Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

روحانی بیماریوں كا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - نومبر2013ء

پسند کی نوکری

میری عمر اکیس سال ہے اور میں نے گریجویشن کیا ہوا ہے لیکن کافی عرصہ سے بیروزگار ہوں‘ کافی کوشش کے باوجود پسند کی نوکری نہیں ملی‘ گھر والوں کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ کاروبار کراسکیں کوئی بابرکت اسم یا وظیفہ تجویز فرمائیں۔ (نعیم‘ ملتان)
جواب: جو بھی ملازمت آپ کی دلچسپی اور لیاقت کے قریب تر ہو اسے کرلیں مخصوص نوکری پر اصرار نہ کریں‘ کوئی وجہ نہیں کہ آپ کے حال میں ترقی نہ ہو‘ آدمی ایک درجے سے دوسرے درجے اور ایک حال سے دوسرے حال میں ترقی کرتا ہے۔ مشہور ہے کہ راہ سے راہ نکلتی ہے‘ نماز کی پابندی کریں اور نماز فجر کے بعد سو مرتبہ یَابَاسِطُ پڑھ کر دعا کیا کریں۔ انشاء اللہ قدرت کی طرف سے دست گیری ہوگی۔

خواب میں ڈر

میری پانچ سال کی بیٹی خواب میں بہت ڈرتی ہے‘ کبھی سوتے میں بولتی ہے اور آواز بلند ہوجاتی ہے‘ بخار کی حالت میں یہ کیفیت زیادہ ہوجاتی ہے‘ کبھی نیند سے بیدار ہونے کے بعد اس طرح ماحول کو دیکھتی ہے جیسے وہ اس کیلئے اجنبی ہو۔ (سیما‘ راولپنڈی)
جواب: علی الصبح دو تین عمدہ کھجوروں پر اکتالیس مرتبہ یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ دم کرکے کھلایا کریں۔ شام کے وقت پانی پر اکتالیس مرتبہ یَااَللہُ یَارَبُّ یَارَحِیْمُ دم کرکے پلائیں نیز ایک کاغذ پرہُوَ اللہُ الْخٰلِقُ الْبَارِیُٔ الْمُصَوِّرُ لَہُ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰی(الحشر24) لکھ کر اور اس کاغذ پر سو بار یہی الفاظ دم کرکے کاغذ تکیہ کے اندر رکھ دیں‘ خیال رہے کہ یہ تکیہ بچی کے علاوہ کوئی دوسرا شخص استعمال نہ کرے انشاء اللہ ان حالات و کیفیات کا ازالہ ہوجائے گا۔

چہرے کے نقوش

میں کالج کی طالبہ ہوں‘ دن بدن میرے احساسات گہرے ہوتے جارہے ہیں‘ کسی سے بات کرتے ہوئے اپنے تاثرات پر قابو نہیں پاسکتی‘ محسوس ہوتا ہے کہ میرے چہرے کے نقوش گڈمڈ ہورہے ہیں‘ میری آنکھیں بھی قابو میں نہیں رہتیں‘ بُری طرح گھبرا جاتی ہوں‘ دل تیز دھڑکنے لگتا ہے۔ (رخسانہ‘ لاہور)
جواب: آپ کے اندر نروس ہونے کی کیفیت غالب ہے‘ اسی وجہ سے آپ اپنے احساسات و افعال پر قابو حاصل کرنے میںناکام رہتی ہیں۔ اسم ذات اللہ کو ایک عمدہ کاغذ پر خوش خط نیلی روشنائی سے لکھ کر کسی گتے پر چسپاں کرلیں‘ رات کو سونے سے پہلے اور صبح بیدار ہونے کے بعد پانچ فٹ کے فاصلے سے اسم اللہ کو نظریں جما کر دیکھا کریں‘ دیکھتے وقت کوشش کریں کہ پلکیں نہ جھپکیں لیکن کوشش کے باوجود پلکیں جھپک جائیں تو بھی عمل کو جاری رکھیں اور دس دس منٹ دیکھا کریں۔ نیز دیکھتے وقت آہستگی کے ساتھ دل ہی دل میں اللہ اللہ کو پڑھتی بھی رہیں۔ کم از کم چالیس دن یہ عمل کیا جائے درمیان میں اگر کچھ دن مجبوراً رہ جائیں تو بعد میں پورے کرلیں۔

دلی سکون ختم

اللہ تعالیٰ‘ رسولﷺ اور مذہب کے بارے میں طرح طرح کے ناپسندیدہ خیالات ذہن میں وارد ہوتے ہیں اور یہ کیفیت غیر اختیاری ہوتی ہے۔ اس صورتحال نے میرے ضمیر کو بے چین کردیا ہے اور دلی سکون رخصت ہوچکا ہے کوئی ایسی تدبیر بتائیں جس سے یہ کیفیت ختم ہوجائے اور پہلے جیسا سکون لوٹ آئے۔ (جاوید اختر‘ قصور)
جواب: رات کو زیادہ وقت اندھیرے میں گزاریں اس طرح کہ جس جگہ موجود ہوں وہاں کی بتیاں بند کردیں ضروری کام سے روشنی میں آنا پڑے تو کوئی حرج نہیں ہے تاہم کام کے بعد اندھیرے میں چلے جائیں ایک وقت مقرر کرکے اندھیرے میں سورۂ فاتحہ کو اکیس مرتبہ پڑھیں اور اپنے قلب پر دم کرلیا کریں۔ تین ہفتے تک اس پروگرام پر عمل پیرا رہیں‘ ناپسندیدہ خیالات پر کوئی توجہ نہ دیں انہیں آنے سے نہ روکیں بلکہ ان کی طرف سے لاتعلق ہوجائیں چند ہفتوں میں یہ کیفیات ختم ہوجائیں گی۔

پڑھائی میں دلچسپی

میری آٹھ سالہ بیٹی ضدی بہت ہے‘ پہلے شوق سے سکول جاتی تھی اب دو ماہ سے سکول جانے سے گریزاں ہے اور پڑھائی میں بھی دلچسپی برائے نام رہ گئی ہے زیادہ تر کھیل کود میں مگن رہتی ہے ہر طرح سے سمجھا کر دیکھ لیا ہے لیکن کسی طرح اس کی روش تبدیل نہیں ہوئی۔ (صابرہ‘ پشاور)
جواب: بچوں کیلئے تعلیم اور کھیل دونوں ضروری ہیں‘ تعلیم میں دلچسپی نہ ہو یا ڈر خوف کا عنصر شامل ہو تو بچہ پڑھنے لکھنے سے گریزاں رہتا ہے‘ ان دونوں باتوں کو حالات کے مطابق مدنظر رکھنا ضروری ہوتا ہے‘ رات کو جب بچی گہری نیند سو جائے تو سرہانے کھڑے ہوکر ایک مرتبہ سورۂ کوثر اتنی بلند آواز سے پڑھیں کہ نیند خراب نہ ہو پھر بچی کو سر پر دم کردیا کریں۔ کم از کم چالیس دن یہ عمل کیا جائے نیز دن میں دو مرتبہ پانی یا کسی بھی مشروب پر اکیس مرتبہ یَارَحِیْمُ دم کرکے پلائیں۔

خراب جلد

پیدائشی طور پر میری جلد خراب ہے‘ خاص کر سردیوں میں جسم پر خشکی ہوجاتی ہے اور چھلکوں کی صورت میں نکلتی ہے‘ طبیب کہتے ہیں کہ جسم کا نظام جو چکنائی کو کنٹرول کرتا ہے درست کام نہیں کرتا ہر طرح کی تدبیر اختیار کی ہے لیکن کوئی قابل ذکر فرق نہیں پڑا جلد موٹی ہے اور جھریاں بھی زیادہ ہیں‘ ناخنوں کے دونوں اطراف پھٹی رہتی ہے اور پیر کی ایڑیاں پورے سال پھٹی رہتی ہیں۔ اگر نہانے کے بعد تیل نہ لگایا جائے تو جلد پر خراشیں پڑجاتی ہیں اور خون رسنے لگتا ہے۔ (ضیاء الحسن‘ اوکاڑہ)
جواب: بہت سی غذائیں اور ادویات اس معاملے میں مفید ثابت ہوتی ہے‘ دفتر کے پتے پرخط لکھ کر تفصیل معلوم کرلیں‘ روحانی استعداد کیلئے نوانچ لمبے اور چھ انچ چوڑے عمدہ کاغذ پر حرف ’’ل‘‘ قطاروں میں نیلی روشنائی سے لکھیں یہاں تک کہ کاغذ پُر ہوجائے اس کاغذ کو کسی گتے یا بورڈ پر چسپاں کرلیں تاکہ رکھنے میں آسانی ہو رات کو سونے سے پہلے صبح بیدار ہونے کے بعد اور شام کے وقت پانچ چھ فٹ کے فاصلے سے اس کاغذ کو نظریں جما کر مسلسل دس منٹ تک دیکھا کریں‘ غذا میں نمک کم استعمال کیا جائے اور مرچ مصالحوں کی

کمزوری نظر

میری عمر چودہ سال ہے اور اس کم عمری میں بینائی کافی کمزور ہوگئی ہے‘ تقریباً سات سال کی عمر میں خسرہ کا مرض ہوا جس کی وجہ سے دور اور نزدیک دونوں کی نظر متاثر ہوئی صحت بھی زیادہ اچھی نہیں رہی شاید اسی وجہ سے بینائی پر مزید اثر پڑا اور کمزوری میں اضافہ ہوگیا۔ میں ایک طالب علم ہوں اور آنکھوں سے زیادہ کام لینا پڑتا ہے عینک کے بغیر دھندلا دکھائی دیتا ہے‘ روشن بلب بہت لمبا دکھائی دیتا ہے‘ روشنی مسخ صورت میں لمبی اور دور تک دکھائی دیتی ہے۔ (شمریز‘ کوئٹہ)
جواب: بصارت کیلئے جو احتیاطی تدابیر ضروری ہیں ان پر عمل کیا جائے مثلاً غذا میں ایسی اشیاء مستقلاً شامل رکھیں جو بصارت کیلئے فائدہ مند ہیں نیز جو باتیں بصارت کو متاثر کرتی ہیں ان سے اجتناب ضروری ہے‘ مثلاً بہت کم روشنی میں پڑھنا‘ جھک کر پڑھنا یا کام کرنا‘ پڑھتے وقت کتاب کا فاصلہ کم رکھنا یا لیٹ کر پڑھنا وغیرہ وغیرہ ان تمام باتوں کے ساتھ ساتھ مندرجہ ذیل باتوںپر عمل کریں۔
صبح سورج نکلتے وقت کسی ایسی جگہ کھڑے ہوجائیں جہاں سے نکلتا ہوا سورج نظر آسکے سورج نکلنے سے پہلے افق کی روشنی پر بغیر عینک کے نظر جمائیں اور جب سورج نمودار ہو تو آنکھیں بند کرلیں۔ آہستگی سے سانس اندر لیں اور تصور کریں کہ سورج کی توانائی آپ کے چہرے کے راستے آپ کے اندر جذب ہورہی ہے پھر سانس باہر نکال دیں۔ اسی طرح سانس کا عمل متواتر دس منٹ تک جاری رکھیں بعدازاں یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ اَلْحَقُّ اَلنُّوْرُ اکتالیس مرتبہ پوری یکسوئی کے ساتھ پڑھ کر انگلیوں پر دم کریں اور انگلیاں آنکھوں پر پھیرلیا کریں رات کو سونے کیلئے لیٹیں تو آنکھیں بند کرکے دماغ کو تمام خیالات سے خالی کرکے توجہ دماغ کے اندر مرکوز کریں اور یَابَصِیْرُ کا ورد کرتے رہیں یہاں تک کہ سوجائیں انشاء اللہ بصارت کو فائدہ ہوگا۔

جسمانی وذہنی صحت

جسمانی اور ذہنی صحت تلپٹ ہوگئی ہے دل گھبراتا ہے اور آنکھوں کے آگے اندھیرا آجاتا ہے‘ نظام ہاضمہ خراب رہتا ہے اور جسم میں درد محسوس ہوتا ہے کبھی سردرد ہوجاتا ہے اور کبھی کان بند محسوس ہوتے ہیں‘ دماغ میں سنسناہٹ سی محسوس ہوتی ہے ہر وقت اپنی بیماری کا خیال دل و دماغ پر مسلط رہتا ہے‘ جسم اندر سے کانپتا ہے اور دل ڈوبتا ہے‘ طبیب کہتے ہیں کہ آپ سوچنا ترک کردیں ہروقت یوں لگتا ہے کہ کچھ ہونے والا ہے‘ دم گھٹنے لگتا ہے۔ (حرا مریم)
جواب: صبح ناشتے سے نصف گھنٹہ قبل صرف ایک چٹکی کلونجی پر چھیاسٹھ مرتبہ یَااَللہُ یَارَحِیْمُ یَامُرِیْدُ یَااَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ دم کرکے پانی کے ذریعے نگل لیا کریں‘ غذامیں پرہیز و احتیاط ضروری ہے۔ ثقیل باسی زیادہ جلی اور پکی ہوئی چیزیں نہ کھائیں‘ تیز نمک اور مصالحوں سے بھی پرہیز کریں اس عمل کو چالیس دن کیا جائے‘ جتنا آسانی سے ہوسکے دل ہی دل میں یَاسَلَامُ کا ورد کیا کریں۔

ذکرالٰہی کی کشش

میں اپنی واردات قلبی کو مختصر بیان کررہی ہوں اور اس کے متعلق مشورے کی طالب ہوں‘ بولنے کو جی نہیں چاہتا اور ذکر الٰہی کی طرف کشش محسوس ہوتی ہے‘ زبان سے جو ذکر کرتی رہتی ہوں سوتے جاگتے ذات باری تعالیٰ کا خیال آتا ہے اور کشش محسوس ہوتی ہے‘ دل چاہتا ہے کہ زیادہ وقت اللہ تعالیٰ کا خیال دل و دماغ پر چھایا رہے‘ رات کو سوتے میں اکثر خانہ کعبہ کی زیارت ہوتی ہے‘ دو مرتبہ حضور نبی اکرم ﷺ کی خواب میں زیارت کرچکی ہوں۔ تلاوت قرآن مجید یا نعت سن کر روحانی طور پر وجد محسوس کرتی ہوں‘ کلمات مقدسہ کی آوازیں کانوں میں گونجتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔ (عائشہ‘ کراچی)
جواب: ان واردات کیفیات سے تشویش یا خوف میں مبتلا نہ ہوں روزانہ رات کو سونے سے پہلے ایک مرتبہ سورۂ فاتحہ اور سات مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھ کر سوجایا کریں جو کچھ پیش آئے اسے ڈائری کی شکل میں قلم بند کرتی رہیں اور ہر ماہ بذریعہ خط ارسال کردیا کریں تاکہ مزید کچھ عرض کیا جاسکے۔

معاشی تنگی

جب سے ہوش سنبھالا ہے خود کو پریشان پایا ہے‘ ایک عرصہ سے دماغی عارضے میں مبتلا ہوں‘ہمیشہ معاشی تنگی رہتی ہے‘ ان د ونوں باتوں نے زندگی کو بہت مشکل بنادیا ہے۔ (محمد شعیب‘ بہاولپور)
جواب: صبح اور رات کو پانی پر اکتالیس مرتبہ یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ بِرَحْمَتِکَ اَسْتَغِیْثُ دم کرکے پیا کریں ایک سادہ سفید شیٹ (جس کا سائز نو انچ لمبا اور چھ انچ چوڑا ہو) لیں اس کے درمیان میں گہرے کالےرنگ سے جلی حروف میں لفظ اللہ لکھوالیں رات کو سونے سے پہلے اور صبح بیدار ہونے کے بعد دس دس منٹ تک اس شیٹ کو دیکھا کریں اس طرح کہ شیٹ کو پانچ چھ فٹ کے فاصلے پر رکھ دیں اور دس منٹ تک نظریں جما کر تحریر کو دیکھتے رہیں‘ نماز کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد اکیس مرتبہ یَابَاسِطُ پڑھ کر دعا کیا کریں۔

بھول جانے کی بیماری

جب بھی کتاب کھول کر پڑھنے بیٹھتی ہوں یوں لگتا ہے کہ دماغ ہل رہا ہے، چند منٹ کے بعد نظریں جماکر پڑھنا ممکن نہیں رہتا۔ کوئی چیز سنبھال کر رکھتی ہوں لیکن چند دن یا ہفتوں کے بعد بھول جاتی ہوں۔ (نغمانہ دلاور)
جواب: پہلے بصارت کا معائنہ کرالیں، اگر صحیح ہو تو روزانہ صبح بادام، کوزہ مصری اور سونف پر چھیاسٹھ مرتبہ یَااَللہُ یَاحَفِیْظُ یَارَحِیْمُ دم کرکے کھالیا کریں۔ علی الصباح گہری سانسیں لیا کریں اور پانچ سے دس منٹ تک آسمان پر نظریں مرکوز کرنا بھی فائدہ مند ہوگا۔ انشاء اللہ مذکورہ شکایات دور ہوجائیں گی۔

Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 137 reviews.