محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں نے بخل شکنی عبقری رسالہ سے ہی سیکھی ہے۔ میرے کچھ آزمودہ اعمال ہیں جو میں عبقری قارئین کی نذر کرتی ہوں۔ بچپن سے میرے والد صاحب نے ہمیں اعمال سے پلنے ‘ بننےا ور بچنے کی تعلیم دی ہے‘ گھر میں کوئی مسئلہ ہوتا اعمال شروع ہوجاتے۔ آج بیٹھے بیٹھے اپنا بارہا کا آزمودہ عمل یاد آیا۔ میرے والد اپنےشہر کی بڑی کاروباری شخصیت تھے‘ کاروبار میں نفع نقصان ہوتا رہتا ہے مگر بعض اوقات حالات ایسے آجاتے ہیں کہ انسان بے بس ہوجاتا ہے‘ ایک مرتبہ بینک کے ساتھ لین دین کا مسئلہ تھا کافی دیر یہ معاملہ چلتا رہا بالآخر ایک وقت ایسا آیا کہ میرے والد بالکل مایوس اور بے بس ہوگئے‘ میرےوالد گھر آئے اور ہم تمام بہنوں کو اکٹھا کیا ‘ ساری صورتحال سے ہمیں آگاہ کیا اور ہمارا خاندانی آزمودہ عمل کرنے کا کہا۔ پریشانی بہت بڑی تھی‘ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوتا تو ہم ایک دم سے عرش سے فرش پر آگرتے۔یقین کیجئے انتہائی توجہ ‘ یقین سے یہ عمل کیا‘ ابھی عمل مکمل بھی نہ ہوا تھا کہ میرے والد کا وہ مسئلہ جو کسی صورت حل نہیں ہورہا تھا‘ ہر کوشش‘ ہر حربہ آزما چکے تھے‘ ہر طرف مایوسی ہی مایوسی تھی مگر ادھر یہ عمل شرو ع کیا ادھر ہر الٹی سیدھی ہونا شروع ہوگئی اور ہر فیصلہ میرے والد کے حق میں ہوا۔ ہم بہت بڑے بحران سے بچ گئے‘ اس کے علاوہ ہمارے گھر میں کوئی مسئلہ آئے ‘ کوئی کاروباری‘ گھریلو الجھن سامنے کھڑی ہوئی بس میرے والد ہم تمام بہنوں کو اکٹھا
کرکے یہی عمل کرواتے مسئلہ ایسے حل ہوجاتا جیسے کبھی کوئی مسئلہ تھا ہی نہیں۔ عمل یہ ہے:۔سفید چادر بچھا کر اس پر سات مٹی کے پیالے رکھ لیں اور ہر پیالہ میں کوئی بھی سفید مٹھائی(سفید برفی‘ سفید حلوہ‘ مصری‘ کھیر یا پتاشہ کچھ بھی سفید میٹھا) رکھ دیں۔ سات افراد مل کر سورۂ مزمل 111مرتبہ آپس میں بانٹ کر ایک نشست میں پڑھیں۔ جب بھی سورۂ مزمل شروع کریں ایک مرتبہ بسم اللہ الرحمٰن الرحیم اور اول و آخر تین مرتبہ درودشریف کوئی سابھی پڑھ لیں۔سات دن روزانہ اسی ترتیب سے 111 مرتبہ یہ عمل کرنا ہے۔ آسانی کیلئے 111 کھجور کی گٹھلیاں سامنے رکھ لیں‘ ہر بندہ پڑھتا جائے اور ایک گٹھلی اٹھا کر سائیڈ پر رکھتا جائے۔ عمل مکمل ہونے کے بعد گڑگڑا کر اپنی مشکل‘ پریشانی اور الجھن کیلئے دعا کریں۔ ان شاء اللہ سات دن کے اندر بڑے سے بڑا مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔ الحمدللہ ! ہمارے کبھی بھی گیارہ دن نہیں ہوئے اس سے پہلے ہی مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔
شوہر سخت بیمار‘ ڈاکٹر لاچار! یہ دعا کام آئی
مزید ایک عمل یاد آیا کہ میرے شوہر اچانک سخت بیمار ہوگئے‘ ان کو معدہ کا السر تھا‘ طبیعت چند دنوں کے اندر اتنی زیادہ خراب ہوگئی کہ سب پریشان ہوگئے۔ ڈاکٹرز کو کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ انہیں کیا دوا دیں‘ ہر چیز ری ایکشن کررہی تھی‘ ایک دن تو اتنی طبیعت خراب ہوئی کہ بیڈ سے گرکر بیہوش ہوگئے۔ میں بہت زیادہ پریشان ہوگئی۔ میرے گھر میں ایک کتاب پڑی تھی جس میں مسنون دعائیں تھی‘ اسی میں ایک دعا ’’دعائے عکاشہ‘‘ کے نام سے بھی تھی‘ میں نے وہ کتاب اٹھائی اور مسلسل دعائے عکاشہ پڑھنا شروع کردی‘ اسی دن میرے شوہر کی طبیعت سنبھلنا شروع ہوگئی اور یقین کیجئے صرف دس دن کے اندر میرے شوہر بالکل تندرست ہوکر اپنے قدموں پر کھڑے ہوگئے۔ اس کے بعد تو یہ دعا میرے معمولات میں شامل ہوگئی‘ جب بھی کوئی مسئلہ‘ کوئی پریشانی‘ الجھن آتی ہے میں یہی دعا سارا دن کھلا وضو بے وضو ہر حالت میں پڑھنا شروع کردیتی ہوں‘ وہ مسئلہ چند گھنٹوں‘ چند دنوں یا چند ہفتوں کے اندر اندر ختم ہوجاتا ہے۔ دعائے عکاشہ اسلامی کتب خانہ سے عام پرنٹ شدہ مل جاتی ہے۔
موٹاپے کیلئے آزمایا جوڑوں کا درد بھی ٹھیک ہوگیا
ایک اورمشاہدہ کہ عبقری رسالہ میں ایک نسخے کے متعلق پڑھا‘ مزید اس کے فوائد شیخ الوظائف نےدرس میں بھی بارہا بیان کیے‘ ہم نے موٹاپا سے نجات کیلئے گھر میں بنالیا‘ ابھی موٹاپا سے نجات کیلئے تو فرق پڑنا شروع نہیں ہوا تھا مگر جوڑوں کے درد جن کی وجہ سے میرے شوہر ہروقت اذیت میں مبتلا رہتے تھے اس نسخے سے ان کو اس مرض سےنجات مل گئی‘ مزید اس نسخہ کے بے شمار فوائد سامنے آئے۔ ان شاء اللہ مزید لکھ کر بھیجوں گی۔ نسخہ یہ ہے۔ ھوالشافی: ایک چمچ چھلکا اسپغول‘ ایک چٹکی کلونجی اور ایک چمچ زیتون کا تیل مکس کرلیں‘ صبح و شام کھانے سے پہلے اور بعد میں کھالیں۔ پیٹ کے تمام امراض‘ جگر کے امراض‘ پٹھوں کے امراض‘ جوڑوں کے درد کا آزمودہ علاج ہے۔
آپریشن ناکام نہیں ہوگا! تھیٹر کے باہر یہ پڑھیں!
ایک اور عمل قارئین عبقری کی نذر کرنا چاہوں گی‘ یہ ہمارا آزمودہ ہے جب بھی کسی کو آپریشن کیلئے تھیٹر میں لے جائیں باہر بیٹھے افراد صرف تیس تسبیحبِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ یَاسَلَامُ پڑھ لیں‘ اکٹھے ہوکر یا اکیلے ‘ یقین کیجئے جس نے جب بھی پڑھا اس کے عزیز کا ہمیشہ آپریشن کامیاب ہوا۔ ہمیشہ آپریشن کامیاب‘ مریض صحت یاب ہوتاہے‘ تندرستی ہوتی ہے‘ میں نے آج تک نہیں سنا کہ کسی نے یہ عمل کیا ہو اور اس کے عزیز کا آپریشن ناکام ہوا ہے۔ قارئین یہ ایک سنہری شفائی موتی ہے جو میں آپ کی نذر کررہی ہوں۔ یقیناً قارئین میرے تجربات و مشاہدات سے آپ مستفید ہوئے ہوں گے۔ آپ بھی لکھیے‘ لاکھوں کا فائدہ اور آپ کیلئے صدقہ جاریہ۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں