قارئین! حضرت حکیم صاحب ہر جمعرات درس کے بعد‘مجالس مجذوبی ‘ کے نام سے ایک نشست ہوتی ہے جس میں لوگ اعمال کی برکات سے حاصل شدہ اپنے تجربات و مشاہدات بتاتے ہیں ۔ آپ بھی اعمال سے ہونے کے فوائد و تجربات لکھیں‘ صدقہ جاریہ ہوگا۔
صرف دو بار درس میں آنے سے قرض اتر گیا
ایک صاحب جو کہ اعوان ٹائون سے آئے تھے کہنے لگے کہ مجھ پر 13 لاکھ کا قرض تھا میں بہت ہی زیادہ پریشان تھا جب پہلی جمعرات کو یہاں آیا تو روتا ہوا آیا۔ جب درس کے بعد دعا ہوئی تو بہت زاری سے دعا کی۔ دوسری جمعرات کو بھی روتا ہوا آیا کیونکہ کوئی سبب نہیں تھے۔ بہت دل سے دعا کی۔ آپ یقین کریں اسی ہفتے ایسا سبب بنا کہ 13 لاکھ کا قرض اتر گیا اور تیسری جمعرات کے درس میں بہت مطمئن اور خوش آیا۔ میرا یقین ہے کہ یہ صرف درس میں کی گئی دعا کی برکت ہے۔
دوانمول خزانے سے نوکری مل گئی
ایک قاری صاحب کہنے لگے میں نے جب حفظ قرآن کیا تو کوئی نوکری نہیں ملتی تھی۔ بہت پریشان تھا بہت کوشش کرچکا تھا پھر میں نے دو انمول خزانے پوری توجہ سے پڑھے اللہ نے مجھے غنی کردیا اور اب میں اچھے حال میں ہوں جبکہ پہلے کھانے سے عاجز تھا۔
دم کرنے سے ہیضہ ٹھیک ہوگیا
حسن ہاشمی صاحب کہنے لگے میرے چھ ماہ کے بچے کو زبردست ہیضہ ہوگیا۔ حکیم صاحب حج پر تھے بہت پریشان ہوا۔ محترم انصاری صاحب نے فرمایا کہ اگست 2010ءکے عبقری کے حال دل میں جو عمل ہے وہ کرو۔ میں نے پڑھ کر دم کیا۔ ایسا اثر ہوا کہ بچہ بالکل ٹھیک ہوگیا۔
جوہرشفاءمدینہ سے بچے ٹھیک ہوگئے
ایک صاحب کہنے لگے میرے دو بچوں کو پیٹ کا درد بہت پرانا تھا۔ بہت علاج کروایا نہیں ختم ہورہا تھا۔ میں نے جوہرشفاءمدینہ استعمال کروائی۔ الحمدللہ دونوں بچے بالکل ٹھیک ہیں اور پرانا درد ختم ہوچکا ہے۔
بواسیر ٹھیک ہوگئی
ایک صاحب کہنے لگے مجھے بہت شدید بواسیر تھی۔ اتنا خون آتا تھا کہ میں خون کی بوتلیں لگواتا تھا۔ حضرت حکیم صاحب سے درس میں آخری چھ سورتوں کی فضیلت سنی۔ میں نے دو رکعت نفل میں آخری چھ سورتوں کا اہتمام کیا۔ میری بواسیر بالکل ختم ہوگئی اوراب میں بالکل ٹھیک ہوں حالانکہ بہت علاج کروا چکا تھا۔ اس موقع پر حضرت فرمانے لگے زیرناف بیماریوں‘ بیماری خواہ روحانی ہو یا جسمانی‘ آخری 6 سورتیں بہت مجرب اور آزمودہ ہیں۔
سورة الکوثر کی برکت
ایک ساتھی کہنے لگے میرا دفتر کافی دور ہے مہینے کا 3200 کا پٹرول لگتا تھا اور یہ طے شدہ تھا کیونکہ راستہ روزانہ وہی ہوتا تھا۔ سورة الکوثر کی فضیلت سنی اب پٹرول ڈلواتے ہوئے سورة الکوثر کا ورد کرتا ہوں اور پیسے دیتے ہوئے بھی یہی پڑھتا ہوں۔ وہی راستہ ہے لیکن اب 5سے چھ سو تک پٹرول لگتا ہے۔
پانی کامسئلہ حل ہوگیا
ایک صاحب کہنے لگے میرے گھر میں پانی نہیں آتا تھا بہت درخواستیں دیں لیکن مسئلہ حل نہ ہوا۔ میںنے نلکوں کا تصور کرکے سَلَام قَولاً اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَی ٍءقَدِیر مِّن رَبٍّ رَّحِیمِ وظیفہ پڑھا۔ پانی آنے لگا اور عجیب بات یہ کہ جن نلکوں کا تصور کیا تھا ان میں آرہا ہے باقی میں اب تک نہیں آیا۔
ناامیدی امید میں بدل گئی
ایک اور صاحب کہنے لگے کہ میری ایک عزیزہ گہری بیہوشی میں تھیں اور ڈاکٹروںنے ناامیدی کا اظہار کیا تھا مسلسل تین دن ہوچکے تھے میں نے رات کے وقت سَلَام قَولاً اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیٍئٍ قَدِیر مِّن رَبٍّ رَّحِیمٍ والا عمل کیا صبح ہی مریضہ کو ہوش آگیا جبکہ کسی کو امید نہیں تھی۔
خدائی مدد
ایک صاحب کہنے لگے میرے پاس پیسے بالکل ختم ہوگئے تھے۔ دفتر جانا تھا لیکن کچھ بھی نہیں تھا۔ میں نے حاجت کے دو نفل پڑھے جب سکوٹر کی چابی اٹھانے لگا تو پاس ہی قرآن پاک پڑا تھا بے اختیار اسے اٹھایا تو اس کے نیچے سے ایک ہزار کا نوٹ مل گیا مجھے نہیں پتہ وہ کہاں سے آیا۔
کالایرقان ختم ہوگیا
ایک صاحب کہنے لگے مجھے کالا یرقان ہوگیا تھا۔ میں نے ایک بار سورہ فاتحہ تین بار سورہ اخلاص اول و آخر 3-3 بار درود شریف پڑھ کر زم زم پر دم کرکے پیا۔ میرا کالا یرقان ختم ہوگیا۔ حالانکہ بہت عرصے سے مبتلا تھا اور دوائیاں کھارہا تھا۔
اب پیسے ختم نہیں ہوتے
ایک صاحب کہنے لگے سورة الکوثر کی فضیلت رسالے میں پڑھی اور اس کے عمل کے بارے میں پڑھا۔ اب 129 بار سورہ کوثر پڑھ کر برکت والی تھیلی پر روزانہ دم کرتا ہوں۔ میرے پاس پیسے ختم نہیں ہوتے جبکہ پہلے جیب خالی رہتی تھی۔
ساری پریشانیاں دور
ایک صاحب کہنے لگے میں چونیاں کا سفر کرتا ہوں۔ گاڑی میں ایک صاحب بہت پریشان تھے میں نے انہیں یَاحَلِیمُ یَاعَلِیمُ یَاعَلِیُّ یَاعَظِیمُ کا وظیفہ بتایا۔ انہوں نے پابندی سے پڑھا جب دوبارہ ملاقات ہوئی تو کہنے لگے ساری پریشانیاں دور ہوگئی ہیں اور اب میں مطمئن ہوں۔
کرم ہی کرم ہوگیا
ایک صاحب کہنے لگے کہ میں سرکاری نوکری کرتا ہوں۔ ایک بار معطل ہوگیا۔ حضرت حکیم صاحب نے سورة الفیل پڑھنے کو فرمائی۔ میں کچھ دن بعد ہی بحال ہوگیا۔ گھر بار کچھ نہیں تھا۔ اللہ نے سورة الکوثر کی برکت سے سب کچھ دے دیا۔ حتیٰ کہ گاڑی بھی لے لی ہے۔ بہت کرم ہوگیا ہے۔ اب یہ سورت میرا مستقل ورد ہے۔ یہی صاحب کہنے لگے دو انمول خزانے کا بھی بہت فائدہ ہے ہر نماز کے بعد پڑھتا ہوں کسی کام میں رکاوٹ نہیں آتی۔
اب جیب بھری رہتی ہے
ایک صاحب کہنے لگے میرے رزق میں برکت نہیں تھی۔ حکیم صاحب نے سورة الکوثر والا عمل بتایا اب ہر وقت جیب بھری رہتی ہے اور پیسے نکالتے ہوئے اور ڈالتے ہوئے سورة الکوثر پڑھتا ہوں اب خرچ کرنے میں مزہ آتا ہے۔
رزق کی تنگی دور ہوگئی
ایک صاحب کہنے لگے رزق کی تنگی کا شکار تھا۔ حضرت نے تمام سنتوںمیں آخری چھ سورتیں پڑھنے کو فرمایا۔ اس کی برکت سے اب پیسے ختم نہیں ہوتے۔
کوئی پریشانی نہیں ہوتی
ایک صاحب کہنے لگے کہ جب میں گھر سے نکلتا ہوں تو سات مرتبہ سورة الکوثر پڑھتا ہوں اورسارے راستے اللہ سے باتیں کرتا رہتا ہوں کہ اللہ آپ ہی مجھے پہنچائیں گے میری کبھی موٹرسائیکل خراب نہیں ہوئی اور نہ کوئی اور پریشانی ہوتی ہے۔
کھانے میں برکت
محفل میں بیٹھے ہوئے دو تین اصحاب نے بتایا کہ شادی کے موقع پر کھانا کم ہونے کا خدشہ ہوگیا کیونکہ لوگ بہت زیادہ تھے بہت پریشانی ہوگئی۔ سورة الکوثر کا ورد شروع کیا اور پانی پردم کرکے دیگوں میں چھڑکا۔ الحمدللہ سب نے کھایا اور کھانا پھر بھی بچ گیا۔ (اس بات کی کئی لوگوں نے تصدیق کی)
حیرت انگیز بات
شکیل احمدصاحب کے نکاح پر 17افراد مہمان تھے اور میزبان دس کے قریب تھے۔ 2 کلو مرغی کا گوشت پکایا تھا۔ صاف نظر آرہا تھا کہ کم ہوجائے گا۔ سورة القریش کا ورد کرتے رہے سب لوگوں نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا۔ گوشت پھر بھی بچ گیا۔ حتیٰ کہ اگلے دن ناشتہ بھی اسی سے کیا جو کہ بہت حیرت انگیز بات تھی۔
ولیمے کا سالن بھی بچ گیا....!
انہی کے ولیمے پر بھی مہمان زیادہ آگئے بہت پریشانی تھی ایک صاحب نے تیسرے کلمے کا ورد شروع کیا دوسرے صاحب نے سورة الکوثر کا۔ سب نے تسلی سے کھایا اور کھانا بچا کر گھر بھی لے گئے اور پھر لوگوں کے گھروں میں بھی دیا۔ تقربیاً پچاس افراد زیادہ آگئے تھے اور کھانا پورا کرنا ناممکن نظر آرہا تھا۔
مجھے ترجیح دی جاتی ہے
ایک صاحب کہنے لگے کہ میں جہاں بھی جاب انٹرویو کیلئے جاتا ہوں تو حضرت کا بتایا ہوا وظیفہ کٓھٰیٰعٓصٓ۔ حٰمٓ عٓسٓقٓ۔ فَسَیَکفِیکَھُمُ اللّٰہُ وَھُوَاالسَّمِیعُ العَلِیمُ پڑھتا ہوں کبھی ناکام نہیں ہوا حالانکہ مجھ سے اچھے لوگ وہاں آئے ہوتے ہیں لیکن مجھے ترجیح دی جاتی ہے۔
خودبخود راستہ بن جاتا ہے
ایک صاحب کہنے لگے اگر راستہ نہ ملتا ہو تو سورة الانشرح پڑھتا ہوں میری بہت آزمودہ ہے خودبخود راستہ بن جاتا ہے۔
کنٹریکٹ کا مسئلہ حل ہوگیا
22۔ایک صاحب کہنے لگے میرے کنٹریکٹ کا مسئلہ تھا جو کہ کسی کمپنی سے کرنا تھا۔ کمپنی ایبٹ آباد میں تھی اور ان کا بہت دبدبہ تھا۔ میں نے جاتے ہوئے یَااَللّٰہُ یَارَحمٰنُ یَارَحِیمُ یَاذَاالجَلَالِ وَالاِکرَامِ یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ بِرَحمَتِکَ اَستَغِیثُ کا ورد کیا۔ انہوں نے میری بہت عزت افزائی کی اور کنٹریکٹ میرے حق میں کردیا جبکہ لوگ مجھے کہتے تھے ایسا ممکن نہیں کہ تمہیں کنٹریکٹ دیں گے۔
بزرگ نے کھانا کھلایا
ایک صاحب کہنے لگے میں مسجد میں بیٹھا تھا بہت بھوکا تھا۔ اپنے گھر سے بھی دور تھا۔ میں نے دعا کی یااللہ مجھے کھانا کھلا دے۔ کچھ دیر بعد ہی ایک بزرگ آئے جن کو میں نہیں جانتا انہوں نے مجھے کھانا لاکردیا میں نے کھایا اور کچھ دیر بعد وہ چلے گئے۔ مجھے آج تک نہیں پتا وہ کون تھے۔
دم سے آنکھ ٹھیک ہوگئی
ایک صاحب کہنے لگے میری آنکھ پر چندھری تھی میں نے ایک بار بِسمِ اللّٰہِ الَّذِی لَایَضُرُّمَعَ اسمِہ شَی ئ فِی الاَرضِ وَلَا فِی السَّمَائِ وَھُوَ السَّمِیعُ العَلِیمُ۔ پڑھی اور دم کیا۔ بالکل ٹھیک ہوگیا اور اب تک دوبارہ نہیں ہوئی۔
غیب سے راستے کھل گئے
ایک صاحب کہنے لگے کہ میرا بیرون ملک روزگار کیلئے جانے کا ارادہ تھا لیکن ممکن نہیں ہوپا رہا تھا اور یہاںبھی میرے پاس کوئی کام نہیں تھا۔ میں نے عبقری اگست 2010ءمیں چھپنے والی اَللّٰھُمَّ اغفِرلِی وَلِوَالِدَیَّ وَلِلمُومِنِینَ وَالمُومِنَاتِ وَالمُسلِمِینَ وَالمُسلِمَاتِ وَالاَحیَائِ وَالاَموَاتِ۔ والی دعا پڑھی۔ ابھی چالیس ہزار بار ہی پڑھا تھا کہ غیب سے راستے کھل گئے اور میرے والد کے ایک دوست جو کہ بیرون ملک ہوتے تھے انہوں نے خود مجھے کہا کہ میں تمہیں بلاتا ہوں انہوں نے خود ہی سارے انتظامات کیے اور باہر بلا لیا حالانکہ بہت کوشش کرچکا تھا۔
صالح جن کی شفقت
ایک لڑکی نے (جو کہ عبدالسلام عادل کی بیٹی ہیں) نے 3 سوا لاکھ مذکورہ بالا دعا کا کیا تو ایک صالح جن ان سے شفقت کرنے لگے اور کہا کہ میری خواہش ہے کہ آپ کو عمل کروائوں جس سے جناتی طاقتیں آپ کو حاصل ہوجائیں لیکن چونکہ میں جن ہوں اس لیے جنات کو قابو کروانے کا عمل نہیں کرواسکتا۔ میں نے استخارہ کیا ہے اور مجھے اشارہ ہوا ہے کہ حکیم طارق صاحب یہ عمل کرواسکتے ہیں۔ جن نے کہا میں درخواست کرتا ہوں حکیم صاحب سے کہ وہ آپ کو یہ عمل اپنی نگرانی میں کروائیں کیونکہ حکیم صاحب ہی ہیں جو یہ عمل کروا سکتے ہیں۔
دیدار رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نصیب ہوا
27۔ مولانا عاصم صاحب فرمانے لگے جب میں بیعت ہوا تو حضرت نے مجھے صَلّٰی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد ٍکا ذکر بتایا۔ میں نے پوری توجہ سے پڑھا۔ بہت عجیب کیفیات ہوئیں جو کہ عرصہ گزرنے کی وجہ سے یاد نہیں۔ ایک خواب بھی دیکھا جس میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم اورحضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زیارت ہوئی۔
دو نفل سے گردے ٹھیک ہوگئے
ایک صاحب کہنے لگے ہمارے علاقے میں رات کے وقت کوئی علاج معالجے کی سہولت میسر نہیں ہوتی کیونکہ دیہاتی علاقہ ہے۔ رات کے وقت میری اہلیہ کو گردے کی درد ہونے لگی اور وہ تڑپنے لگی اور مجھے کہا کہ مجھے کہیں لے چلو۔ مجھے سمجھ نہ آئے کہ کیا کروں۔ اللہ نے دل میں ڈالا میں نے وضو کرکے دو نفل پڑھے اور پھر اسم ذات کا ذکر کیا اور کچھ دیر بعد پانی پر دم کرکے اہلیہ کو وہ پانی پلایا۔ افاقہ نہ ہوا دوبارہ پھر کیا۔ اسے فوراً سکون مل گیا اور آج پانچ سال ہوگئے ہیں دوبارہ درد نہیں ہوا۔
اللہ نے خصوصی ڈش کھلائی
فہیل شمسی صاحب فرمانے لگے کہ میں ایک جگہ بیٹھا تھا کچھ دور ایک صاحب کھانے میں بہت اچھی ڈش کھارہے تھے میرے دل میں آیا اللہ مجھے بھی یہ کھلا دے اور میرا دل چاہنے لگا میں نے آیت رَبِّ اِنِّی لِمَا اَنزَلتَ اِلَیَّ مِن خَیرٍ فَقِیر ۔(القصص‘24) پڑھنی شروع کردی۔ کچھ دیر بعد وہ صاحب خود میرے پاس آئے اور مجھے کھانے میں شریک کرلیا۔
آیت سے بخار ٹھیک
ایک صاحب کہنے لگے میری اہلیہ کو رات کے وقت بہت شدید بخار تھا۔ میں نے بار بار اس آیت کا ورد کیا قُلنَا یٰنَارُ کُونِی بَرداً وَّسَلٰمًا عَلٰی اِبرَاھِیمَ(الانبیائ‘ 69) صبح وہ بالکل ٹھیک تھی۔
نسلوں سے فقرو فاقہ دور
حضرت نے اسی مجلس میں فرمایا کہ رمضان کے اعتکاف میں جو شخص یقین کیساتھ آیت رَبَّنَا اَنزِل عَلِینَا مَائِدَةً مِّنَ السَّمَائِ تَکُونُ لَنَا عِیداً لِّاَوَّلِنَا وَاٰخِرِنَا وَاٰیَةً مِّنکَ ج وَارزُقنَا وَاَنتَ خَیرُ الرّٰزِقِینَ(المائدہ 114) کا سوا لاکھ کرلے اللہ اس کی نسلوں سے بھی فقر وفاقہ دور کردیتے ہیں اور وہ خوشحال وغنی ہوجاتا ہے۔ یہ عملحکیم صاحب کے شیخ نے عطا فرمایا تھا۔
سورئہ کوثر سے میڈیکل ٹیسٹ کلیئر
ایک صاحب نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے نیوی کے کیڈٹ کا میڈیکل ٹیسٹ دینا تھا۔ وہ مسلسل سورة الکوثر پڑھ رہا تھا۔ جب اس کی باری آئی تو ڈاکٹر نے جب سے مشینیں لگائیں تو ساری مشینری جام ہوگئی۔ اس نے دوبارہ لگائی پھر ویسا ہی ہوا۔ ڈاکٹر نے کہا تم جو پڑھ رہے ہو اسے پڑھنا بند کرو۔ لڑکے نے کہا میں کچھ نہیں پڑھ رہا۔ ڈاکٹر نے کہا تم کچھ پڑھ رہے ہو جس کی وجہ سے مشینیں نہیں چل رہیں۔ اس لڑکے نے پڑھنا بند کیا تو مشینیں چل پڑیں اور لڑکا کلیئر ہوگیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 203
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں