محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! عبقری رسالہ گزشتہ تقریباً تیرہ سال سے مسلسل پڑھ رہا ہوں‘ بے شمار کو فائدہ ہوا‘ بے شمار لوگوں کے تجربات و مشاہدات پڑھے‘ خود اپنے بھی آزمودہ مشاہدات عبقری میں بھیجے جو شائع بھی ہوئے۔آج بھی ایک مشاہدہ عبقری قارئین کی نذر ہے۔بندہ جب پرائمری کلاس کا طالب علم تھا بینائی اتنی تیز تھی کہ دن کو آسمان پر دو تین ستارے دیکھتا تھا۔ ایک دن دائیں ہاتھ کی انگلی کو انگوٹھے کے قریب گول کرکے بعداز عصر سورج کو دیکھتا رہا کہ وہ کس رخ پھر رہا ہے۔ میرا مقصد یہ تھا کہ جس رخ پھرتا نظر آئےزمین کی حرکت اس سے الٹ ہوگی اس عمل سے بینائی متاثر ہونی شروع ہوگئی۔ 60سال کی عمر میں ریٹائر ہوا اور بینائی مزید کمزور ہونا شروع ہوگئی پھر تین سال صرف دھندلاہٹ نظر آتی اور واقف آدمیوں کو ان کی آواز سے پہچانتا مگر کسی کو اپنی بینائی کی حقیقت ظاہر نہ کی۔ آئی سپیشلسٹ حضرات نے کالا موتیا بتایا اور ایک آنکھ کا آپریشن کیا۔ ڈاکٹر صاحب نے آنکھ کا پردہ پھاڑ دیا جس سے وہ ہمیشہ کے لیے بے نور ہوگئی۔ پھر اس آنکھ میں پیپ پڑ گئی ڈاکٹر نے بارہ بارہ ہزار کے چھ ٹیکے لگائے پیپ رک گئی مگر آنکھ بے نور ہوگئی۔
ان شاء اللہ بینائی لوٹ آئے گی
آہستہ آہستہ دوسری آنکھ بے نور ہونا شروع ہوگئی ایک ڈاکٹر
کے علاوہ سب نے کہا کہ کالا موتیا اتر آیا ہے اور یہ لاعلاج ہے۔ فیصل آباد کے آئی اسپیشلسٹ نے کہا کہ کالا موتیا نہیں ہے اس کا آہستہ آہستہ علاج ہوگا اور ان شاء اللہ بینائی لوٹ آئے گی اس دوران بندہ نے چند وظائف شروع کئے مثلاً ہر فرض نماز کے بعد سات دفعہ فَکَشَفْنَا عَنْکَ غِطَآءَکَ فَبَصَرُکَ الْیَوْمَ حَدِیْدٌ ﴿قٓ۲۲﴾پڑھ کرہاتھ کی انگلیوں پر دم کرکے پھونک مارتا۔ آنکھ پر پھونک مارتا رہا۔ ایک دوست نے یہ حدیث پاک بھیجی اس کا وظیفہ مسلسل پڑھتا رہا ’’مندرجہ ذیل عمل کرنے والا شخص جذام، جنون، فالج اور اندھے پن ان چار بیماریوں سے محفوظ رہے گا (اس دعا کو نماز فجر کے بعد تین بار پڑھنا ہے) سُبْـحَانَ اللہِ الْعَظِیْمِ وَبِـحَمْدِہٖ لَاحَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ۔ایک دعا ماہنامہ عبقری سے ملی اس کا خلاصہ یہ تھا کہ جو آدمی کسی مریض کو دیکھ کر یہ دعا پڑھے اللہ تعالیٰ اس پڑھنے والے کو اس مرض سے نجات دیتے ہیں۔اَلْحَمْدُلِلہِ الَّذِیْ عَافَانِیْ مِمَّن ابْتَلَاکَ بِہٖ وَ فَضَّلَنِیْ عَلٰی کَثِیْرٍ مِّمَّنْ خَلَقَ تَفْضِیْلَاچنانچہ کم نظر والوں اور اندھوں کو دیکھ کر بار بار یہ دعا پڑھتا رہا۔ایک اللہ والے سے ایک زبردست وظیفہ ملا جس کی تفصیل ایک عنوان ’’اندھیروں سے روشنی کا سفر‘‘ کے تحت بھیج رہا ہوں۔اوّل آخر درود پاک کے ساتھ 313بار یَااَللہُ یَاسَلَامُ پڑھنا ہے۔ ہر قسم کی مصیبت ، پریشانی، بیماری کے لیے زبردست وظیفہ ہے اس کو صرف وہی لوگ پڑھ سکتے ہیں جو پانچ وقت کے نمازی ہوں۔ بندہ نے تمام وظائف بڑی باقاعدگی اور خلوص سے پڑھنے شروع کئے مجھے میرے ایک ساتھی نے ڈاکٹر محمد جاوید کو چیک کرانے کے لیے بھیجا۔ انہوں نے آنکھ کی تصویر لی اور مشورے کے لیے نیٹ پر امریکہ بھیجی۔ چند منٹوں کے بعد جواب آیا کہ ابھی اس کو نہ چھیڑیں۔ چھ ماہ بعد دوبارہ مشورہ لیں۔ ایک دوائی روزانہ ڈالنے کے لیے دی۔ چھ ماہ کے بعد دوبارہ ڈاکٹر کے پاس گیا انہوں نے چیک کیا اور کہا کہ اب اسے چھیڑا جاسکتا ہے۔ مشین کی مدد سے لیزر شعاعیں ڈالیں اور آنکھ کے پردہ کی جھلی دور کردی کہا کہ اس کا نتیجہ کل نکلے گا۔
میرے چودہ طبق روشن ہوگئے
دوسرے دن میرے چودہ طبق روشن ہوچکے تھے بغیر عینک کے میری نظر 6/6تھی ایک نئے جہان میں آیا اللہ تعالیٰ نے کرم فرمایا اور مجھے دوبارہ لکھنے پڑھنے اور سفر کرنے کے قابل بنادیا۔ اس نعمت کے حصول پر اللہ تعالیٰ کا جتناشکر ادا کروں اتنا کم ہے میرے ایک مہربان پورا رمضان شریف روزانہ غلاف کعبہ پکڑ کر میری بینائی کے لیے دعا کرتے رہے۔ مسجد نبویﷺ میں میری بینائی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔میرے ایک مخلص شاگرد نے دعا میں التجا کی کہ یااللہ میری ایک آنکھ لے لے اور اس کے بدلے میرے استاد کو بینائی عطا فرما۔
پرنسپل(ر) غلام قادر ہراج‘ جھنگ
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں