چھوٹا عمل بڑا ثواب
کتاب ریاحین میں لکھا ہے کہ ہر شب ماہ ذی الحجہ میں بعد وتر کے سونے سے پہلے دو رکعت پڑھے ہر رکعت میں ایک سو بار سورہ کوثر اور ایک بار سورہ اخلاص پڑھے تو خدائے تعالیٰ اس کے بدن کے ہر بال کے برابر دس نیکی اور صدقہ ہزار دینار اور آزادی سات غلام کا ثواب عطا فرمائیں گے۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ماہ ذی الحجہ کی ہر شب جمعہ کو چھ رکعت نماز پڑھے ہررکعت میں سورہ اخلاص پندرہ بار ہو۔ بعد فراغت نماز دس بار کہے۔
لَا اِلٰہَ اِلَااللّٰہُ المَلِکُ الحَقُّ المُبِینُ
اور دس بار درود شریف پڑھے تو خدائے تعالیٰ اس کو نوغلام آزاد کرنے کا ثواب دے اور موت کے وقت فرشتہ اسے خوشنودی خدا سے مطلع کرے اور وہ قیامت تک اس کی مغفرت کی دعا کرتا رہے۔ایک اور روایت ہے کہ اس ماہ ہر روز دو رکعت نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں تین بار سورہ اخلاص ہو تو اللہ پاک اس کی نیکی زیادہ کرے اور بدی کو دور کرے۔
بڑے ثواب کے کلمات
حضرت جویریہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے ہاں سے صبح سویرے نماز کے وقت سے نکلے اور چاشت کے وقت واپس لوٹے تو وہ ویسے ہی بیٹھی تھیں (مصلّے پر بیٹھی ذکر میں مشغول تھیں)آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب سے میں تمہارے پاس سے گیا ہوں تم اسی حال میں بیٹھی ہوئی ہو؟ انہوں نے عرض کیا جی ہاں! تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ”میں نے تیرے بعد چار کلمات تین مرتبہ پڑھے ہیں جو کچھ تم نے سارے دن میں پڑھا ہے ان کے ساتھ ان کلمات کا وزن کیا جاسکتا ہے۔
سُبحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمدِہ عَدَدَ خَلقِہ وَرِضَا نَفسِہ وَزِینَةَ عَرشِہ وَمِدَادَ کَلِمَاتِہ۔ (مسلم والترمذی)
دافع ضرر و سقم
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ باہر نکلے ایک شخص شکستہ حال دکھائی دیا۔ رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا اے شخص تیرا یہ حال کیسے ہوا! اس نے کہا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! بیماری اور ضرر کی وجہ سے میرا یہ حال ہوا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کیا میں تجھے وہ کلمات سکھلاوں جو تجھ سے ضررو بیماری کو دفع کردیں؟ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیا آپ مجھے ان کی تعلیم فرمائیں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہوتَوَکَّلتُ عَلَی الحَیِّ الَّذِی لَایَمُوتُ وَالحَمدُلِلّٰہِ الَّذِی لَم یَتَّخِذوَلَدًا وَّلَم یَکُن لَّہ شَرِیک فِی المُلکِ وَلَم یَکُن لَّہ وَلِی مِّنَ الذُّلِّ وَکَبِّرہُ تَکبِیرًاoبیمار کو چاہیے کہ ان کلمات کی بار بار تکرار کیا کرے انشاءاللہ اس کا حال بہت جلد درست ہوجائے گا اور تمام امراض و اسقام سے نجات پائےگا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں