پیروں تلے چھپکلی
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اور میری دوست کوچنگ سنٹر میں پڑھنے جارہے ہیں واپسی پر ایک گلی میں ہم جاتے ہیں اور اچانک وہاں گندا پانی آجاتا ہے اور بڑھتا ہی چلا جاتا ہے تقریباً پنڈلیوں تک گندا پانی آجاتا ہے پھر میں اپنی دوست سے کہتی ہوں کہ آگے جانا بیکار ہے پھر ایک گھر میں چلے جاتے ہیں وہاں کوئی نہیں ہوتا اور گھر میں چاروں طرف مٹی اور سامان بکھرے ہوئے ہوتے ہیں پھر اچانک ایک لڑکا آتا ہے اور ہم سے کہتا تم کون ہو؟ اور یہاں کیا کررہی ہو تو میں کہتی ہوں کہ باہر گندا پانی تھا اس لیے ہم یہاں آگئے پھر وہ ہمیں کمرے میں لے جاتا ہے۔ میں کمرے کا گیٹ کھولتی ہوں تو ایک چھپکلی جو اس دروازے پر تھی اچھل کر میرے پاوں کے تلوے پر چپک جاتی ہے میں اسے اتارنے کی کوشش کرتی ہوں وہ نہیں اترتی اور نہ ہی اپنی جگہ سے ہلتی ہے تو میں کہتی ہوں چھوڑو گھر جاکر امی سے اتروا لوں گی حالانکہ چھپکلی کی وجہ سے پاوں زمین پر رکھنے میں درد ہورہا ہوتا ہے مگر پھر بھی وہ میرے تلوے پر چپکی ہوئی ہوتی ہے۔ اور پھر آنکھ کھل جاتی ہے۔ (ملیحہ‘ حیدرآباد)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ بدخواہ دشمن آپ کو پریشان کرنے کی کوشش کرے گا لیکن انشاءاللہ آپ اس پر غالب آئیں گی اور آپ کے دشمن ناکام ہوں گے۔ آپ سورہ آل عمران کی آیت 154 بار پڑھ کر اپنے اوپر روزانہ دم کرلیا کریں۔
میٹھی چیزیں
خواب:میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے ذہن میں یہ سوچ ہے کہ یہ جگہ کوئی مزار ہے لیکن وہ مزار نہیں ہے وہ دو یا تین کمرے ہیں۔ باہر پانی کا تالاب ہے میں اور میرا تین سال کا کزن ہم کشتی پر بیٹھ کر ایک حصے سے دوسرے حصے (مزار) پر جاتے ہیں۔ میں اور میرا کزن اندر چلے جاتے ہیں اور میں اپنے کزن کو پکڑلیتی ہوں تاکہ وہ باہر جاکر پانی میں نہ گرجائے میں باہر جاتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ اگر کشتی نہ آئی تو گھر والے کہیں گے کہ کہاں گئی اور (ر) میرے کزن کی امی کہیں گی کہ میرے بیٹے کو کہاں لے گئی ہے۔ اتنی دیر میں میرے کزن کی بہن آجاتی ہے اور وہ کہتی ہے کہ تم دونوں یہاں ہی رہو۔ ابھی تک کشتی نہیں آئی اور وہ چلی جاتی ہے۔ میں کہتی ہوں کہ نہ جاو وہاں پانی ہے تم ڈوب جاو گی لیکن وہ چلی جاتی ہے اور پھر میں ادھر ادھر دیکھتی ہوں تو وہ میری بہن (س) کے ساتھ سامنے سے آجاتی ہے۔ میں اور میرا کزن اس کی بہن اور میری بہن ہم چاروں اندر چلے جاتے ہیں۔ وہاں میری چچی چچا اور ان کا بیٹا اور میرے بھائی ہوتے ہیں۔ شاید میری امی بھی ہوتی ہیں کوئی آکر مجھے بوتل اور برگر دیتا ہے اور کہتا ہے کہ کھالو۔ وہاں ایک باورچی خانہ ہوتا ہے میں وہاں جاتی ہوں تو وہاں بہت زیادہ چاکلیٹ اورٹافیاں ہوتی ہیں سب میٹھی چیزیں ہوتی ہیں۔ میں امی کا پرس لاتی ہوں اور اس میں چاکلیٹ ٹافیاں‘ جوس کے ڈبے اور بہت سی دوسری مٹھائیاں رکھتی ہوں میں اور لے لیتی ہوں تاکہ کوئی اور نہ لے لے۔ میں سوچتی ہوں کہ یہاں ایک ہی باباجی رہتے ہیں اور ان کی بیوی رہتی ہے۔ وہ تو بہت کم کھاتے ہیں میں ہی لے لیتی ہوں۔ باہر جاتی ہو تو بیگ کو آرام سے زمین پر رکھتی ہوں میں کہتی ہوں کہ اگر کوئی شیشے کی بوتل اندر ہوتی تو اس کی آواز ضرور آتی اور نہ ہی برگر ہے۔ میری نظر اپنے چچا پر پڑتی ہے وہ ڈبے سے چاکلیٹ نکال رہے ہوتے ہیں۔ بہت سی نکال لیتی ہوں اور پرس میں رکھ لیتی ہوں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (ارم‘ لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کی کوئی دلی مراد پوری ہوگی اور خوشحال زندگی گزرنے کا بھی اشارہ ہے۔ آپ ”یارزاق“ کثرت سے پڑھا کریں۔
چوڑیاں
خواب: میں خواب میں دیکھتی ہوں کہ میرے نانا اور نانی کے گھر طرح طرح کے پکوان پک رہے ہیں اور یہ پکوان اوپر چھت پر اور کمرروں میں جارہے ہیں (ہمارے نانا اور نانی کے گھر میں اب کوئی نہیں رہتا) اور نانی کے گھر کچھ ٹی وی ایکٹرز بھی آئے ہوئے ہیں میں اور میری امی جان تھالوں میں چیزیں رکھ کر اوپر لے کر جارہی ہیں۔ اندر کمرے میں میرے ابو کے کچھ دوست بھی آئے ہوئے ہیں اور ہم ان کو بھی پکوان دے رہے ہیں۔ پھر منظر بدلتا ہے میں دیکھتی ہوں کہ میری دادی کا گھر آجاتا ہے۔ میں اپنی دادی کے گھر کے صحن میں کھڑی ہوں اور دیکھتی ہوں کہ صوفے پر کچھ مہنگے شادیوں والے کپڑے پڑے ہوئے ہیں پھر ایک لڑکی آتی ہے جو میری کلاس میں پڑھتی ہے میں 8th میں پڑھتی ہوں۔ وہ مجھے کہتی ہے کہ ان کپڑوں میں سے کوئی ایک سا اٹھالو اور پہن کر تیار ہوجاو۔ میں ان کپڑوں میں سے ایک جوڑا اٹھالیتی ہوں وہ جوڑا ہرا اور پیلے رنگ کا ہوتا ہے۔ میں دیکھتی ہوں کہ سامنے چوڑیاں پڑی ہوئی ہیں۔ میں ان میں سے سب سے زیادہ خوبصورت اور لمبی اور اچھی والی چوڑیاں اٹھالیتی ہوں تاکہ کوئی اور ان چوڑیوں کو نہ اٹھالے پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (عائشہ مظفر۔ سیالکوٹ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کو جلد ایک اچھی چیز ملنے کا امکان ہے اور ہوسکتا ہے کہ آپ کا رشتہ کی بات آپ کے ددھیال میں ہوجائے۔ البتہ آپ کی ازدواجی زندگی انشاءاللہ بہت اچھی گزرے گی اور بہترین شریک حیات نصیب ہوگا۔
شادی کارڈ
خواب: میں نے دیکھا کہ ہم سب گھر والے اپنے گھر میں موجود ہیں اتنے میں باہر بیل بجتی ہے میرا بڑا بھائی باہر جاکر دیکھتا ہے تو ڈاکیا اس کو کارڈ دیتا ہے وہ کارڈ لے کر گھر کے اندر آجاتا ہے جب کارڈ کو کھول کر دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے یہ میری کزن کی شادی کاکارڈ ہے جس سے میں پیار کرتا ہوں۔ ہم سب گھر والے بہت حیران ہوتے ہیں۔ میں اپنے گھروالوں سے کہتا ہوں کہ اس کی منگنی تو میرے ساتھ ہوئی تھی‘ یہ شادی کسی اور سے کس طرح کرسکتی ہے۔ میرے گھر والے اس شادی کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (ذیشان۔ راولپنڈی )
تعبیر: آپ کا خواب مبارک ہے اور آپ کو یہ خوشخبری ہے کہ انشاءاللہ آپ کی شادی اسی جگہ پر ہوگی اور اس سلسلے میں آپ کے گھر والوں کا پورا تعاون آپ کو حاصل ہوگا۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 422
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں