کچھ لوگ اپنی سکت سے زیادہ کام کرتے ہیں وہ اپنے جسم کے واضح اشاروں پر توجہ نہیں دیتے جو ان کو حد سے زیادہ کام کرنے پر منتبہ کرتے رہتے ہیں اگر آپ کو یہ معلوم نہیں کہ کس وقت آپ کو کام ختم کردینا چاہیے تو آپ یا تو بیمار پڑجائیں گے
جانیے! آپ کے اندر کتنی توانائی ہے؟
توانائی ایک اہم عنصر ہے۔ آپ کی شخصیت، نقطہ نظر اور طرز زندگی حتیٰ کہ آپ کے دوسروں سے تعلقات میں بھی توانائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ توانائی کا پیمانہ ہر فرد میں مختلف ہوتا ہے۔ کچھ لوگ اپنے آپ کو بمشکل گھسیٹ پاتے ہیں جبکہ دوسرے بے پناہ قوت اور توانائی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اپنے دوستوں یا خاندان کے افرادکے مقابلے میں آپ اپنی توانائی کی سطح کو کس درجہ پر رکھیں گے۔ آپ کے اندر توانائی کی مقدار یا سطح ان لوگوں کے مقابلے میں کم ہے‘ برابر ہے یا زیادہ ہے؟
انسان کو تین قسم کی توانائی کی ضرورت
انسانی جسم بعض لحاظ سے ایک عام مشین کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ دوران خون نظام تنفس، عضلات‘ بافتیں‘ دماغ اور دوسرے اعضاء مل کر ایک ییچیدہ جسم بناتے ہیں جس کو قوت کے ایک مستقل منبع کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہمارا جسم جو مختلف قسم کے کام انجام دیتا ہے اس کے لیے بنیادی طور پر تین قسم کی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ جسمانی‘ جذباتی اور ذہنی۔ گو کہ ان تینوں کا آپس میں تعلق ہے۔ یہ ایک دوسرے سے مختلف کردار ادا کرتی ہیں۔
جینے کا حوصلہ کیسے بڑھایا جائے؟
جسمانی توانائی کا تعلق آپ کے جسم سے ہے یعنی یہ کس طرح اس دنیا میں مختلف کام کرتا ہے جس فرد کے پاس اچھی مقدار میں توانائی ہو وہ اپنے آپ کو چوکس اور ہر کام کے لیے تیار محسوس کرتا ہے۔ عام طور پر وہ صحت مند رہتا ہے۔ چونکہ اس کے پاس محفوظ قوت کا ذخیرہ ہوتا ہے۔ اس لیے اس میں مختلف کام کرنے کی استعداد بھی ہوتی ہے۔ اس سے قطع نظر کہ اس کے پاس پہلے سے کتنا کام موجود ہے وہ مزید کام کرنے کیلئے تیار رہتا ہے اس فرد کی یہ خصوصیت دوسروں کیلئے حیرت کا مؤجب ہوتی ہے۔
جینے کا حوصلہ کیسے بڑھایا جائے؟ اس سوال کا جواب یہ ہے کہ صحت مند عادتیں اختیارکی جائیں۔ مناسب غذا‘ آرام اور باقاعدگی کے ساتھ ورزش سے اپنے دن کا آغاز کیجئے۔ اگر آپ کی نیند پوری نہیں ہوگی تو ظاہر ہے کہ آپ دن بھر کی تھکا دینے والی دوڑ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ بہت زیادہ ضیافتی کھانے زہر پیدا کرنے کے علاوہ توانائی کے روزانہ کے معاملات میں بھی خلل ڈالتے ہیں۔ شکر بھی نقصان دہ ہے اس سے پہلے تو مختصر سے عرصہ کیلئے بحالی پیدا ہوتی ہےا ور پھر طبیعت گرجاتی ہے۔ زیادہ توانائی کیلئے متوازن غذا ضروری ہے۔ سکت یا قوت برداشت انفرادی معاملہ ہے اس لیے اس کا کسی دوسرے فرد سے مقابلہ نہیں کرنا چاہیے۔
جسم کے پیغام پر توجہ کریں
کچھ لوگ اپنی سکت سے زیادہ کام کرتے ہیں وہ اپنے جسم کے واضح اشاروں پر توجہ نہیں دیتے جو ان کو حد سے زیادہ کام کرنے پر متنبہ کرتے رہتے ہیں اگر آپ کو یہ معلوم نہیں کہ کس وقت آپ کو کام ختم کردینا چاہیے تو آپ یا تو بیمار پڑجائیں گے‘ زخمی ہوجائیں گے یا پھر بالکل ہمت ہار جائیں گے۔
تین چیزیں آپ کا موڈ بدل سکتی ہیں
زندگی فن اور دلچسپی کا موقع ہے۔ جب زندگی ان چیزوں کی عادی ہوتو وہ پوری کوشش کرکے ان کو حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ ظاہر ہے کہ ہر شخص کا یہ زاویہ نظر نہیں ہوسکتا۔ تین چیزیں آپ کا موڈ بدل سکتی ہیں۔ کمزور صحت، زیادہ کام اور تحریک کی کمی جب آپ بیمار ہوں توقدرتی بات ہے کہ آپ پر پژمردگی ظاہر ہوگی۔
آپ کے دماغ کو ورزش کی ضرورت ہے!
جسمانی اور جذبانی (ہیجانی) توانائی کے علاوہ توانائی کی ایک تیسری قسم بھی ہوتی ہےاس کا تعلق ذہنی صلاحیتوں کے استعمال سے ہے۔ آپ بہت ذہین ہوسکتے ہیں مگر اس کے باوجود آپ زیادہ دیر تک ارتکاز رکھنے کی صلاحیت سے عاری بھی ہوسکتے ہیں۔ ان لمحات کو یاد کیجئے جب آپ صبح جلدی اٹھے ہوں اور پوری طرح جاگنے کے بعد اچھی طرح غورو فکر بھی کرسکتے ہوں جب آپ اپنے آپ کو ذہنی طور پر ترو تازہ محسوس کررہے ہوں اور کسی بہت ہی پیچیدہ مسئلے کو حل کرنے کی پوزیشن میں ہوں ایسی صورت میں آپ اپنی توانائی کا استعمال کس طرح کریں گے؟
ناکافی غذا دماغ کیلئے نقصان دہ ہے
ذہنی توانائی کو جن کاموں میں استعمال کیا جاتا ہے ان میں ارتکاز، منصوبہ بندی، تحقیقی سرگرمی، تنظیم، تجزیہ، ترکیب اور مسائل سلجھانا شامل ہیں۔ آپ کا دماغ جسم کے دوسرے اعضاء کی طرح بہت لمبے عرصہ تک کام نہیں کر سکتا۔ اس کو خوراک، آرام اوراچھی مقدار میں تحریک کی ضرورت ہوتی ہے۔ ناکافی غذا فراہم کرکے زیادہ کام لینے سےتوازن خراب ہوجاتا ہے۔ اس کا نتیجہ جمود کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔
آئیے! اپنی صلاحیتوں کو جانئے
اب جبکہ آپ توانائی کی مختلف اقسام سے واقف ہوگئے ہیں توانائی کی سطح میں اضافے کیلئے کچھ نکات بیان کیے جاتے ہیں۔ اعلیٰ جسمانی توانائی کا جزوی طور پر اس بات سے تعلق ہوتا ہے کہ آپ کو اپنی صلاحیت کا علم ہو اور آپ اسے استعمال کریں۔ اپنا مقابلہ کسی نام اور ایتھلیٹ سے کرنے کی بجائے اپنی حد میں رہ کر کام کریں۔
پھر آہستہ آہستہ اپنے کام کی مقدار کو آگے بڑھائیں۔ ایندھن چونکہ بہت ضروری ہے اس لیے مناسب غذا کا استعمال کریں۔ اپنی مصروفیات میں توازن پیدا کریں تاکہ نہ تو زیادہ دیر تک ایک جگہ جم کربیٹھے رہیں اور نہ زیادہ دیر تک مستقل کام میں لگےرہیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ورزش کرنا آپ کی روزانہ زندگی کا حصہ ہے۔
گرم پانی سے نہائیں اور مالش کریں
ذہن اور جسم کو دباؤ سے دور رکھیں اور آرام کریں۔ گہرے سانس لینے کی کوشش کریں۔ گرم پانی سے نہائیں اور مالش کریں تاکہ دباؤ دور ہو۔ اگر آپ تھکن کو دور یا کم نہ کرسکیں تو اس کے وجوہات کو تلاش کریں۔ کہیں آپ کو کوئی پریشانی تو لاحق نہیں؟ اس کے بعدحالات کے متعلق کوئی رائے قائم کریں۔ کوشش کریں کہ جس رفتارسے کام کریں اسےبرقرار رکھیں۔ ہر کام کو تیزرفتاری سے کرنے کی بجائے جب ضرورت محسوس ہو تو کام میں وقفہ دیں۔ ہر کام میں کمال حاصل کرنے کا رجحان نہ رکھیں۔ آپ کو نئے ریکارڈ قائم کرنے کی ضرورت نہیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں