محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں گمراہیوں کی تاریکی میں بھٹک رہی تھی‘ عبقری ملا اور زندگی میں روشنی بھر گئی‘ بہت ساری غلطیاں کیں جس میں ایک غلطی پسند کی شادی تھی‘ وقت گزرنے کے ساتھ پتا چلا کہ شوہر عیاش طبیعت ہے جھوٹا ہے، چوری کی عادت ہے، نوکری بھی ٹھیک سے نہیں کرتا‘ میں سمجھاتی رہی‘ سکول میں پڑھاتی‘ ٹیوشن پڑھاتی‘ ایک بیٹا ہے میرا ‘ایک بیٹے کے بعد اولاد نہیں ہوسکی بہت علاج کروایا لیکن کامیاب نہ ہوئی‘ ایک بیٹا ہونے کے بعد مجھے بانجھ ہونے کا طعنہ ملتا رہتا کہ اگر دوبارہ اولاد نہ ہوئی تو طلاق دیدوں گا‘ دوسری شادی کرلوں گا‘ پھر کچھ سالوں پہلے کسی سے افیئر چلا‘ پوری پوری رات اس سے باتیں کرتا‘ میرے احتجاج پر مارتا پیٹتا المختصر اس شخص نے میری زندگی اجیرن کردی‘ میرے موبائل پر جو بھی میری سہیلی یا اسٹوڈنٹس کے نمبر ہوتے‘ ان کو میرے نمبر سے چوری چھپے غیراخلاقی میسجز کردیتا پھر اس نے دوسری شادی کرلی‘ سسرال والوں کو اس کی ساری باتوں کا علم تھا‘ اس لیے سب میرے ساتھ تھے مجھ سے پسند کی شادی کی غلطی ہوگئی تھی لیکن ان سارے حالات میں اللہ نے بیان و تبلیغ سے جوڑ دیا‘ باجماعت تراویح بیان میری زندگی کا معمول بن گیا تھا ‘میں نے اللہ کی رضا کے لیے اس کو دوسری شادی پر معاف کیا‘ خرچہ معاف کیا اور اپنی امی کے گھر بیٹے کے ساتھ رہنے لگی جب اس نے دیکھا کہ سب مجھے (بیوی)ہی صحیح کہتے ہیں تو اس نے مجھے بدنام کرنا شروع کردیا کہ میں غلط ذریعوں سے پیسہ کما رہی ہوں پھر گھر میں سب نے کہا جو تمہاری عزت کی حفاظت نہیں کرسکتا ایسے شخص سے قطع تعلق کرلو‘ خلع لے لو‘ میں نے خلع لے لی۔ خلع کے بعد عدت میں مجھے عبقری کا مطالعہ کرنے کو ملا میں نے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگی پھر وظائف پڑھنا شروع کردیئے جس سے تنگدستی ختم ہوگئی‘ رزق میں برکت ہوگئی میں ہر فرض نماز کے بعد اوّل وآخر درود شریف اور سات دفعہ سورئہ القریش پڑھتی ہوں‘ صبح شام سورئہ المائدہ کی آیت نمبر114 پڑھتی ہوں‘قرض کے لیے یَاعَزِیْزُ کی تسبیح پڑھتی ہوں۔ رات سورئہ واقعہ پڑھتی ہوں‘ عبقری دفتر سے’’برکت والی تھیلی‘‘ ملی‘ صبح شام سورئہ کوثر پڑھ کر پھونکتی ہوں‘ اللہ کا کرم ہے کہ اللہ کی ذات کے علاوہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا۔اللہ تعالیٰ عبقری کو بہت کامرانیاں عطا کریں‘عبقری رسالے ہر ماہ ہدیہ کرتی ہوں تاکہ اوروں کا بھلا ہو جیسے مجھے روشنی ملی دوسروں کو بھی ملے جو بھی خود پڑھتی ہوں دوسروں کو بتاتی ہوں کہ یہ پڑھو دل کو بہت سکون ملتا ہے یہ بیٹی آپ کی بہت مشکور ہے۔ (ر۔ن، کراچی)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں