محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! حدیث پاک کا مفہوم ہے کہ حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص کسی قوم سے محبت کرے گا‘ قیامت کے دن اسی گروہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔مشابہت اپنائی اور کرم ہوگیا: فرعون اپنے پورے لشکر سمیت غرق ہوچکا تھا‘ اس میں ایک ایسے شخص کو اللہ کریم نے نجات دے دی جس سے حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام تنگ تھے‘ وہ شخص حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کی طرح ڈاڑھی بناتے‘ لاٹھی اٹھاتے‘ اُسی طرح چلتے‘ باتیں کرتے‘ فرعون کے سامنے حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کی نقلیں اتارتے اور لوگ ہنستے۔ موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اللہ تعالیٰ سے فریاد کہ اے رب کریم! میں جس شخص کی وجہ سے پریشان تھا آپ نے اس کو نجات دے دی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اس نے آپ جیسا حلیہ بنایا تھا میری رحمت کو گوارا نہ ہوا کہ اس کو غرق کروں۔ اسی وجہ سے میں نے اس کو نجات دی۔ وہ اللہ پر ایمان بھی نہ لایاتھا مگر ایک پیغمبر کی مشابہت کی وجہ سے نجات پاگیا۔حضور نبی کریم ﷺ ایک جگہ تشریف لے گئے‘ جب وہاں گئے تو دیکھا کہ وہاں موجود تمام یہودیوں نے روزہ رکھا ہوا ہے‘ پوچھنے پر بتایا گیا کہ اس دن حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے روزہ رکھا تھا اور اسی دن حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کو نجات ملی تھی۔ حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ہم اس سنت کے زیادہ اہل ہیں۔ اگر زندگی رہی تو میں بھی دسویں محرم کا روزہ رکھوں گا مگر یہود کی مشابہت سے بچنے کیلئے نویں اور دسویں محرم الحرام دو روزے رکھوں گا۔ ثابت ہوا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نیک کام میں بھی یہود کی مشابہت سے بچتے تھے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب رو کر دعا مانگو تو قبول ہوگی اگر رونا نہیں آتا تو رونے والی صورت (مشابہت اختیار کر) بنالو اللہ کی رحمت جوش میں آئے گی۔ یہ تھے مشابہت کے بارے میں چند واقعات‘ قارئین سے گزارش ہے کہ گھر میں سنت والے طریقے سیکھیں‘ سکھائیں‘ امامہ شریف پہنیں‘ لمبا کرتا‘ کھلا پاجامہ پہنیں‘ سفید کپڑے پہنیں‘ سنت کے مطابق ڈاڑھی شریف رکھیں‘ حتیٰ کہ ہمارا اٹھنا‘ بیٹھنا‘ ملنا‘ بولنا‘ چلنا‘ کھانا پینا سب سنت طریقے پر ہو اور مزید ایسے لوگوں کو بھی بہت زیادہ عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھیں جو سنت نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہوں۔ سوچ بدلیں‘ انداز بدلیں‘ اس طرح زندگی گزاریں جو پیغمبروں اور صحابہ اکرام سے مشابہ ہو۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں