Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

قارئین لائےانوکھے اور آزمودہ ٹوٹکے

ماہنامہ عبقری - اپریل 2016ء

قارئین نے بار بار آزمایا پھر عبقری کیلئے سینے کے راز کھولے اور لاکھوں لوگوں کی خدمت کیلئے آپ کی نذر میں

کھانسی‘ بلغم ‘ الرجی ختم
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں رسالہ عبقری کا باقاعدگی سے قاری ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ آپ کے مشن کو دن دگنی اور رات چگنی ترقی عطا فرمائے۔ آمین!۔ایک گزشتہ شمارے میں آپ نے ’’کھانسی‘ بلغم‘ الرجی اور دمہ چٹکیوں میں ختم‘‘ کے عنوان سےا یک فیچر لکھا تھا‘ برگ بانسہ والا شربت بنانے کا طریقہ بھی لکھا گیا تھا وہ بنا کر استعمال کیا اس سے بہت فائدہ ہوا۔ہمارے گھر سے کھانسی‘ بلغم اور الرجی کا ہمیشہ کیلئے چھٹکارا ہوچکا ہے۔ ھوالشافی: برگ بانسہ ایک کلو لیکر پتھر کنکر صاف کرلیں‘ چھ کلو پانی میں نہایت ہلکی آنچ میں ابالیں‘ جب دو کلو پانی باقی رہ جائے تو اس میں ایک کلوچینی ڈال کر بالکل ہلکی آنچ پرپکائیں کہ گاڑھا شربت بن جائے۔ ایک تولہ فلفل دراز جسے مگھاں بھی کہتے ہیں نہایت باریک پیس کراس کے اوپر چھڑک کر مکس کرکے ٹھنڈا کرکے بوتلوں میں محفوظ رکھیں۔ شربت تیار ہے اور یہ شربت نہایت باکمال شربت ہے۔ مقدار خوراک: بچوںکیلئے چوتھائی چمچ دن میں چھ سے سات دفعہ ‘ بڑوں کیلئے ایک چمچ دن میں پانچ سے سات دفعہ‘ کھانے سے پہلے یا بعد تسلی اور اعتماد سے استعمال کریں۔ کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں‘ کوئی نقصان دہ اثرات نہیں۔(محمدصغیر‘ بہاولنگر)
درازی عمر اور قلب کو توانا رکھنے کیلئے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری رسالہ بہت ذوق شوق سے پڑھتی ہوں اور آج میں قارئین کیلئے بادام کے کچھ فوائد لے کر حاضر ہوئی ہوں۔ بادام غذا کا نہایت اہم جز ہے اور خشک پھلوں میں بادام کو امتیازی حیثیت حاصل ہے‘ بادام میں مواد لحمیات کی مقدار گوشت سے زیادہ ہوتی ہے‘ جسم کے افعال درست رکھنے اور صحت کے محافظ اجزا بھی بادام میں نہایت وافر مقدار میں ہوتے ہیں۔ بادام کو صرف غذا کے طور پر استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ یہ ایک بہترین دوا اور ٹانک بھی ہے۔ گرمیوں اس کو پیس کر ٹھنڈائی کے طور پر اور جاڑوں میں حریرے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ گلے کی خشکی میں اس کو چبانا گلے کو صاف کرتا ہے اور خراش کو دور کرتا ہے۔ دودھ کی کمیابی کی صورت میں یہ دودھ کا بہترین بدل ہے۔ میٹھے بادام بہت لذیذ ہوتے ہیں اور انہیں ذیابیطس کے مریض اعلیٰ غذا کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ سات عدد بادام ایک تولہ مصری کے ساتھ رات کو سوتے وقت کھالیے جائیں تو اس سے نظر تیز ہوتی ہے اور دماغ کو طاقت حاصل ہوتی ہے۔ بادام کی گریاں سات عدد مصری چھ ماشہ اور سونف چھ ماشہ کوٹ کر سفوف بنائیں اور ہر روز رات کو سوتے وقت گرم دودھ سے استعمال کریں انشاء اللہ عینک سے چھٹکارا مل جاتا ہے۔ یہ نسخہ متواتر استعمال کریں اگر حاملہ عورت ساتویں مہینے سے چھوٹا چمچہ بادام روغن رات کو استعمال کرنا شروع کردے تو بچے کی پیدائش میں سہولت ہوتی ہے۔ پانی میں بھیگے ہوئے بادام چھ عدد لے کر خوب باریک کردیں اور جوش کھاتے ہوئے آدھا کلو دودھ میں ملادیں جب دو تین جوش آجائیں تو دودھ آگ سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں اور جب پینے کے لائق ہوجائے تو مصری یا دیسی کھانڈ ملائیں لیکن شہد ملانے سے یہ نہایت خوش ذائقہ اور مقوی ہوتا ہے صرف دماغ ہی نہیں پورے جسم کی پرورش کرتا ہے۔ کڑوا بادام: تلخ بادام شکل میں شیریں بادام جیسا ہوتا ہے اسے زیادہ تر چہرے کو نکھارنے اور جھائیں دور کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔(سدرہ، ملتان)
گھر میں سکون لانے کا روحانی ٹوٹکہ
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میرے گھر میں ہروقت لڑائی جھگڑے چلتے رہتے تھے‘ کبھی میری اور میری اہلیہ اور کبھی میری اہلیہ اور میری ماں کی لڑائی ہوتی جس کی وجہ سے گھر کا سکون غارت ہوچکا تھا۔ میں پچھلے تین ماہ سے گھر میں سکون کیلئے فجر کی نماز کے بعد سورۂ والضحیٰ کا عمل کررہا ہوں۔ عمل یہ ہے کہ سورۂ والضحیٰ کی تلاوت شروع کرتا ہوں تو سورۂ والضحیٰ میں 9 مقامات پر لفظ ’’ک‘‘ ہے اور میں ہر ’’ک‘‘ پر 27 مرتبہ یَاکَرِیْمُ پڑھتا ہوں اور پڑھ کر سورۂ مکمل کرکے اللہ سے دعا مانگتا ہوں۔ اب بھی یہ عمل جاری ہے۔ اس عمل کی برکت سے میرے گھر میں کافی سکون آگیا ہے‘ لڑائی جھگڑے تقریباً ختم ہوچکے ہیں۔ میرا اب گھر میں دل بھی لگنا شروع ہوگیا ہے۔ (ج،ذ)
سالہا سال کی معذور ایک ٹوٹکے سے ٹھیک
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ آپ کو اور آپ کے خاندان کو اپنے فضل میں رکھے‘ آمین ثم آمین۔ آپ کا عبقری سب میگزین میں سے اچھا ہے۔ یہ رسالہ ہر کسی کو پسند ہے‘ عبقری میری بھتیجی سکول بھی لےکر جاتی ہے‘ کراچی تک اپنے رشتہ داروں کو ہم نے رسالہ بھیجا ہے۔ میری بہن جس کی شادی مردان میں ہوئی ہے اس کو بھی بہت پسند ہے۔ میرے پاس دو ٹوٹکے ہیں جو میں قارئین کی نذر کررہا ہوں:۔
پہلا واقعہ: میری پھوپھی جس کی عمر اسی سال ہے وہ کہتی ہےکہ جب میں چھوٹی سی تھی تو عید کا دن تھا تو میں بیمار ہوگئی میری دادی نے جاکر حجام کو بلایا تو حجام نے آکر میری پھوپھی کےبائیں بازو سے رگ کاٹ دی اور اس میں سے کالا خون نکالا‘ پھر جب سرخ خون نکلنے لگا تو حجام نے روئی کے ساتھ خون کو بند کردیا تو تین دن کے بعد میری پھوپھی صحت یاب ہوگئی۔
دوسرا واقعہ: میری دادی کی مامی معذور ہوگئیں تھیں۔ ان کی ٹانگوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ ان کو ان کی نند سنبھالتی تھی۔ پیشاب بھی چارپائی پر ہوتا تھا اور چل نہیں سکتی تھی۔ ان کو موشن بھی لگے ہوئے تھے۔ ایک دفعہ میری مامی کی نند نے میتھی کا ساگ لاکر ان کی چارپائی کے پاس رکھ دیا جب ان کی نند باہر گئی تو رات کا وقت تھا تو انہوں نے میتھی کا ساگ لے کرکھالیا اور جب صبح ہوئی تو سب نے ان سے پوچھا کہ کیا کھایا ہے تو وہ ڈر سے نہیں بتاتی تھی کہ کہیں مجھے ماریں نہ، تو انہوں نے ڈرتے ڈرتے بتادیا کہ رات کو آپ یہاں میتھی کا ساگ رکھ گئیں تھیں تو وہ میں نے کھایا ہے تو اس کے ساتھ ان کے جو موشن تھے وہ ختم ہوگئے۔ ان کی نند پھر ہر روز ان کو میتھی کا ساگ ابال کر دیتیں تھیں اور اسے کبھی ایسے ہی کھلاتی تھیں تو پانچ سالوں کی بیمار جو کسی چیز کے ساتھ ٹھیک نہیں ہوئی تھی۔ آج میتھی کے ساتھ بالکل صحت یاب ہوگئی، ان کی ٹانگیں بھی ٹھیک ہوگئیں اور وہ چلنےپھر نےبھی لگ گئی ہیں۔ (فاطمہ فرید، حفصہ فیاض)
طبی ٹوٹکے اور عبقری کی ادویات کے فوائد وکمالات
دانتوں کے درد کیلئے اور مختلف امراض دندان کیلئے مفید اور میرا آزمودہ نسخہ ہے۔ کافی دفعہ استعمال کیا فائدہ پایا۔ بےنظیر منجن: دانتوں اور مسوڑھوں کے بہت سے امراض مثلاً دانتوں کا ہلنا‘ پانی لگنا‘ درد‘ میل کا جمنا‘ خون اور پیپ کا آنا، مسوڑھوں کا پھولنا‘ دانتوں کا کیڑا وغیرہ دور کرنا اور دانتوں کو صاف وچمکدار بناتا ہے۔ ھوالشافی: سرمہ سفید، سلیکھڑی، چھلکا مولسری خشک چاروں ہم وزن لے کر کوٹ چھان کر محفوظ رکھیں اور استعمال کریں انشاءاللہ فائدہ ہوگا۔نسخہ نمبر2: صرف پھٹکڑی پانی میں ڈال کر صبح و شام پانی کی کلی کریں‘ منہ سے بدبو اور درد وغیرہ ختم ہوگا۔
بے اولاد کورس اور دم کیا ہوا شہد اور دوائی:میں نے جب شادی کی تو پہلے مہینے جب میں نے اپنےجراثیم چیک کروائے تو لیبارٹری میں پانچ فیصد زندہ باقی مردہ نکلے۔ پھر سعودی عرب گیا وہاں سےعلاج کروایا تو چالیس فیصد زندہ ہوگئے۔ جولائی 2013ء کو واپسی ہوئی اور کچھ عرصہ بعد میں نے بے اولاد کورس اور دم کیا ہوا شہد اور دوائی خریدی۔ ان ادویات کے دو کورس استعمال کیے‘ امید رکھی‘ اللہ سے دعائیں کرتا رہا۔ کچھ عرصہ کے استعمال سے اللہ نے مہربانی فرمائی اور میری بیوی کا حمل ٹھہر گیا اور اب تیسرا مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ محترم حضرت حکیم صاحب! آپ کا بہت بہت شکریہ کہ آپ نے اتنی محنت سے اتنی خالص ادویات کو تیار کیا‘ اللہ مزید برکت دے اور ہمت بھی دے۔ آمین!
شوگر کا نسخہ بنایا‘ کھایا لاجواب پایا
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! دعا ہے کہ آپ کو اللہ تعالیٰ عمرخضر عطا کرے تاکہ آپ مخلوق خدا کی اسی طرح خیرخواہی کرتے رہیں۔ آمین۔ میں پچھلے تین ماہ سے عبقری کی قاریہ ہوں اور کوشش کرتی رہتی ہوں کہ اس میں لکھی باتوں پر عمل کروں۔ میں نے اس میں موجود ایک شوگر والا نسخہ بھی بنایا اور استعمال کیا جس سے مجھے بہت زیادہ فائدہ ہورہا ہے۔ میری شوگر کی دوائی مکمل چھوٹ گئی ہے۔ میں صرف یہی نسخہ استعمال کررہی ہوں اور میری شوگر مکمل کنٹرول میں ہے۔خاص کر یہ ٹوٹکہ شوگر کے زخموں کیلئے لاجواب ہے‘ اگر شوگر کے زخم آخری سٹیج پر پہنچ چکے ہوں ڈاکٹر وںنے جسم کا وہ حصہ کاٹنے کا کہہ دیا ہوبس صرف یہی ٹوٹکہ آزمائیں اور حضرت حکیم صاحب اور مجھے دعاؤں میں یاد رکھیں۔
نسخہ یہ ہے ھوالشافی: لہسن دیسی چھلا ہوا آدھا چھٹانک‘ ادرک دیسی سبز ایک چھٹانک‘ پودینہ دیسی سبز ایک چھٹانک اور انار دانہ کھٹا ایک چھٹانک‘ اگر ادرک اور پودینہ سبز نہ ملے تو خشک بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ ایک چمچ صبح ،دوپہر، شام ناشتے اور کھانے کے ساتھ یہ استعمال کریں۔ (ش، راولپنڈی)
قبض سے یقینی نجات
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! مجھے قبض کی کافی عرصہ سے شکایت تھی‘ میں نے کافی عرصہ اس کا علاج کروایا مگر صرف وقتی فائدہ ہوتا۔ پھر میں نے ایک حکیم صاحب سے کیپسول لیے‘ استعمال کیے تومیرا پیٹ بالکل صاف ہوگیا جن حضرات کا پیٹ صاف نہیں ہوتا ان کیلئے یہ نسخہ لاجواب ہے۔ ان حکیم صاحب سے یہ نسخہ لیا اور عبقری قارئین کیلئے لکھ دیا۔ ھوالشافی: عصارہ اور ریوندچینی ہموزن لے کر درمیانے سائز کے کیپسول بھرلیں اور صرف رات کو سوتے وقت ایک کیپسول نیم گرم پانی سے کھانا ہے۔ نوٹ: اس سے زیادہ استعمال نہ کریں ورنہ اکثر معدہ کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے۔ اب میں آتا ہوں قبض سے نجات کی طرف‘ عبقری ماہ فروری 2013 کے صفحہ نمبر 22 پر درج ذیل نسخہ پڑھا‘ اس کو بنایا تو لاجواب فائدہ ہوا۔ نسخہ درج ذیل ہے:۔
ھوالشافی:تخم بارتنگ‘ اسپغول ثابت‘ تخم ریحان‘ کنوچہ۔ چاروں ادویات ہم وزن خریدیں انہیں اچھی طرح صاف کرلیں۔ پھر ملا کر کسی شیشے کی کھلی منہ والی بوتل میں ڈال دیں ایک چمچ صبح اور ایک شام کھانے کے بعد پانی سے کھائیے۔ دن بھر میںآٹھ سے دس گلاس تک پانی پیجئے۔ آٹھ دس دن گزرنے کے بعد دو دن ناغہ کیجئے تاکہ پتہ چلے کہ قدرتی اخراج صحیح ہوا ہے یا نہیں۔ قبض کا احساس ہو تو پھر استعمال کرنا شروع کردیں۔ یہ دوا بے ضرر ہے۔ عمر رسیدہ حضرات بلا کھٹکے کھاسکتے ہیں۔(غلام احمد)
بے اولاد حضرات کیلئے سوفیصد کامیاب عمل
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میرے پاس بے اولاد حضرات کیلئے ایک تجربہ شدہ عمل ہے‘ انشاء اللہ جو بھی کرے گا اللہ تعالیٰ اسے اولاد نرینہ کی نعمت سے نوازے گا۔ حسب توفیق صدقہ کرکے اول و آخر پانچ بار درود شریف پڑھ کر سورۂ توبہ پڑھیں۔ پھر ہر نماز کے بعد رَبِّ لَا تَذَرْنِیْ فَرْدًا وَّ اَنْتَ خَیْرُ الْوٰرِثِیْنَ ﴿الانبیاء۸۹﴾ سوبار پڑھیں۔ پھر تین عدد بادام (ثابت گری) ٹوٹے ہوئے نہ ہوں۔ ان پر تین ہزار مرتبہ نماز عشاء کے بعد یَاجَبَّارُ پڑھیں۔ دو بادام مرد کھالے، ایک بادام عورت کھالے۔ یہ مکمل عمل گیارہ دن کرنا ہے۔ انشاء اللہ پہلے ہی مہینے اللہ کرم کردے گا۔ اگر پہلے مہینے بات نہیں بنی تو دوسرے مہینے خاص ایام کے بعد درج بالا طریقے پر دوبارہ عمل کریں۔ اگر کسی وجہ سے دوسری مرتبہ بھی بات نہیں بنی یعنی حمل نہ ٹھہرا تو تیسرے مہینے لازمی اللہ کریم کرم کردیتے ہیں۔ تجربہ شدہ ہے۔ یہ سارا پڑھائی کاکام عورت نے کرنا ہے‘ خاص دنوں سے فارغ ہونے کے بعد۔ نوٹ: دوران عمل میاں بیوی کیلئے کسی قسم کا کوئی پرہیز نہیں ہے۔ (ڈاکٹر اشرف‘ گوجرانوالہ)
گھر میں رزق کی ریل پیل کا آزمودہ ٹوٹکہ
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!اللہ پاک آپ پر اور آپ کی اولاد پر اپنی رحمتوں کا نزول فرمائے اور آپ کو جنت میں بلند درجہ عطا فرمائیں۔ آمین! میں نے آیۃ الکرسی کو آزمایا ہے اور میرا ذاتی تجربہ ہے اگر آیۃ الکرسی کو روزانہ صبح و شام سات مرتبہ پڑھ لیا جائے تو انسان خطرناک حادثات سے بچ جاتا ہے اور جانی اور مالی نقصان نہیں ہوتا۔
دوسرا عمل جو میں نےآزمایا ہے وہ یہ ہے کہ ہمارے گھر میں پہلے بہت بے برکتی تھی‘ روزانہ لڑائی جھگڑا ہوتا تھا کوئی بھی چیز لاتے تو کچھ عرصہ میں ہی خراب ہوجاتی‘ کسی فرد کا نماز پڑھنے کو دل نہیں کرتا‘ پھر میں نے عبقری میں سورۂ مؤمنون کی آخری چار آیات اور اذان سات سات مرتبہ ہر گھنٹے بعد پڑھنے کا پڑھا‘ میں نے یہ عمل کرنا شروع کردیا‘ آپ یقین مانیں کہ کچھ ہی عرصہ کے بعد ہمارے گھر کے حالات بدل گئے‘ رزق میں اضافہ ہوگیا‘ برکت آگئی‘ لڑائی جھگڑا ختم ہوگیا اور اب سب گھر والے نماز پڑھتے ہیں۔ (فصیح الدین‘ ایبٹ آباد)

 

Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 703 reviews.