محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! عبقری رسالہ پڑھتی بھی ہوں اور دوسروں کو پڑھنے کیلئے دیتی بھی ہوں۔ مجھے عبقری کے وظائف سے جو ملا اور جو میرے بتانے سے دوسروں کو ملا وہ تمام آج عبقری قارئین کی نذر کررہی ہوں:۔
فَقُطِعَ دَابِرُ الْقَوْمِ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْاوَ الْـحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ(سورئہ انعام،آیت۴۵)
(۱)ایم اے کے پیپرز میری توقع کے مطابق نہیں ہوئے‘ میں بہت پریشان تھی‘ عبقری رسالہ میں درج بالا آیت کا وظیفہ پڑھا‘بعد نمازعشاءاو ل و آخر درود شریف ایک بار اور سو مرتبہ سورۂ انعام کی آیت نمبر 45(درج بالا) پڑھتی رہی‘ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ جب میرا رزلٹ آیا تو میرا رزلٹ اے پلس گریڈ میں تھا۔ میں خود حیران اور پریشان تھی کہ میرے پیپرز تو ایسے نہ ہوئے تھے جیسا رزلٹ آیا تو پھر خیال آیا کہ میں نے وظیفہ یقین توجہ اور دھیان سے کیا تھا اور اللہ کریم کسی کی محنت کبھی رائیگاں نہیں جانے دیتا۔
(۲)یہی آیت دوسری دوستوں کو پڑھنے کے لیے دی جن کے فیل ہونے کے چانس تھے لیکن اس آیت کی برکت سے الحمد اللہ بہت اعلیٰ رزلٹ رہا۔ اب میں سب کو زندگی کی ہر ناکامی‘ پریشانی‘ گھریلو الجھن میں پڑھنے کیلئے یہی آیت بتاتی ہوں الحمدللہ! ہر پڑھنے والے کو فائدہ ضرور ہوا۔ کئی گھرانے اور افراد میرے سامنے ہیں جو زندگی میں ناکام ہوچکے تھے مگر اس آیت نے ان کو پھر کامیابی کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔ آج وہ پرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔
(۳)الحمدللہ ! میں ایک بڑے پرائیویٹ سکول میں ٹیچر ہوں‘ ایک مرتبہ سکول میں میری ایک ضروری فائل نہیں مل رہی تھی‘ جس کی وجہ سے میں بہت پریشان تھی‘ پریشانی کی عالم میں ہی میں نے باوضو اسی آیت کو بہت زیادہ کھلا پڑھا‘ صرف ایک گھنٹے بعد ہی مجھے وہ فائل مل گئی اور ملی بھی اس جگہ سے جہاں میں پہلے کئی مرتبہ دیکھ چکی تھی۔
تنخواہ بڑھانے کا فارمولہ
(۴)میں جس سکول میں گزشتہ چند سالوں سے پڑھا رہی تھی اور بڑی محنت اور لگن سے پڑھا رہی تھی‘ میرا رزلٹ ہمیشہ بہترین ہوتا ہے‘ مگر سکول والے میری تنخواہ نہیں بڑھا رہے تھے‘ میں نےکافی مرتبہ بات کی درخواستیں لکھ کر بھیجیںمگر ان کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔پھر میں نے یہی سورۂ انعام کی آیت نمبر45(درج بالا)صرف تین دن سارا دن کھلا پڑھی اور پڑھ پڑھ کر پرنسپل پرتصور میں ہی دم کرتی رہی۔ تیسرے دن پرنسپل نے خود بلاکر میری تنخواہ بڑھا دی اور بڑھائی بھی اتنی جتنی میں چاہتی تھی‘ دیگر ٹیچرز حیران تھیں یہ کیسے ہوگیا؟ اتنی تنخواہ بڑھنا تو جیسے ناممکن تھا!
اچانک پیسوں کی ضرورت پوری ہوئی
(۵) ہمیں اچانک پیسوں کی ضرورت پڑگئی کوئی بندوبست نہیں ہورہا تھا‘امی نے اس آیت کو کھلا پڑھا‘ اس آیت کی برکت سے غائب سے مددآئی اور اتنے پیسے مل گئے جتنی ہمیں فوراً ضرورت تھی۔(۶)عبقری رسالہ میں بھی پڑھا اور آپ نےد رس میں بھی بتایا تھا کہ اپنی تنخواہ یا روزانہ کی انکم میں سے صرف اڑھائی فیصد نکالنے سے کبھی پیسے ختم نہیں ہوں گے۔ میری امی ایک سال سے یہ عمل کررہی ہے تو الحمدللہ امی کے پاس اخراجات کے لیے رقم کہیں نہ کہیں سے آجاتی ہے۔بہت ہی لاجواب عمل ہے‘ اس کی سمجھ صرف کرنے والے کو ہی آتی ہے۔ جو اڑھائی فیصد نکالیں کوشش کریں کسی سفید پوش کو دیں اور سفید پوش اگر کوئی رشتہ دار ہو تو پھرتو کمال ہوتا ہے۔قارئین بھی آزمائیں اور دعاؤں مجھے اور عبقری کی پوری ٹیم کو یاد رکھیں۔ (کرن منصور علی خان، سرگودھا)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں