ستمبر کے جوابات
1۔بہن آپ ایک عمل کریں انشاءاللہ آپ کے تمام گھریلو مسائل حل ہوجائیں گے آپ سورہ فاتحہ 121 بار پڑھیں اور پڑھ کرپانی پر دم کریں اور چینی پر دم کریں اور وہ پانی اور چینی گھر کے استعمال میں لائیں روزانہ پھر دم کرتے جائیں پانی اور چینی بڑھاتے جائیں یہی عمل رزق اور مسائل کیلئے بھی ہے کم از کم 90 دن ضرور پڑھیں۔ (حرا‘پشاور)
2۔جوارش کمونی ایک چمچ ہر کھانے کے بعد استعمال کریں۔ دو ماہ مستقل بغیر کسی ناغے کے استعمال سے آپ کے تمام جملہ مسائل ختم ہوجائیں گے۔ii۔ سورة الکافرون تیل پر 1001 مرتبہ دم کرکے ناف پر لگائیں۔ ساتھ جوہر شفائے مدینہ متواتر کھائیں۔ (محمداحمد ‘ لاہور)
3۔لمبے، گھنے بال ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے (ایلوویرا) کو درمیان سے اس طرح کاٹیں کہ دونوں سرے جڑے رہیں۔ اس گھیکوار میں میتھرے بھر کر دھاگے سے باندھ کر ہفتہ، دس دن فریج میں رکھ دیں، اس کے بعد میتھرے گھیکوار سے نکال کر کڑوے تیل میں جلالیں۔ یہ تیل انشاءاللہ مفید رہے گا۔ اس کے علاوہ آزمودہ اور آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ جو بھی تیل آپ بالوں کے لیے استعمال کرتی ہیں، اس میں میتھرے ڈال کر دھوپ میں رکھ دیں اور پندرہ دن بعد وہ تیل استعمال کرنا شروع کریں، بالوں کو سیٹ کرنا ہو تو اس مقصد کے لیے میتھرے کا ابلا ہوا پانی لگا کر رول کرنے سے بالوں میں گھنگھریالا پن آجاتا ہے اور بال سیاہ چمکدار‘ گھنے اور لمبے ہوجاتے ہیں۔(صفیہ‘ لاہور)
4۔ بہن آپ اپنے بچوں کاسخت تصورکرتے ہوئے وضو بے وضو سارا دن ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں یَاصَبُورُ یَامَانِعُ یَاحَافِظُ یَاحَفِیظُ پڑھیں۔ بہت جلد آپ کے مسائل حل ہوجائیں گے۔بچے آپس میں پیار محبت اور اخوت کے ساتھ رہیں گے اور ان کا حافظہ بھی ٹھیک ہوجائے گا۔ آپ کے شوہر بھی انشاءاللہ پہلے کی طرح ہی ہوجائیں گے۔ (عرفان علی‘ بہاولپور)
اکتوبر کے سوالات
1۔ میری بیٹی کی شادی میں اس کے سسرال والے راضی نہ تھے بہت رکاوٹوں کے بعد شادی ہوئی۔ صرف لڑکا راضی تھا اب سسرال والوں نے میری بیٹی کا جینا حرام کردیا ہے۔ شادی کو تین سال ہوگئے ہیں اللہ نے اسکو دو بچے دئیے ہیں۔ شوہر شادی کے بعد دوتین ماہ ٹھیک رہا لیکن اب وہ بھی غیرعورتوں میں دلچسپی لینے لگ گیا ہے۔ اتنا کہ دوسری شادی کرنے پر بھی تل گیا ہے۔ کسی ضرورت کا خیال نہیں رکھتا۔ میری بیٹی پر بھی توجہ نہیں دیتا۔ میری بیٹی اپنی زندگی سے تنگ آچکی ہے مہربانی کرکے قارئین کوئی وظیفہ بتائیں۔ (رخسانہ)
2۔ میں بیمار رہتی ہوں بہت جگہ سے علاج کروایا ہے لیکن دوائیاں اثر نہیں کرتیں۔ گھر میں برکت نہیں ہے۔ میرے شوہر نے مجھے طلاق دیدی ہے۔ گھر میں ایک بیٹا اور میں اکیلے رہتے ہیں۔ کوئی وظیفہ بتائیں کہ میں ٹھیک ہوجاوں اور میرے بیٹے کا کوئی روزگار لگ جائے۔(شمشاد بی بی)
3۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری بیٹی (کنزیٰ مریم) نے میڈیکل کا انٹری ٹیسٹ دینا ہے۔ اس کی تیاری مکمل ہے۔ کامیابی کیلئے کوئی وظیفہ بتائیں۔ (مسز ساجدہ‘ شکرگڑھ)
4۔ میری عمر تقریباً بیس سال ہے حال ہی میں شادی ہوئی ہے جب سے مخصوص ایام شروع ہوئے ہیں درد کے ساتھ آتے ہیں کھل کر نہیں۔ تنگی درد ‘ بے چینی رہتی ہے۔باقاعدگی سے علاج کرایا لیکن افاقہ نہیں ہوا۔ مثانہ پر سوزش بھی ہے۔اللہ کی رضا کیلئے کوئی صاحب/ صاحبہ نسخہ بتادے۔(میمونہ مظہر‘ میلسی)
٭٭٭٭٭
گداگری کا بھیانک انجام (نعیم جاوید‘معرفتی)
یہ واقعہ میرے ایک دوست نے سنایا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں خانہ خدا میں عمرہ کے دوران طواف کررہا تھا کہ میں نے ایک پاکستانی دیکھا جس نے دوران طواف ایک ہاتھ میں ایک برتن پکڑا ہوا تھا جس کے اندر برف تھی اس نے اپنا دوسرا ہاتھ برتن کے اندر برف میں رکھا ہوا تھا۔ اتفاق سے جب میں طواف سے فارغ ہوکر نماز پڑھ رہا تھا تو وہ شخص بھی میرے ساتھ نماز ادا کررہا تھا۔ نماز سے فارغ ہوکر جب میں نے اسے پوچھا کہ آپ نے اپنا ایک ہاتھ برف میں کیوں رکھا ہوا ہے تو اسنے بتایا کہ یہ ہاتھ آگ سے جل گیا تھا۔ جلا ایسے کہ میں فلاں جگہ پر دکاندار تھا۔ میری دکان پر بہت سے گداگر مانگنے کیلئے آتے تھے ان میں سے ایک میرا دوست بن گیا وہ دکان میں بیٹھ جاتا اور ہم گپ شپ لگاتے۔
ایک دفعہ کافی دن گزر گئے وہ نہیں آیا۔ آخرکار ایک شخص اس کا پیغام لے کر آیا۔ پیغام میں اس نے کہا کہ میں بہت زیادہ بیمار ہوں۔ مہربانی فرما کر مجھے ایک مرتبہ ملنے لازمی آو کیونکہ آپ کے علاوہ میرا کوئی دوست یا رشتے دار نہیں ہے۔ میں اس کے گھر گیا تو وہ واقعی بہت بیمار تھا۔ اس نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ میں بچ پاونگا۔ اگر میں مرگیا تو میرا ایک کام لازمی کرنا میں نے گداگری کرکے جو دولت اکٹھی کی ہے وہ میرے ساتھ قبر میں رکھ دینا کیونکہ مجھے اس دولت سے بہت پیار ہے۔ میں نے اس دولت کی خاطر سب کچھ چھوڑ دیا تھا۔ مجھے رشتوں سے زیادہ گداگری عزیز تھی۔ مجھے امید ہے کہ تم یہ کام لازمی کروگے۔ تھوڑے دنوں کے بعد وہ گداگر مر گیا میں نے وصیت کے مطابق نوٹوں سے بھری بوریاں اس کی قبر میں رکھ دیں۔ میں حسب معمول زندگی میں مصروف ہوگیا۔ مگرمیرا کاروبار دن بدن زوال پذیر ہونے لگا۔ ایک دن مجھے بیٹھے بیٹھے خیال آیا کہ اس گداگر کی قبر میں نوٹوں کی بوریاں پڑی ہوئی ہیں وہ دولت اس مردے کے کس کام کی؟ میں اسے نکالنے کیلئے اس کی قبر پر پہنچ گیا۔ میں نے گڑھا کھود کربوری نکالنے کیلئے قبر کے اندر ہاتھ ڈالا تو قبر کے اندر سے آگ کا ایک گولہ میرے ہاتھ کولگا میں نے فوری ہاتھ باہر نکال لیا۔ ہاتھ پر ظاہری طور پر کوئی زخم نہیں ہوا مگر آگ کادرد ہاتھ کے اندر ایسا گیا کہ کہیں سے کسی دوائی سے آرام نہیں آیا۔ میں اس ہاتھ کو برف میں رکھتا ہوں تو مجھے تھوڑا سا سکون مل جاتا ہے۔ وگرنہ درد ناقابل برداشت ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں