کسانوں کے روزمرہ مسائل اور عبقری کے آسان ٹوٹکے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!ہم جدی پشتی زمیندار ہیں الحمدللہ!مذہبی اور کھاتے پیتے گھرانےسے تعلق ہے‘ جہاں زمیندار کا پچاس سالہ تجربہ ہے‘ ہربیج‘ پانی‘کھاد‘اور پودے کا مکمل علم اور ادراک ہے وہیں میرا وظائف پر بھی مکمل اعتماد ہے‘ میرے پاس میری والدہ کی ڈائری آج بھی موجود ہے‘ جس میں کھیت اور جانوروں کی حفاظت کیلئے وظائف لکھے ہوئے ہیں‘ جن پر میں گزشتہ کئی سالوں سے عمل کررہا ہوں‘ اپنے بچوں کو بھی یہ وظائف بتائے اور لاجواب رزلٹ لیتا ہوں۔ عبقری میں ’’کسان دوست‘‘ سلسلہ دیکھا‘ بڑی خوشی ہے‘ عبقری رسالہ سے ہی میں نے سیکھا کہ کوئی بھی تجربہ اپنے ساتھ قبر میں نہیں لے جانا بلکہ دوسروں تک پہنچانا ہے تاکہ صدقہ جاریہ رہے۔ بس اسی سوچ نے لکھنے پر مجبور کیا اور آج میں اپنے پوتے کی کاپی ‘ قلم لے کر بیٹھ گیا۔ یہ جو لکھ رہا ہوں اپنی والدہ کی پچاس سال پرانی ڈائری سے نوٹ کرکے اپنے کسان بھائیوں کیلئے لکھ رہا ہوں‘ عمل کیجئے اور دعاؤں میں یاد رکھیے۔
کھیت اور باغ کی حفاظت کیلئے
اگر کھیت کو جانور کھاجاتے ہوں یا چوہے اور دیگر موذی جانور نقصان پہنچاتے ہوں یا باغ میں چوری ہوتی ہو اور پھل غائب ہوجاتے ہوں تو اس کیلئے دریا یا سمندر کے کنارے کی پاک ریت لیں اور باوضو چار مرتبہ آیة الکرسی مع بسم اللہ کے پڑھ کر ریت پر دم کریں اور یہ ریت تھوڑی تھوڑی کھیت یا باغ کے چاروں کونوں میں ڈال دیں۔ انشاءاللہ تعالیٰ اس عمل کی برکت سے کھیت اور باغ محفوظ ہوجائیں گے اور کوئی بھی ان کو نقصان نہ پہنچاسکے گا۔
اچھی فصل کیلئے
نیا درخت یا کھیت میں بیج پھینکے وقت اگر کوئی شخص کسی پھل کا نیا درخت لگاتا ہے یا سایہ کیلئے درخت لگاتا ہے اور چاہتا ہے کہ درخت محفوظ طریقے سے پروان چڑھے یا کھیتی میں ہل چلا کر بیج پھینکتا ہے اور چاہتا ہے کہ بیج ضائع نہ ہو اور فصل اچھی ہو اور ہر قسم کے موذی جانوروں سے محفوظ رہے تو اس کے لیے مندرجہ ذیل کلمات باوضو پڑھے۔ جب درخت لگارہا ہو مسلسل پڑھتا رہے اسی طرح جب بیج کھیت میں پھینک رہا ہو برابر پڑھتا رہے۔ انشاءاللہ درخت ہر طرح سے محفوظ رہے گا اور فصل بھی ہرطرح سے محفوظ رہے گی اور خوب پیداوار ہوگی وہ کلمات یہ ہیں۔اَلَمْ تَرَکَیْفَ ضَرَبَ اللہُ مَثَلًاکَلِمَۃً طَیِّبَۃً کَشَجَرَۃٍ طَیِّبَۃٍ اَصْلُہَا ثَابِتٌ وَّفَرْعُہَا فِیْ السَّمَآءِ۔تُؤْتِیْ اُکُلَہَا کُلَّ حِیْنٍۭ بِاِذْنِ رَبِّہَا وَ یَضْرِبُ اللہُ الْاَمْثَالَ لِلنَّاسِ لَعَلَّہُمْ یَتَذَکَّرُوْنَ ( ابراہیم‘ آیت24,25)
کھیتی میں برکت
اگر کوئی شخص یہ چاہتا ہو کہ اس کے کھیت میں فصل خوب اُگے اور اس فصل کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور خوب برکت ہو تو اس کیلئے جب کھیت میں بیج ڈالے اس وقت اول درود ابراہیمی گیارہ بار پڑھے اس کے بعد ایک سو بار پڑھے:
سُبحَانَ اللّٰہِ الْبَاعِثِ الْوَارِثِ اس کے بعد گیارہ بار درود ابراہیمی پڑھے اس کے بعد بیج ڈالنا شروع کرے۔ انشاءاللہ تعالیٰ کھیت میں بہت برکت ہوگی اور خوب فصل پیدا ہوگی کہ نہال ہوجائے گا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں