روح کی دنیا ہماری عام عقل اور سمجھ سے بالاتر ہے
ایک مخلص کہنے لگے کہ میری والدہ گھر میں دم کرتی تھیں‘ میری والدہ کے پاس ایک خاتون دم کروانے آئیں‘ کہنے لگیں: میں نے خواب میں دیکھا کہ کوئی مانگنے والی خاتون آئی ہے ‘میں نے اسے نہیں دیا‘ وہ باورچی خانہ میں گئی اورگرم پانی لائی اس نے گرم پانی میرے پاؤں میں پر ڈال دیا‘ جب میں نے آنکھ کھولی تو دیکھا کہ گرم پانی کی وجہ سے میرا پاؤں جل گیا تھا‘ یہ کیا راز ہے؟ حالانکہ خواب میں اس نے پاؤں پر پانی ڈالا اور پاؤں یہاں جل گیا‘ یہ کیا کیفیت ہے؟ اس راز اور کیفیت کی مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی۔ روحانی دنیا کے بعض پراسرار حقائق ایسے ہوتے ہیں جو عام عقل انسانی کو بعض اوقات کبھی بھی سمجھ نہیں آتے اور ضروری نہیں کہ انسانی شعور ان چیزوں کو سوفیصد سمجھ پائے اور حقیقت یہی ہے کہ انسان اپنے شعور کے اعتبار سے کمزور ہے اور وہ کبھی بھی اس حقیقت کو سمجھ نہیں پائے گا۔ ایک جسم کی دنیا ہے ایک روح کی دنیا ہے‘ ساری عمر جسم کی دنیا کا احساس بھی ہوا‘ تجربہ بھی‘ ادراک بھی اور تذکرہ بھی روح کی دنیا کا نہ احساس ہوا نہ ادراک ہوا نہ تجربہ ہوا‘ اس لیے روح کی دنیا سمجھنا ہمارے لیے مشکل ہوگیا اور ہم روح کی دنیا کو کبھی بھی نہ سمجھ پائے‘ روح کی کائنات ہے جو کہ ہماری عام عقل اور سمجھ سے بالاتر ہے اور خوش قسمت انسان وہ ہے کہ جو روح کی دنیا کو پالے اور روح کی دنیا کا حاصل اس کو مل جائے۔
خوابوں کی حقیقت اور دنیا کی تحقیق
جتنی بھی ہستیاں آئی ہیں انہوں نے روح کی دنیا کو پانے کیلئے بہت زیادہ محنت کی ہے بالکل خواب بھی دنیا کے حقائق کے قریب کرنے کے لیے ایک بہت بڑی طاقت ہوتے ہیں جس نے خوابوں کو سمجھا لیکن شرط یہ ہے کہ وہ خواب سچے اور حقیقی ہوں‘ ایسے خواب نہ ہو جن خوابوں کا تعلق خیالوں سے‘ گمان سے‘ تصور سے‘ کیونکہ خیال‘ گمان اور تصور کے ساتھ جو بھی خواب ہوتے ہیں ان کے حقائق کچھ نہیں ہوتے‘ پوری دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ تحقیقات خوابوں پر ہورہی ہے‘ خوابوں کی حقیقت کیا ہے اور خوابوں سے سارے عالم کا نظام کیسے سمجھا یا پرکھا جاسکتا ہے‘ بعض اوقات خواب میں کوئی چیز کاٹتی ہے‘ سانپ‘ بچھو‘ کتا‘ بھیڑیا کوئی درندہ جب آنکھ کھلتی ہے تو وہ حقیقت ہوتی ہے نہ کہ افسانہ‘ اور حقیقتاً خواب میں اس چیز نے کاٹا ہوتا ہے‘ کیا آپ نے کبھی خواب دیکھا؟ اور آپ کو بھی ایسے خوابوں سے واسطہ پڑا یقیناً پڑا ہوگا لیکن جس کو بھی ایسے خوابوں سے واسطہ پڑا وہ اس خواب کو کبھی خیال نہ سمجھیں‘ ہر خواب خیال نہیں‘ ہر خیال خواب نہیں کیونکہ خوابوں میں جنات بہت زیادہ دخل انداز ہوتےہیں‘ شیطانی چیزیں بہت زیادہ اثرانداز ہوتی ہیں اور خوابوں میں شیطانی نظام حقیقت میں بہت زیادہ چلتا ہے‘ میں نے سچے خواب بھی دیکھے ہیں اور ان کی تعبیریں دی ہیں اور ایسے خواب بھی ہیں جو خواب نہیں خیال ہیں‘ ان کو نظرانداز بھی کیا ہے‘ لیکن وہ انسان جس کو سچے خواب ملے وہ کبھی سچے خواب کو نظراندازنہ کرے اور نہ ہی سب کو بتاتا پھرے کیونکہ خواب سب کو بتانے کی چیز نہیں ہے اگر وہ سچا ہے اور اس کا دخل خیالات سے نہیں ہے۔
مصالحے استعمال کرنے والوں کے خوابوں پر مجھے یقین نہیں!
امام ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ خوابوں کے امام تھےا ور مشہور تابعی ہیں‘ وہ فرمایا کرتے ہیں کہ جو شخص زیادہ نمک‘ مرچ‘ مصالحہ استعمال کرتا ہے مجھے اس کے خوابوں پر کوئی یقین نہیں ہے‘ کیسی عجیب بات ہے یہ بات بہت سالوں پہلے پڑھی تھی لیکن حقیقت جب سمجھ آئی تو حقیقت سچ تھی کہ واقعتاً ایسا ہے اور یہ سچ ہے کیوں؟ خون میں جوش بڑھ جاتا ہے اور ہلکی اور میٹھی غذاؤں سے خون میں جوش کم ہوتا ہے اور میٹھی سے مراد بہت زیادہ میٹھا نہیں غذاؤں میں جب اعتدال آتا ہے تو جسم میں سکوت اور سکون ہوتا ہے اور پھر خواب وہ خواب نہیں ہوتے حقیقت بن جاتے ہیں ۔
غذائوں کا اثر خیالوں پر ہوتا ہے
میرے پاس ایک صاحب آئے انہیں خواب بہت آتے تھے میں نے انہیں نمک‘ مرچ مصالحہ تلی ہوئی چیزیں گوشت وغیرہ سے منع کردیا اور کچھ عرصہ منع ہونے کے بعد ہلکی سادہ غذائیں استعمال کروائیں اور تھوڑا میٹھا استعمال کروایا زیادہ نہیں۔ کچھ عرصہ کے بعد ملاقات ہوئی تو کہنے لگے آپ نے جو کہا تھا وہ سچ نکلا‘ میری غذاؤں کا اثر میرے خیالوں پر تھا اور خیالوں کا اثر میری نیند اور خواب پر تھا۔ اس لیے اگر اچھے اور سچے خواب دیکھنے ہیں تو اپنی غذا پر نظر رکھیں اور اگر اچھے اورسچے خواب نظر آئیں تو ان کونظرانداز نہ کریں کیونکہ بہت سے خواب سچے بھی ہوتےہیںاور حقیقت بھی ہوتے ہیں!
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں