اگر آپ اپنے کسی عزیز دوست یا رشتے دار سے جو اس دارفانی سے کوچ کرچکا ہے یا کسی بزرگ یا اپنے پیر و مرشد جو کہ وصال کرچکے ہیں ان کی روح سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو نوچندی بدھ یعنی چاند نظر آنے کے بعد جو منگل آئے یعنی منگل کا دن گزار کر جو رات آئے وہ نوچندی بدھ کی رات ہوگی۔ تو نوچندی بدھ کو سورۂ اخلاص تین سو مرتبہ پڑھیں‘ اول و آخر سو مرتبہ درودشریف پڑھیں۔ یہ سب کچھ پڑھنے کے بعداس کا ثواب ان بزرگ‘ عزیز یا دوست کی روح کو بخش دیں جس کی روح سے آپ ملاقات کرنا چاہتے ہیں یہ عمل بدھ‘ جمعرات‘ جمعہ تین راتوں تک لگاتار کرنا ہے۔
ان شاء اللہ جس سے آپ خواب میں ملنا چاہتے ہیں ان سے ملاقات ہوجائے گی۔ اس عمل کو آپ عشاء کی نماز کے وقت وتروں سے پہلے پڑھیں‘ عمل کے بعد کسی سے بات ہرگز نہیں کرنی‘ اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ علیحدہ کمرہ ہو جو کہ پاک صاف و معطر ہو‘ بستر وغیرہ بھی پاک ہو‘ کمرے میں اگربتی وغیرہ بھی جلائیں۔ عمل کے بعد سو جائیں جب تک نیند نہ آئے بلاتعداد درودشریف پڑھتے رہیں۔ ان شاء اللہ ان تین راتوں میں ملاقات ہوجائے گی۔ نوٹ: عمل شروع کرنے سے قبل اول و آخر درودشریف ‘ سورہ فاتحہ کے بعد تین مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھ کر جس بزرگ سے ملاقات کرنی ہے ان کی روح کو ہدیہ کرکے۔ تھوڑی سی میٹھی چیز بچوں میں تقسیم کردیں۔ یہ عمل حضرت سخی سلطان باہو رحمۃ اللہ علیہ سے منسوب ہے۔ (محمد نوید وارثی‘ حیدرآباد)
گھر میں یہ دھونی دیں‘ جادو جنات بھگائیں
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!اللہ تعالیٰ آپ کو قدم قدم پر خیرعطا کرے۔ آمین!۔ آپ ہماری زندگی کو بدلنے کا نیک فریضہ سرانجام دے رہے ہیں‘ یہ سعادت ہر ایک کو نصیب نہیں ہوتی‘ حضرت صاحب آپ نے جادو جنات شیطانی چیزوں کو دور کرنے کیلئے کوئی روحانی عمل/ ٹوٹکہ کا کہا تھا میں بھی آپ کو اپنا واقعہ سنانا چاہتی ہوں۔
ہمارے گھر میں عجیب بے سکونی رہتی تھی اور بہن بھائیوں کی شادیاں بھی نہیں ہورہی تھیں۔ میری پھپھو ہمارے گھر آئیں تو انہوں نے ہمیں کہا کہ اپنے گھر میں دھونی دو‘ ان کو یہ دھونی کا طریقہ بنگال سے آئے ہوئے ایک جاننے والے نے بتایا تھا۔ ہم وہ چیزیں میوہ منڈی (پنساری) سے لے آئے اور چالیس دن صبح و شام پورے گھر کے ایک حصہ میں دھونی دی۔ دھونی دینے سے پہلے حصار باندھ لیا کرتے (آیۃ الکرسی پڑھ کر)۔
ایک دن صبح فجر کے بعد میں اور میری پھپھو دھونی دے رہے تھے تو ہم ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں گئے تو ہم نے صاف سنا کہ کسی قوت نے ہمارا بڑا لکڑی کا دروازہ بہت بڑے طریقے سے پیٹ ڈالا لیکن یہ آوازیں صرف مجھے اور میری پھپھو کو سنائی دیں باقی گھر کے افراد کو سنائی نہ دی۔ ہمارا گھر پاکستان بننے سے پہلے کا بنا ہوا ہے ہم نے چالیس دن دھونی کا عمل مکمل کیا تو اس کے بعد ہمارے حالات میں کافی بہتری آئی اور سب بہن بھائیوں کہ شادیاں بھی ہوگئیں۔ مرشد آپ نے سمجھایا ہے کہ عمل کو پھیلانا ہے۔
پنساری سے لانے والی چیزیں: لوبان (انڈین سستی ہوتی ہے وہ لے لیں)۔ سیندور۔ حرمل۔ کالادانہ لے لیں۔ طریقہ دھونی: ایک فرائی پین یا کسی پرات وغیرہ میں کوئلے دہکاکر اس پر پنساری سے لی گئی چاروں چیزیں (لوبان‘ سندور‘ ہرمل اور کالادانہ) تھوڑا تھوڑا چھڑکتے جائیں اور اس سے پیدا ہونےو الے دھوئیں کو گھر کے ہرکمرے اور ہر کونے میں لے کر جائیں۔ (عالیہ ظہور‘ لاہور)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں