حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے حضور نبی اکرم ﷺ کا ارشاد نقل کیا ہے کہ میری امت کو رمضان المبارک کے بارے میں پانچ چیزیں مخصوص طور پر دی گئی ہیں جو پہلی امتوں کو نہیں ملی ہیں۔ 1۔ ان کے منہ کی بدبو اللہ کے نزدیک مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے۔ 2۔ ان کیلئے دریا کی مچھلیاں تک دعا کرتی ہیں اور سحری سے لے کر افطار تک کرتی رہتی ہیں۔ 3۔ جنت ہر روز ان کیلئے آراستہ کی جاتی ہے پھر حق سبحانہ فرماتے ہیں کہ قریب ہے کہ میرے نیک بندے (دنیا کی) مشقیں اپنے اوپر سے پھینک کر تیزی طرف آئیں۔ 4۔ اس میں سرکش شیاطین قید کردئیے جاتے ہیں کہ وہ رمضان میں ان برائیوں کی طرف نہیں پہنچ سکتے جس کی طرف غیررمضان میں پہنچ سکتے ہیں۔ 5۔ رمضان کی آخری رات میں روزہ داروں کیلئے مغفرت کی جاتی ہے صحابہ رضوان اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین نے عرض کیا کہ یہ شب مغفرت شب قدر ہے؟ فرمایا نہیں بلکہ دستور یہ ہے کہ مزدور کو کام ختم ہونے کے وقت مزدوری دے دی جاتی ہے۔ (مسند احمد بزار)آپ ﷺ کے بددعا دئیے گئے تین شخص:حضرت کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ بن عجرہ کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ منبرکے قریب ہوجاؤ ہم لوگ حاضر ہوگئے جب حضور ﷺ نے منبر کے پہلے درجہ پر قدم مبارک رکھا تو پھر فرمایا آمین۔۔۔ جب منبر کے دوسرے درجہ پر قدم مبارک رکھا تو پھر فرمایا آمین۔۔۔ جب تیسرے درجہ پر قدم رکھا تو پھر فرمایا آمین۔۔۔ جب آپ خطبہ سے فارغ ہوکر نیچے اترے تو ہم نے عرض کیا کہ ہم نے آج آپ سے (منبر پر چڑھتے ہوئے) ایسی بات سنی جو پہلے کبھی نہیں سنی تھی‘ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اس وقت جبرائیل علیہ السلام میرے سامنے آئے تھے جب پہلے درجہ پر میں نے قدم رکھا تو انہوں نے کہا کہ ہلاک ہو جو وہ شخص جس نے رمضان کا مبارک مہینہ پایا پھر بھی اس کی مغفرت نہ ہوئی‘ میں نے کہا آمین۔ پھر جب میں نے دوسرے درجہ پر قدم رکھا تو جبرائیل (علیہ السلام) نے کہا ہلاک ہو وہ شخص جس کے سامنے آپ ﷺ کا ذکر مبارک ہو اور وہ آپ ﷺ پر درود نہ بھیجے۔ میں نے کہا آمین۔ جب میں نے تیسرے درجہ پر قدم رکھا تو جبرائیل (علیہ السلام) نے کہا ہلاک ہو وہ شخص جس کے سامنے اس کے والدین دونوں یا ان میں سے کوئی ایک بڑھاپے کو آئیں اور وہ ان کی خدمت کرکے جنت میں داخل نہ ہوجائے۔ تو میں نے کہا آمین۔ (حاکم)۔ دس لاکھ کی جہنم سے آزادی: اللہ تعالیٰ رمضان میں ہر روز دس لاکھ کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے اور جب رمضان المبارک کی 29 ویں شب ہوتی ہے تو مہینے بھر میں جتنے آزاد کیے ان کے مجموعہ کے برابر اس ایک رات میں آزاد کرتا ہے پھر جب عیدالفطر کی رات آتی ہے تو ملائکہ خوشی کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنے نور کی خاص تجلی فرماتا ہے اور فرشتوں سے فرماتا ہے اے گروہ ملائکہ! اس مزدور کا کیا بدلہ ہے جس نے پورا کام کرلیا‘ فرشتے عرض کرتے ہیں اس کو پورا اجر دیا جائے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے میں تمہیں گواہ کرتا ہوں کہ میں نے ان سب کو بخش دیا۔ (اصبہانی)۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں