ستاروں کی گردش سے قسمت کا حال
میں بہت مایوس ہوکر گھر جارہا تھا تو راستے میں ایک نجومی کو میں نے اپنا ہاتھ دکھایا۔ میں جانتا ہوں کہ یہ گناہ ہے مگرمیں مجبور تھا، اس نجومی نے میرے بارے میں بہت سی باتیں بتائیں ان میں سے ایک بات میرے دل کو لگی۔ اس نے کہا کہ میرا ستارہ گردش میں ہے اور یہ حقیقت بھی ہے کیونکہ میں جو بھی کام کرتا ہوں ناکام ہوجاتا ہوں۔ کوئی آسان سا عمل بتائیں کہ میرا ستارہ گردش سے نکل جائے اور میں ہمیشہ کامیاب رہوں۔ (شبیر اصغر‘ گجرات)
جواب: قسمت کا حال اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ اس لیے کسی بھی نجومی کا یہ کہنا کہ ستارہ گردش میں ہے یا گردش میں نہیں ہے‘ بالکل احمقانہ بات ہے۔ ایسی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ مایوسی اور پریشانی میں نماز اورعبادت سے مدد لینی چاہیے آپ بھی ایسے کڑے وقت میں اللہ تعالیٰ سے مدد مانگئے اللہ تعالیٰ یقینا آپ کی پریشانیوں کو دور فرمادینگے۔ بطور روحانی علاج آپ اٹھتے بیٹھتے چلتے پھرتے غرض جہاں تک ہوسکے۔ یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ پڑھتے رہا کریں۔ اس کے علاوہ محنت کرتے رہیں۔ اگر ملازمت نہیں مل رہی تو کوئی بہت سی معمولی پیمانے پر کاروبار شروع کردیں۔ اگر تعلیم یافتہ ہیں تو ٹیوشن پڑھانا شروع کردیں۔ مطلب یہ ہے کہ بے کار نہ بیٹھیں کچھ نہ کچھ کرتے رہیں۔
کاروبار میںمسلسل گھاٹا
میری شادی کو گیارہ سال ہوگئے ہیں۔ ماشاءاللہ تین بیٹے ہیں۔ اچھے کھاتے پیتے کاروباری گھرانے میں میری شادی ہوئی۔ میرے شوہر اپنے بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں اب مسئلہ یہ ہے کہ ان کاکوئی دوست ان سے کہتا ہے کہ آئومل کرکاروبار کرتے ہیں تو میرے شوہر ناصرف اپنا پیسہ بلکہ کسی اور کا بھی پیسہ اپنی گارنٹی پر لے کر اس دوست کو کاروبار کیلئے دے دیتے ہیں۔ کچھ عرصے بعد ہی وہ کہتا ہے کہ نقصان ہوگیا۔ لہٰذا سارا نقصان میرے شوہر کو بھرنا پڑتا ہے کیونکہ انہوں نے اپنی ضمانت پر دوسرے لوگوں سے پیسہ لے کر لگوایا تھا۔ یہ قصہ دو تین بار سے زیادہ ہوچکا ہے۔ دو سال قبل تو جو نقصان ہوا وہ ابھی تک پورا نہیں ہوسکا کیونکہ یہ نقصان کروڑوں کا تھا۔ ہم جوائنٹ فیملی میں رہتے ہیں اور کاروبار بھی مشترکہ ہے۔ میرے شوہر نے جوائنٹ اکاونٹ سے پیسے نکلوا کر اپنے دوستوں کا نقصان بھرا ہے۔ میں بہت پریشان ہوں کہ جب یہ بات کھلے گی تو گھروالے کس قدرناراض ہوں گے۔ شوہر گھر اور بچوں پر بھی بالکل توجہ نہیں دیتے۔ (راحت‘ کراچی)
جواب: آپ جوائنٹ فیملی میں رہتی ہیں اس لیے ضروری ہے کہ شوہر صاحب کے کرتوتوںپر پردہ نہ ڈالا جائے بلکہ ان کے بھائیوں اور والدین کے علم میں یہ سب باتیں آنی چاہئیں تاکہ وہ لوگ کچھ تدارک کرسکیں۔ جوائنٹ اکاونٹ میں سے کروڑوں روپے نکال لینا آخر کب تک چھپا رہ سکتا ہے۔
آپ اول و آخر تین تین بار درود شریف کے بعد ایک ہزار ایک بار یَاوَدُودُ پڑھ کر کھانے پر دم کریں اور یہ کھانا شوہر کو کھلا دیا کریں۔ یہ عمل مستقل کرتی رہیں گی تو شوہر آپ اور بچوں پر توجہ دینے لگیں گے۔
ملازمت اور شادی
میں اپنی خالہ زاد سے محبت کرتا ہوں۔ وہ عمر میں مجھ سے تین سال بڑی ہے۔ میں اس سے شادی کرنا چاہتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ وہ بھی مجھ سے پیار کرے اور میری خالہ خود اپنی بیٹی کا رشتہ لے کر ہمارے گھر آئیں۔ میں بی کام پارٹ ون کا طالب علم ہوں اور بے روزگار ہوں۔ تین چار بار انٹرویو دیا لیکن کامیاب نہیں ہوسکا۔ مہربانی کرکے کوئی اچھا سا وظیفہ بتائیں کہ مجھے کوئی اچھی سی ملازمت مل جائے اور میرا شادی والا مسئلہ بھی حل ہوجائے۔ (محمدفیاض‘ کراچی)
جواب: آپ کے پاس تعلیم ہے اور نہ ہی کوئی اور ہنر۔ اس کے ساتھ ہی آمدنی کا کوئی ذریعہ بھی نہیں لیکن شادی کیلئے کمربستہ ہیں؟؟؟۔ آپ نے یہ نہیں سوچا کہ بالفرض اگر آپ کی شادی ہو بھی گئی تو شادی کے بعد بیوی بچوں کے اخراجات کیسے پورے کریں گے۔ آپ کیلئے سب سے اچھا وظیفہ یہ ہے کہ پہلے دل لگا کر اپنی تعلیم مکمل کیجئے۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرلیں گے تو پھر ملازمت کے دروازے بھی کھل جاتے ہیں۔ محض انٹر یا بی اے پاس کو ملازمت آسانی سے نہیں ملتی۔
جہاں تک خالہ زاد سے پسند کا تعلق ہے تو اس کیلئے وظیفہ پڑھنے کی بجائے اپنی والدہ سے کہیں کہ وہ آپ کارشتہ لے کر لڑکی کے گھر خود جائیں کیونکہ لڑکی والے اپنی بیٹی کا رشتہ خود نہیں دیا کرتے۔ آپ ہر نماز کے بعد ایک سوگیارہ مرتبہ یَاَاللّٰہُ یَارَحمٰنُ یَارَحِیمُ پڑھ کر دعا کیا کریں۔
پرسکون زندگی
میں پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا ہوں۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں غلط صحبت کا شکار ہوگیا ہوں۔ میرے دو آپریشن بھی ہوچکے ہیں۔ ڈاکٹر سے مشورہ کیا تو وہ کہتے کہ شادی کرلو ٹھیک ہوجاوگے مگر میں شادی کے بارے میں گھر والوں سے نہیں کہہ سکتا کیونکہ کچھ خاندانی مسائل ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے پاس بہت کچھ ہے۔ میری اپنی دکان ہے۔ میں خود صبح سے شام تک دکان پر ہوتا ہوں۔ میرا دل گھبراتا رہتا ہے۔ اکثر پریشان ہوکر خود کلامی کرتا ہوں۔ مجھے کوئی وظیفہ بتائیں کہ میری شادی بھی ہوجائے اور میں پرسکون زندگی بھی گزار سکوں۔ (فیصل بلوچ‘ کراچی)
جواب: غلط صحبت سے چھٹکارا پانے کیلئے آپ زیادہ سے زیادہ استغفار پڑھا کیجئے۔ کوشش کریںکہ ہر وقت باوضو رہیں اور نماز پابندی سے ادا کرتے رہیں۔ شادی کیلئے آپ درود ابراہیمی کی گیارہ تسبیح اس طرح پڑھیں کہ وہ تین دن میں ختم ہوجائیں اس میں وقت کی کوئی پابندی نہیں۔ یہ عمل آپ ہر ہفتے کریں۔ درودشریف کی برکت سے آپ کی شادی کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا اور دیگر مسائل سے بھی چھٹکارا مل جائےگا۔
میاں بیمار ہیں
میری شادی کو بیس سال ہوچکے ہیں۔ میری شادی کے فوراً بعد میاں بیرون ملک چلے گئے اور تقریباً دس بارہ سال ادھر رہے‘ پھر اچانک میرے میاں بیمار ہوکر پاکستان آگئے اب گھر ہی پر رہتے ہیں۔ بیمار ہیں اس لیے کوئی کام نہیں کرسکتے۔ ایک مکان کرائے پر دے رکھا ہے۔ ایک کار خریدی تھی کہ اس سے بھی آمدنی ہوجایا کرے گی مگر گاڑی بھی گھر پر کھڑی ہے۔ مکان کے کرائے سے گھر کا خرچ پورا نہیں ہوتا۔ اب مالی حالت خراب ہوچکی ہے۔ میرے اور شوہر کے درمیان لڑائی جھگڑا رہتا ہے۔ میں بیس سال سے معدے کی تکلیف میں مبتلا ہوں۔ سر میں شدید درد رہتا ہے اس وجہ سے اونچی آواز سے بات بھی نہیں کرسکتی۔ دوسرا مجھے غصہ بہت آتا ہے۔ ماں باپ‘ میاں سب کو برا بھلا کہہ دیتی ہوں۔ میری گزارش ہے کہ کوئی ایسی دعا بتائیں کہ جس سے میری ساری پریشانیاں دور ہوجائیں۔ (فرزانہ‘ راولپنڈی)
جواب: آپ کے تمام مسائل بیماری اور معاشی حالات کی تنگی کی وجہ سے ہیں ان حالات میں لڑنے جھگڑنے کی بجائے صبروتحمل سے کام لینا چاہیے۔ آپ توشکر کیجئے کہ آپ کے پاس کم از کم مکان کا کرایہ تو آجاتا ہے جس سے گھر کا تھوڑا بہت خرچ چل جاتا ہے اگر یہ سہولت نہ ہوتی تو آپ کیا کرتیں؟ گھر کے اخراجات پر کنٹرول کیجئے۔ جہاں تک آپ کے غصے کا تعلق ہے تو آپ زیادہ سے زیادہ درود شریف پڑھا کیجئے اس سے آپ کے مزاج میں نرمی پیدا ہوگی اور صحت بھی بہتر ہوگی جب غصہ آیا کرے تو فوراً ٹھنڈا پانی پی لیا کریں اور اپنا دھیان دوسری باتوں میں لگالیا کریں۔
ہر مرض کا علاج
میرے چہرے پر دو سال سے کالے رنگ کے دائرے بن رہے ہیں۔ شروع میں خارش ہوکر سرخ دانے نکلتے ہیں جو سفید ہوکر بڑھنا شروع ہوجاتے ہیں۔ ڈاکٹروں کا اس بیماری کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ سورج کی شعاعوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔ میں نے ہربل دوائی بھی استعمال کی مگر افاقہ نہ ہوا میرے ہاتھوں اور بازووں پر بھی یہ بیماری ہوگئی ہے۔ پلیز کوئی دعا کوئی ایسا ٹوٹکا بتائیں کہ یہ مرض ختم ہوجائے۔ (ریحانہ‘ پشاور)
جواب:عبقری کے سابقہ شماروںمیں حسن و جمال پر روحانی وظیفہ شائع ہوا تھا لوگوں کو بہت فائدہ ہوا ۔ آپ بھی پڑھیں۔ یَاکَرِیمُ یَامُصَوِّرُ یَاجَمِیلُ اس کے علاوہ اگر آپ کے گھر میں آب زم زم ہویا آپ کسی سے آب زم زم منگوا سکتی ہوں تو آپ آب زم زم کو دعا مانگ کر اپنے چہرے اور ہاتھوں پر لگائیں۔ چند ہی دنوں میں اللہ تعالیٰ کے حکم سے آپ افاقہ محسوس کرنے لگیں گی۔ آب زم زم کی یہ تاثیر ہے کہ اسے جس مرض اور جس خواہش کیلئے بھی پیا یالگایا جائے اللہ تعالیٰ کے حکم سے وہ پوری ہوجاتی ہے۔
مشترکہ فیملی کے مسائل
میں مشترکہ فیملی میں رہتی ہوں۔ وہاں رہتے ہوئے بہت سے مسائل ہیں۔ میرے شوہر کا کاروبار اچھا چل رہا ہے میں چاہتی ہوں کہ ہم الگ گھر لے کر رہیں مگر میرے سسرال والے مجھے الگ نہیں کرنا چاہتے۔ میرے شوہر سمیت چھ بھائی ہیں۔ شادی صرف میرے شوہر کی ہوئی ہے۔ میری شادی کو سات سال ہوچکے ہیں۔ میری ساس اپنے دوسرے بیٹوں کی شادی نہیں کرنا چاہتیں۔ میری تین بیٹیاں ہیں۔ سارا کام مجھ اکیلی کو کرنا پڑتا ہے۔ گھر بھی چھوٹا سا ہے‘ سسر کے پاس پیسہ بھی بہت ہے لیکن وہ خود بڑا گھر لیتے ہیں اور نہ ہمیں الگ ہونے دیتے ہیں۔ لڑجھگڑ کر الگ نہیں ہونا چاہتی۔ کوئی دعا بتائیں کہ یہ لوگ خود ہی مجھے الگ گھر کیلئے کہہ دیں۔ (نبیلہ‘ فیصل آباد)
جواب: آپ کے دیوروں میں سے جب تک کسی کی شادی نہیں ہوتی اس وقت تک تو آپ کا الگ ہونا مشکل ہے لہٰذا پہلے تو یہ دعا کریں کہ آپ کی ساس دوسرے بیٹوں کی بھی شادی کردیں۔ اپنے مسائل کے حل کیلئے آپ روزانہ ایک سو ایک بار اول و آخر تین تین بار درود شریف کے بعد سورہ فاتحہ پڑھ کر دعا کیا کیجئے۔
جنات کا اثر
ہم نے کچھ عرصہ قبل گھر خریدا ہے۔ جو بہت اچھا اور کشادہ ہے لیکن عجب بات ہے کہ گھر میں دل نہیں لگتا۔ رات کے وقت یوں لگتا ہے کہ جیسے صحن میں کوئی چل پھر رہا ہے۔ کبھی احساس ہوتا ہے کہ کوئی باورچی خانے میں گیا ہے۔ ہم سب الگ الگ کمروں میں ہوتے ہیں۔ اکثر یہ احساس ہوتا ہے کہ بھائی جان کمرے سے نکل کر امی کے کمرے میں گئے ہیں۔ یہ احساس اور نظارے ہم سب کو نظر آتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس گھر پر اثرات ہیں۔ جنوں کا اثر ہے یا کوئی روح بھٹکتی رہتی ہے۔ ہم اس گھر کو چھوڑ بھی نہیں سکتے کہ آج کل دوسرا گھر خریدنا آسان کام نہیں لیکن اس گھر میں رہتے ہوئے بھی خوف محسوس ہوتا ہے کوئی دعا بتائیں کہ ہمیں اس مشکل سے نجات مل جائے۔
جواب: گھر سے جن اور آسیب وغیرہ کا اثر دور کرنے کیلئے روزانہ سورة العصر گیارہ مرتبہ چاروں کونوں میں اکتالیس دن پانی پرپڑھ کر چھڑکا کریں۔ انشاءاللہ مکان پر جو بھی اثرات ہیں وہ دور ہوجائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی روزانہ صبح و شام تین بار آیت الکرسی پڑھ کر گھر کے دروازے پر پھونک دیا کریں۔ ہر آفت سے نجات ملے گی۔
دل ڈوبتا ہے
میرے والد کی عمر ستر سال ہے۔ وہ کمزور تو ہیں ہی لیکن گزشتہ تین مہینے سے دل کی تکلیف ہوگئی ہے۔ ایک دن اچانک بیٹھے بیٹھے ان کی طبعیت خراب ہوئی تو ہم انہیں ہسپتال لے گئے۔ ڈاکٹرز نے انہیں ایک ہفتے ہسپتال میں رکھا پھر گھر آگئے۔ اب بھی اکثر انہیں گھبراہٹ ہونے لگتی ہے اور دل ڈوبنے لگتا ہے۔ کوئی دعا بتائیں کہ میرے والد صحت یاب ہوجائیں۔ (زینب مدثر‘ لالہ موسیٰ)
جواب: آپ والد کی طرف سے غفلت نہ برتیں۔ ڈاکٹری علاج جاری رکھیں۔ اس کے ساتھ ہی والد صاحب سورة القصص کی آیت نمبر 24 گیارہ بار پڑھ کر پانی پر دم کرکے پی لیا کریں۔ اس کے علاوہ والد صاحب کو جب بھی کھانے کیلئے کچھ دیں اس پر سات بار سورہ فاتحہ پڑھ کر دم کردیا کریں۔
دھوکہ دہی
میرے شوہر نے ایک آدمی کو دو لاکھ روپے دئیے کہ وہ کسی کاروبار میں لگادے اس نے وہ پیسے ایک سنار کو دے دئیے۔ اس آدمی نے اپنے پیسے بھی اس سنار کے کاروبار میں لگائے ہوئے تھے۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ سنار اس آدمی کو پانچ سے چھ ہزار روپے ماہانہ دیتا ہے لیکن وہ آدمی ہمیں صرف پچیس سو روپے دیتا ہے باقی وہ خود رکھ لیتا ہے۔ ہمیں اس بارے میں پتہ چلا تو ہم نے اس سے پیسے مانگے مگر وہ مکر گیا۔ یہ شخص میرے شوہر کا رشتہ دار بھی ہے اور بہت چالاک ہے۔ اس شخص نے میرے شوہر سے قرض بھی لے رکھا ہے۔ کوئی دعا بتادیں کہ اس شخص کے دل میں رحم آجائے اور ہمارے پیسے واپس کردے۔ (فرزانہ خان‘ لاہور)
جواب: آپ کے شوہر نے سب سے بڑی غلطی یہ کی کہ کاروبار میں اچھی خاصی بڑی رقم لگائی اور جس شخص کے کاروبارمیں لگوائی اس سے براہ راست ملاقات کی نہ بات کی۔ انہیں چاہیے تھا کہ اس شخص سے کاروبار کے لین دین کی بات خود کرتے اور بہتر ہوتا کہ یہ ساری کارروائی تحریری ہوتی تاکہ اس کی قانونی حیثیت بھی ہوتی۔ آپ ہر نماز کے بعد ایک ایک تسبیح ”یَااَللّٰہُ یَافَتَّاحُ اور یَاجَامِعُ پڑھ لیا کریں۔
٭٭٭٭٭٭٭
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 186
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں