وجہ سے چہرہ عورتوں کے سامنے بھی نہیں کھول سکتیں اور ایک خاص کرب کا شکار رہتی ہیں۔ میری تمام قارئین سے گزارش ہے کہ کوئی ایسی ٹھوس اور جامع علاج یا ٹوٹکہ بتائیں جو آزمایا جاچکا ہو۔
2۔ قارئین عبقری! میری چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے‘ بڑی بیٹی کی شادی کی مگر اس کے سسرال والے بہت اذیت پسند ہیں‘ میری بیٹی کو ذہنی اذیتیں دیتے رہتے ہیں اس کا میاں بھی اس کا ساتھ نہیں دیتا‘ میرا بیٹا پڑھا لکھا ہے مگر روزگار کا کوئی مستقل سلسلہ نہیں ہے‘ بچوں کی شادی کا مسئلہ حل نہیں ہورہا کہیں بھی کوئی بات نہیں سنتی‘ کئی رشتے آتے ہیں لیکن کوئی بھی رشتہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا۔ یہ پریشانی مستقل کھائے جارہی ہے۔ مالی حالات بھی کمزور ہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹی بیٹی مستقل بیمار رہتی ہے کوئی علاج فائدہ نہیں دیتا‘ سردرد ‘معدہ کی تکلیف‘ نظر بھی بہت زیادہ کمزور ہے۔ قارئین! مجھے کوئی وظیفہ یا علاج بتائیں آپ کی بہت شکرگزار رہوں گی۔ (بانو‘ فیصل آباد)
3۔ محترم قارئین! میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے گال اندر کی طرف پچک گئے ہیں۔ میرا دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے چہرے پر دانے نکلتے ہیں جو کہ میں انہیں پھوڑ کر ختم کردیتا ہوں لیکن قارئین دو تین دن بعد پھر نکل آتے ہیں۔ قارئین کوئی اچھا سا نسخہ بتائیے۔(محمد ارشد‘ بہاولپور)
4۔ میں ایک بینک میں ملازمت کرتا ہوں‘ پچھلے ایک ماہ سے میرے کانوں میں عجیب قسم کی آوازیں آنا شروع ہوگئی ہیں‘ کوئی مجھے گالیاں نکالتا ہے میرا نام لیکر‘ کوئی مجھے آفس جانے سے روکتا ہے‘ مجھے سخت پریشانی ہے‘ سارا دن آفس میں ان آوازوں کے متعلق سوچتا رہتا ہوں مہربانی فرما کر مجھے اس کا کچھ حل بتائیں۔ (انورسلطان‘ ڈسکہ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں