دل کی کمزوری اور بدخوابی کا نافع علاج
جس شخص کا دل کمزور ہوگیا ہو اور اسے ڈرائو نے خواب ستاتے ہوں وہ فجر کی نماز کے بعد گیارہ مرتبہ یہ دعا پڑھے بے حد مفید ہے:لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ لَہٗ الْمُلْکُ وَلَہُ الْـحَمْدُ یُـحْیِیْ وَیُمِیْتُ وَھُوَ حَیٌّ لَّایَمُوْتُ بِیَدِہِ الْـخَیْرُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَی ءٍ قَدِیْرٌ۔
شادی کے لیے مجرب عمل
اگر کسی کے بیٹے یا بیٹی کی شادی نہ ہوتی ہو اور وہ چاہے کہ اچھی جگہ اور جلدی ہو جائے اس کے لیے 3313 مرتبہ عشاء کی نماز کے بعد اکیس روز تک اس آیت کو پڑھے اور اوّل آخر درود شریف گیارہ گیارہ بار پڑھے۔
سُبْـحٰنَ الَّذِیْ خَلَقَ الْاَزْوَاجَ کُلَّھَا مِـمَّا تُنْبِتُ الْاَرْضُ وَمِنْ اَنْفُسِھِمْ وَ مِـمَّا لَایَعْلَمُوْنَ۔
سحرکا خاتمہ
بیری کے سات پتے جن میں سوراخ نہ ہوں لے کر ان میں ہر پتے پر تین بار یہ آیت پڑھیں اور ہر بار پڑھ کر دم کریں۔
وَاتَّبَعُوْا مَا تَتْلُوا الشَّیٰطِیْنُ سے لَوْ کَانُوْا یَعْلَمُوْنَ تک پوری آیت (البقرہ ۱۰۲)
اس طرح سات پتوں پر کل اکیس بار یہ آیت پڑھی جائے گی ان پتوں کو پاک ہاتھوں سے توڑ کر پانی میں ڈال دیں مریض سات دن تک یہ پانی پیتا رہے پانی کم ہونے پر اور پانی ملاتے رہیں۔ یہ پانی گھر اور دکان پر چھڑکیں ان شاء اللہ شفاء ہوگی۔
برائے ملازمت
ملازمت کے حصول کے لیے سورئہ بنی اسرائیل کی آخری آیت وَ قُلِ الْـحَمْدُ لِلہِ الَّذِیْ لَمْ یَتَّخِذْ وَلَدًا وَّلَمْ یَکُنْ لَّہٗ شَرِیْکٌ فِی الْمُلْکِ وَلَمْ یَکُنْ لَّہٗ وَلِیٌّ مِّنَ الذُّلِّ وَکَبِّرْہُ تَکْبِیْرًا 313 مرتبہ پڑھیں اوّل آخر درود شریف تین تین مرتبہ یہ عمل مقصد پورا ہونے تک جاری رکھیں۔پڑھنے کا ایک وقت خود ہی مقرر کرلیں۔
آسیب کا پلٹ جانا
سورئہ مومنون کی آخری چار آیات ’’اَفَـحَسِبْتُمْ اَنَّـمَا خَلَقْنٰکُمْ عَبَثًا‘‘ سے آخر تک پڑھ کر کان میں دم کرنا اور اسی طرح سورئہ الطارق کو سات بار کان میں دم کرنا اس کے بعد داہنے کان میں اذان اور بائیں کان میں تکبیر کہنا بھی آسیب کو دفع کرتا ہے۔
راہ راست پر لانے والاعمل
جو بچہ شرارتی ہو یا برائیوں میں مبتلا ہو یا نوجوان گمراہی اور گناہوں میں مبتلا ہو‘ اس کی پیشانی کے بال پکڑ کر توجہ سے سات مرتبہ یہ آیت شریفہ پڑھیں ان شاء اللہ تاثیر دیکھیں گے۔ ’’اَفَـحَسِبْتُمْ اَنَّـمَا خَلَقْنٰکُمْ عَبَثًا وَّاَنَّکُمْ اِلَیْنَا لَاتُرْجَعُوْنَ۔ فَتَعٰلَی اللہُ الْمَلِکُ الْـحَقُّ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمِ۔‘‘
نافرمان کے لیے
اگر کسی شخص کی بیوی یا اولاد نافرمان ہو اور وہ انہیں تابعدار کرنا چاہے تو اکیس روز تک عشاء کی نماز کے بعد ۵۰۵ مرتبہ اس آیت کو پڑھے: ’’وَالَّذِیْنَ یَقُوْلُوْنَ رَبَّنَا ھَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَ ذُرِّیّٰتِنَا قُرَّۃَ اَعْیُنٍ وَّاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا‘‘ (سورئہ الفرقان، آیت ۷۴)
قرض سے محفوظ رہنے کے لیے
جو شخص چاہے کہ کبھی قرض دار نہ ہو یا اگر ہو جائے تو جلد نجات پائے۔ اس کو چاہیے کہ بعد نماز ظہر سو مرتبہ درود شریف ’’اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِہٖ وَ بَارِکْ وَسَلِّمْ‘‘ پڑھ کر دعا کرے تو اللہ تعالیٰ اس کو قرض سے بچائینگے اور اگر مقروض ہوا تو غیب سے قرض کی ادائیگی کا انتظام کردینگے۔
کالاجادو ختم! ندی کا پانی لیں اور ہفتے کو عمل کریں
جو شخص جادو میں مبتلا ہو اس کے دفعیہ کے واسطے یہ عمل بہت مجرب ہے اور بااثر ہے معوذتین یعنی سورۂ فلق اور سورۂ ناس اور قرآن پاک کی وہ آیات جن میں جادو کا ذکر ہے جو ذیل میں لکھی گئی ہیں پاک کاغذ پر لکھیں اور بہتے ہوئے پانی خواہ کسی دریا یا ندی کا ہو ایک اوسط درجہ کی ٹھلیا منگا کر اس پانی میں یہ تعویذ ڈالیں جب حروف پانی میں گھل جائیں تو تھوڑا سا پانی اس مریض کو پلائیں اور تھوڑے سے ہاتھ پائوں دھلائیں اور بقیہ پانی سے غسل دیں مگر پانی زمین پر نہ گرے مستعملہ پانی زمین میں دفن کردیں‘ یہ عمل ہفتہ کوکرنا چاہیے اگرچہ چند دفعہ اس ترکیب سے کیا جائے تو ان شاء اللہ جادو کا بالکل اثر باقی نہ رہے گا۔ جن آیات میں جادو کا ذکر ہے وہ یہ ہیں: فَوَقَعَ الْـحَقُّ وَ بَطَلَ مَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ۔ فَغُلِبُوْا ھُنَا لِکَ وَانْقَلَبُوْا صٰغِرِیْنَ۔ وَاُلْقِیَ السَّحَرَۃُ سٰـجِدِیْنَ۔ قَالُوْٓا اٰمَنَّا بِرَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۔ رَبِّ مُوْسٰی وَ ھٰرُوْنَ۔ فَلَمَّآ اَلْقَوْا قَالَ مُوْسٰی مَا جِئْتُمْ بِہِ السِّحْرُ اِنَّ اللہَ سَیُبْطِلُہٗ اِنَّ اللہَ لَایُصْلِحُ عَمَلَ الْمُفْسِدِیْنَ۔ وَیُـحِقُّ اللہُ الْـحَقَّ بِکَلِمٰتِہٖ وَلَوْکَرِہَ الْمُجْرِمُوْنَ۔ اِنَّـمَا صَنَعُوْا کَیْدُ سٰـحِرٍ وَلَایُفْلِحُ السّٰاحِرُ حَیْثُ اَتٰی۔
پاؤں یا ٹانگیں زخم سے گَل جائیں تویہ عمل کیجئے
جس جگہ درد ہو ‘مضبوطی سے پکڑکر دس مرتبہ سورئہ فاتحہ اور دس مرتبہ سورئہ کافرون پڑھ کر دم کریں‘ چھوڑ کر مریض سے دریافت کریں کہ آرام آیا یا نہیں؟ اگر نہ آیا ہوتو دوبارہ اسی طرح کریں۔ تین بارکیجئے‘ ان شاء اللہ درد جاتا رہے گا۔ سورئہ علق (اقراء باسم ربک)فجرکے بعد سورج نکلنے سے پہلے سات مرتبہ پڑھنا پھر ایک سجدہ تلاوت کرنا اور سجدہ میںحَسْبِیَ اللہُ وَنِعْمَ الْوَکِیْلُ نِعْمَ الْمَوْلٰی وَنِعْمَ النَّصِیْرُ 7 مرتبہ پڑھنا ہے۔ جوڑوں کے درد کو زائل کرنے کیلئے نہایت مفید ہے۔ جس شخص کے پائوں میں ریشہ پیدا ہو اور وہ کھڑا ہونے سے لاچار ہو وہ شخص پائو بھر روغن زیتون پر تین ہزار تین سو تیرہ دفعہ ان آیتوں کو پڑھ کر تھتکار کر دم کرے۔ پھر دن میں تین مرتبہ اور رات میں ایک دفعہ ٹانگوں پر تیل کی مالش کرے ان شاء اللہ بہت جلد ریشہ وغیرہ اور درد جو کچھ ہوگا سب کچھ جاتا رہے گا اور ٹانگیں درست ہو جائیں گی۔ بِسْمِ اللہِ الرَّحْـمٰنِ الرَّحِیْمِ اَلَایَظُنُّ اُولٰٓئِکَ اَنَّـھُمْ مَّبْعُوْثُوْن، لِیَوْمٍ عَظِیْمٍ، یَّوْمَ یَقُوْمُ النَّاسُ لِرَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں